Inquilab Logo

فیفا ورلڈ کپ : تیسری پوزیشن کیلئے مراکش کا کروشیا سےمقابلہ

Updated: December 17, 2022, 3:03 PM IST | Doha

سیمی فائنل میں کروشیا اور مراکش کو شکست ہوئی تھی ۔ دونوں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنا چاہیں گے

photo;INN
تصویر :آئی این این

فیفا ورلڈ کپ میں فائنل سے قبل سنیچر کوتیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے پلے آف میچ کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں کروشیا اورمراکش خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔ خیال رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں کروشیا کو لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائنا نے شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو صفر۔۲؍ گول سے ہرا دیا تھا۔ یہ مراکش کیلئے اہم ہوگا کیونکہ اس نے پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ تاریخ رقم کردی تھی اور اگر وہ یہ میچ جیت جاتاہے تو ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن پر رہنے والا پہلا افریقی عرب ملک ہوگا۔ 
 ورلڈ کپ میں لوکا مارڈچ کا یہ آخری میچ ہوگا کیونکہ اگلے ورلڈ کپ میں ان کے کھیلنے کے امکانات کم ہیں۔ اس لئے وہ اس میچ کو یادگا ربنانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گے۔  خیال رہے کہ سرخ اور سفید لباس میں ملبوس کروشیا کے حامیوں نے اس لمحے کی اہمیت کو محسوس کیا اور اپنے ملک کے بہترین کھلاڑی کا استقبال کرنے کیلئے کھڑے ہو گئے۔ ارجنٹائنا کے شائقین بھی چمپئن کو الوداع کرنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے۔ ماڈرچ سے پہلے ان کے۳۷؍ سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اس فٹبال لیجنڈ کو الوداع کہہ دیا۔ دونوں نے کلب کے ساتھ متعدد خطاب اور ٹرافیز جیتی ہیں لیکن ورلڈ کپ جیتنے سے محروم رہے۔ ۴۰؍لاکھ ہم وطنوں نے اپنی امیدیں ماڈرچ سے وابستہ کیں، جنہوں نے ۴؍ سال قبل روس میں ٹیم کو فائنل تک پہنچادیا تھا۔ 
 مراکش اور کروشیا کے درمیان اب تک صرف ۲؍ میچ ہوئے ہیں اور ان میں سے کروشیا نے ایک میچ جیتاہے اور ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب سے کھیلنے والے کروشیا کے کھلاڑی ایوان پیرسیچ نے ۳؍ گول کئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہوفین ہیم فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے کروشیائی کھلاڑی اینڈریج کرامنارچ نے بھی اس ٹورنامنٹ میں ۲؍گول کئے ہیں۔ 
 دوسری طرف مراکش کے اسٹار کھلاڑی حکیم زیاش نے اس ٹورنامنٹ میں ۲؍گول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سیویلا کے اسٹرائیکر یوسف الناصری نے بھی اس ٹورنامنٹ میں ۲؍گول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 
 یہ دونو ںٹیمیں سیمی فائنل میں کھیل چکی ہیں اور ہار چکی ہیں اس لئے ان دونوں کا اعتماد متزلزل ہوگا  اس کے باوجود یہ دونوں کامیابی کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کو الوداع کہنا چاہیں گے۔ خصوصی طورپر لوکاماڈرچ بھی ٹیم سے فاتحانہ انداز میں رخصت ہونا چاہیں گے۔ 
  ارجنٹائنا سے ہونے والے سیمی فائنل کے بعد کروشیا کے کوچ زلاتکودالچ  نے کہاتھا’’پہلے گول نے میچ کو دوسری سمت میں لے لیا۔ یہ وہ میسی ہیں جنہیں  ہر کوئی دیکھنا چاہتا ہے۔ ارجنٹائنا نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کبھی نہ ہارنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا اور چھٹی بار فائنل تک رسائی کی۔‘‘ اس بار انہیں امید ہے کہ وہ افریقی ٹیم کو شکست دیں گے۔ ان کے کھلاڑی اچھے فارم میں ہیں اور وہ مراکش پر بھاری پڑنے کیلئے تیار ہیں۔ 
 مراکش کیلئے قطر میں فیفا ورلڈ کپ کا ٹورنامنٹ ایک سنہرا باب رہا۔اس نے بلجیم، اسپین اور پرتگال جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں فرانس کو شکست نہ دے سکی اس نے گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا اور ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی اس کے بعد اس نے ناٹ آؤٹ مرحلے میں بھی یوروپ کی ۲؍مضبوط ٹیموں کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔حالانکہ سیمی فائنل میں وہ ایک یوروپی ٹیم کو شکست دینے میں ناکام رہی تھی۔ پلے آف کے میچ میں ایک بار اس کا مقابلہ ایک اور یوروپی ٹیم کروشیا سے ہے اور وہ اسے بھی شکست دے کر تیسری پوزیشن کیلئے اپنا مضبوط کرنا چاہے گی۔ سیمی فائنل کے بعد مراکش کے کوچ ولید ریگراگوئی نے ک فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء  کے سیمی فائنل میں ملنے والی شکست کے بعد کہا  تھاکہ  فٹبال کی دنیا ان کی ٹیم پر فخر کر سکتی ہے۔ ریگراگوئی نے میچ کے بعد کہا ’’راجا کو بھی فخر تھا، مراکش کے لوگوں کو بھی فخر تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ پوری دنیا کو اس مراکش ٹیم پر فخر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK