Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ میں جاپانی شائقین نے پھر مثال قائم کی، میچ کے بعد اسٹیڈیم صاف کیا

Updated: June 15, 2026, 9:58 PM IST | Mexico City

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں جاپان کے شائقین نے ایک بار پھر اپنی منفرد ثقافت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے بعد اسٹیڈیم کی صفائی کی۔ ان کا یہ عمل کھیل کے ساتھ احترام، نظم و ضبط اور سماجی شعور کی شاندار مثال سمجھا جاتا ہے۔

Japanese fans cleaning the stadium after the match. Photo: X
میچ ختم ہونے کے بعد جاپانی شائقین اسٹیڈیم صاف کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

جاپان نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنا پہلا میچ اتوار (۱۴؍جون) کو امریکہ کے شہر ڈلاس کے اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلا اور ایک حیران کن۲۔ ۲؍ کی برابری حاصل کی۔ جہاں کھلاڑیوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے مداحوں کے دل جیت لئے، وہیں شائقین نے بھی میزبان ملک کے احترام میں میچ کے بعد اسٹیڈیم کی صفائی کرکے اپنی ذمہ داری نبھائی۔ جاپانی شائقین اس بات کیلئے مشہور ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کے شریک ہونے والے مختلف مقابلوں میں میچ کے بعد اپنے بیٹھنے کے علاقے کو صاف کرتے ہیں، اور فیفا ورلڈ کپ بھی ان کی اسی ثقافت کی ایک اور مثال ہے۔ فیفا نے بھی اتوار کے میچ کے بعد شائقین کی صفائی کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک مداح نے اس عمل کی وجہ بھی بیان کی۔ 

جاپانی شائقین میچ کے بعد اسٹیڈیم کیوں صاف کرتے ہیں؟
فیفا کے آفیشیل ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں شائقین کو اپنے حصے کا کچرا نیلے تھیلوں میں جمع کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران ایک مداح نے اس روایت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:’’یہ ہماری ثقافت ہے۔ یہ ہر چیز کے احترام سے متعلق ہے، کھلاڑیوں کا احترام، دوسرے شائقین کا احترام، اور اسٹیڈیم کا احترام۔ ہمیں یہاں آنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، اس لئے ہم گندگی پھیلا کر اسے چھوڑنا نہیں چاہتے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ایسا کرتے ہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ :برازیل کا ریکارڈ پاش پاش: جرمنی نے عالمی ریکارڈ بنایا

یہ سوچ ایک مشہور جاپانی کہاوت’’Tatsu tori ato wo nigosazu‘‘ کی عکاسی کرتی ہے، جس کا لفظی ترجمہ ہے:’’پرندہ اپنے پیچھے کچھ نہیں چھوڑتا۔ ‘‘ اس کہاوت کا اصل مفہوم ہے: ’’جگہ کو ویسا ہی چھوڑو جیسا تم نے اسے پایا تھا۔ ‘‘
یہ نظریہ بچپن ہی سے لوگوں میں راسخ کیا جاتا ہے۔ جاپان کے اسکولوں میں بچے خود اپنی کلاسوں اور راہداریوں کی صفائی کرتے ہیں۔ ۲۰۱۸ءمیں بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے اسکاٹ نارتھ نے کہا:’’بچپن بھر مسلسل یاد دہانیوں کے باعث یہ رویے آبادی کے ایک بڑے حصے کی عادت بن جاتے ہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: والد کے احترام میں یاسین ایاری نے گول کرنے کا جشن نہیں منایا

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں جاپان کا شیڈول
(۱)جاپان اپنا دوسرا گروپ ایف میچ۲۰؍ جون کو تیونس کے خلاف ایسٹیڈیو مونٹیری میں کھیلے گا۔ 
(۲)اس کے بعد ۲۵؍جون کو گروپ مرحلے کے آخری میچ میں سویڈن کا سامنا دوبارہ ڈلاس اسٹیڈیم میں ہوگا۔ 
(۳)نیدرلینڈز کے خلاف۲۔ ۲؍ کے ڈرا کے بعد جاپان اس وقت گروپ میں سویڈن کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK