امسال ہونے والے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم۲۰۲۲ء کے مقابلے میں کروڑوں ڈالر زیادہ ہوگی۔
EPAPER
Updated: February 13, 2026, 12:30 PM IST | New York
امسال ہونے والے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم۲۰۲۲ء کے مقابلے میں کروڑوں ڈالر زیادہ ہوگی۔
فٹ بال کے دیوانوں کیلئے۲۰۲۶ء کا ورلڈ کپ نہ صرف کھیل کے اعتبار سے بڑا ہونے والا ہے، بلکہ مالی طور پر بھی یہ تاریخ کا سب سے مہنگا ترین ایونٹ ثابت ہوگا۔ فیفا نے انعامی رقم میں اس قدر اضافہ کر دیا ہے کہ اب شرکت کرنے والی ہر ٹیم کروڑ پتی بن کر واپس لوٹے گی۔ امسال ہونے والے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم۲۰۲۲ء کے مقابلے میں کروڑوں ڈالر زیادہ ہے اور یہ فٹ بال میں انعامی رقم سے متعلق نیا عالمی سنگ میل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: زمبابوے کی نظریں آسٹریلیا کے خلاف الٹ پھیر کرنے پر
پہلی بار۴۸؍ ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو خطیر رقم ملے گی۔ فیفا کے مطابق مجموعی رقم میں سے ۶۵۵؍ملین ڈالر ٹیموں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر دئیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو۵۰؍ ملین ڈالر جبکہ رنر اپ کو۳۳؍ ملین ڈالر ملیں گے۔ گروپ مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں کو بھی کم از کم۹؍ملین ڈالر دئیے جائیں گے۔ مزید برآں ہر ٹیم کو تیاری کے اخراجات کیلئے ۱ء۵؍ملین ڈالر اضافی فراہم کیے جائیں گے جس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو کم از کم۱۰ء۵؍ ملین ڈالر کی ضمانت ہوگی۔ جو گلوبل فٹ بال کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۲ء کے قطر ورلڈ کپ میں چیمپئن ارجنٹائنا کو۴۲؍ملین ڈالر ملے تھے جبکہ۲۰۱۸ء میں فرانس کو۳۸؍ ملین ڈالر دئیے گئے تھے۔
یہ میگا ایونٹ پہلی بار تین ممالک (امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو) میں منعقد ہو رہا ہے جس کا فائنل۱۹؍ جولائی کو نیو جرسی میں ہوگا۔ جہاں کھلاڑیوں پر پیسوں کی برسات ہو رہی ہے، وہیں شائقین کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں ۱۷۴؍فیصد تک ہوش ربا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے عام مداحوں کے لیے اسٹیڈیم پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے۔