• Sun, 09 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پانچواں میچ بارش کی نذر، ٹیم انڈیا ٹی۔ ۲۰؍سیریزپر قابض

Updated: November 09, 2025, 10:54 AM IST

ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز دو ایک سے جیت لی، ابھیشیک شرما کو سیریز میں ان کی شاندار بلے بازی کےلئے پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Indian team players with the trophy after winning the T20 series against Australia. Photo: PTI
ٹی۔ ۲۰؍سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی ٹرافی کے ساتھ ۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچواں اور آخریٹی۔ ۲۰؍میچ سنیچر کو شدید بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز دوایک سے اپنے نام کر لی۔ سیریز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۶۳؍رن بنانے والے ابھشیک شرما کو پلیئر آف دی سیریزکے اعزاز سے نوازا گیا۔ 
میچ منسوخ کئے جانے کے وقت ہندوستان نے ۵ء۴؍ اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے۵۲؍ رن بنالئے تھے۔ ابھیشیک شرما (۲۳) اور شبھ من گل (۲۹) ناٹ آؤٹ تھے۔ بارش اور بجلی کے خلل کے باعث کھیل بالآخر روک دیا گیا۔ خراب موسم کے سبب میچ شروع ہونے کے محض ۲۱؍ منٹ بعد ہی کھیل بند کر دیا گیا۔ ہندوستان نے اس طرح آسٹریلیا کیخلاف ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں اپنا ناقابلِ تسخیر ریکارڈ برقرار رکھا۔ آسٹریلیا ۲۰۲۲ء سے مسلسل چوتھی ٹی۔ ۲۰؍ سیریز ہارا ہے، جن میں سے ۳؍ ہندوستان اور ایک انگلینڈ کے خلاف ہیں۔ 
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستان نے جارحانہ آغاز کیا اور ۵ء۴؍اوور میں ۵۲؍ رن جوڑ لئے۔ ابھیشیک نے ۱۳؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۳؍ رن ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے جبکہ گل نے ۱۶؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۹؍ رنوں میں ۶؍ چوکے لگائے۔ گل نے بین ڈوَرشوس کے تیسرے اوور میں مسلسل ۴؍ چوکے لگائے۔ 
ابھیشیک شرما نے ہمیشہ کی طرح جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ اس دوران قسمت بھی ان کا ساتھ دیتی رہی۔ پہلے اوور میں گلین میکسویل نے مِڈ آف پر ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا جبکہ چوتھے اوور میں بین ڈوَرشوس نے ان کا ایک ٹاپ ایج چھوڑ دیا۔ اگرچہ وہ اپنی بہترین فارم میں نہیں تھے، لیکن انہوں نے نتھن ایلس کی گیند پر ایک شاندار چھکا لگایا۔ اس اننگز کے دوران وہ ٹی۔ ۲۰؍ میں سب سے تیزی سے ایک ہزار رن بنانے والے بلے باز بھی بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف ۵۲۸؍ گیندوں میں انجام دیا۔ میچ کے بعد ٹیم انڈیا کے کپتان سوریہ کمار یادو نے سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کامیابی کا سہرا انہوں نے پوری ٹیم کے سر باندھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK