• Sun, 07 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے ڈرا کا اعلان، میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی مقابلہ کھیلا جائےگا

Updated: December 07, 2025, 10:46 AM IST | Agency | Washington

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کیلئے جمعہ کی دیر رات  جان ایف کینیڈی سینٹر میں ڈرا مکمل ہو گیا، جس سے فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے پہلے ۴۸؍ٹیموں والے ایڈیشن کی تصویر صاف ہو گئی۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کیلئے جمعہ کی دیر رات  جان ایف کینیڈی سینٹر میں ڈرا مکمل ہو گیا، جس سے فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے پہلے ۴۸؍ٹیموں والے ایڈیشن کی تصویر صاف ہو گئی۔ کینیڈا، میکسیکو اور  امریکہ کی میزبانی میں ہونے والے فٹبال کے اس ’مہاکمبھ‘ میں ایک نئے گروپ فارمیٹ اور ریکارڈ تعداد میں میچ کھیلے جائیں گے۔
ڈرا کے دوران کئی سنسنی خیز مقابلوں کا خاکہ سامنے آیا۔ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے دور کے بعد کیلیان ایمباپے اور ارلنگ ہالینڈ فٹبال کے نئے سپر اسٹار بن چکے ہیں۔ ان کی ٹیموں فرانس اور ناروےکو گروپ ’آئی‘میں ایک دوسرے کے سامنے رکھا گیا ہے۔ افریقی دیو قامت ٹیم سینیگال بھی اسی گروپ میں شامل ہے۔ یورپی پلے آف (یوکرین/ سویڈن/ پولینڈ/البانیہ) کا فاتح اس گروپ کو اور بھی سخت بنا دے گا، جسے ماہرین پہلے ہی ’گروپ آف ڈیتھ‘ کہہ رہے ہیں۔
پچھلے ورلڈ کپ میں حیران کن کارکردگی  کا مظاہرہ کرنے  والے مراکش کو گروپ ’سی‘میں ۵؍ بار کے چمپئن برازیل کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ اس سے اسکاٹ لینڈ اور ہیتی پر دباؤ اور بڑھ گیا ہے۔ انگلینڈ اور کروشیا دونوں خطاب کے مضبوط دعویدار، گروپ ’ایل‘میں آمنے سامنے ہوں گے۔ وہیں، گھانا اور پاناما کے لئے یہ گروپ انتہائی چیلنجنگ ثابت ہو سکتا ہے۔اگر اٹلی یورپی پلے آف سے کوالیفائی کرتا ہے، تو وہ گروپ’بی‘ میں کینیڈا، قطر اور سوئزرلینڈ کے ساتھ شامل ہو جائے گا۔ایک ایسا گروپ جس میں یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ کون آگے بڑھے گا۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ میزبان سرزمین پر میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جنوبی کوریا بھی گروپ’اے‘ میں شامل ہے، ساتھ ہی ڈنمارک/ شمالی میسیڈونیا/چیک ریپبلک / آئر لینڈ کے درمیان ہونے والے یورپی پلے آف کا فاتح بھی اسی گروپ کا حصہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK