Inquilab Logo

آئی پی ایل میں نیلامی میں ۳۳۳؍کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ

Updated: December 18, 2023, 8:59 PM IST | New Delhi

اس سال کی نیلامی کیلئے کل۱۱۶۶؍ کھلاڑیوں نے اپنا اندراج کروایا تھا، جن میں سے ۳۳۳؍ کے نام شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں۔ ان میں ۲۱۴؍ ہندوستانی اور۱۱۹؍ غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔۱۱۶؍ کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلا ہے جبکہ۲۱۵؍ کھلاڑی ان کیپڈ نہیں ہیں

IPL Players.Photo:INN
آئی پی ایل کی نیلامی کے کھلاڑی۔ (تصویر:آئی این این)

انڈین پریمیرلیگ (آئی پی ایل) کے اگلے سیزن سے پہلے   منگل کو دبئی میں کھلاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی۔بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس سال کی نیلامی کیلئے کل۱۱۶۶؍ کھلاڑیوں نے اپنا اندراج کروایا تھا، جن میں سے ۳۳۳؍ کے نام شارٹ لسٹ کئے  گئے ہیں۔ ان میں ۲۱۴؍ ہندوستانی اور۱۱۹؍ غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔۱۱۶؍ کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلا ہے جبکہ۲۱۵؍ کھلاڑی ان کیپڈ نہیں ہیں۔ ۲؍ کھلاڑی  اسوسی ایٹ ممالک سے بھی ہیں۔ اس نیلامی کے ذریعے۱۰؍ ٹیموں میں مجموعی طورپر ۷۷؍کھلاڑی لئے  جائیں گے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے ۳۰؍ جگہیں مختص ہیں۔ یہ ایک چھوٹی سی نیلامی ہے۔ اس کے بعد اگلے سال ایک بڑی نیلامی ہوگی، جس میں آئی پی ایل۲۰۲۵ء کیلئےٹیمیں بنائی جائیں گی۔
  حال ہی میں گجرات ٹائٹنس نے ہاردک پانڈیا کو خرید کر ٹیم کا کپتان بنایا ہے۔ گجرات کے پاس سب سے زیادہ۳۸ء۱۵؍ کروڑ روپے ہیں، جس میں انہیں دو غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت ٹیم میں کل ۸؍ جگہیں پُر کرنی  ہیں۔ آئی پی ایل کی دوسری نئی ٹیم لکھنؤ سپر جائنٹس کے پاس۱۳ء۱۵؍ کروڑ روپے ہیں اور اسے ۲؍ غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت کل ۶؍ جگہ پُر کرنی ہیں۔ اس نیلامی میں زیادہ سے زیادہ ۲۶۲ء۹۵؍ کروڑ روپے خرچ کئے  جا سکتے ہیں۔۳۳۳؍کھلاڑیوں کو۱۹؍ مختلف سیٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں بلے بازوں، آل راؤنڈرس،  تیز گیندبازوں، اسپنرس، وکٹ کیپرس، اور کیپڈ اور ان کیپڈ کھلاڑیوں کے سب سیٹ شامل ہیں۔
 ۲۳؍کھلاڑیوں نے خود کو زیادہ سے زیادہ بیس پرائس۲؍ کروڑ روپے میں رکھا ہے، جس میں مشیل اسٹارک، ٹریوس ہیڈ، امیش یادو اور شاردُل ٹھاکر کے نام نمایاں ہیں۔۱۳؍ کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت ۱ء۵؍کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ بین اسٹوکس، جو روٹ اور جوفرا آرچر کی انگلش  تثلیث نے اس بار خود کو غیر دستیاب قرار دیا ہے جبکہ کیدار جادھو، لیٹن داس اور شکیب الحسن کا نام بھی نیلامی کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔اسٹارک کا نام ممکنہ طور پر اس فہرست میں سب سے اوپر ہو سکتا ہے۔ وہ ۸؍ سال بعد آئی پی ایل میں  لوٹ  رہے ہیں اور ان پر بڑی بولیاں لگائی جا سکتی ہیں۔ اس سال ورلڈ کپ کے ابھرتے ہوئے سپر اسٹار راچن رویندر کی بنیادی قیمت۵۰؍ لاکھ روپے ہے، لیکن ان کیلئے  بولی اس سے کئی گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ ہندوستان سے شاردُل ٹھاکر، ہرشل پٹیل اور شاہ رخ خان کا نام اس فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ اس نیلامی میں ارشین کلکرنی، کمار کشاگرا، مشیر خان، سمیر رضوی اور کچھ دوسرے نوجوان چہرے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق نیلامی کے اگلے دن سے ہی کھلاڑیوں کا دوبارہ ٹریڈ کیا جا سکتا ہے اور یہ آئی پی ایل سیزن شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل تک جاری رہ سکتا ہے۔ لیکن عام طور پر ایسا نہیں ہوتا اور نیلامی کے بعد ٹیمیں اپنے پلیئنگ الیون کی تیاری شروع کر دیتی ہیں اور کھلاڑیوں کے پری سیزن کیمپ شروع ہو جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK