• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھتیس گڑھ کی طوفانی بارش سے گڈچرولی میں سیلابی صورتحال

Updated: September 28, 2026, 12:43 PM IST | Ali Imran | Gadchiroli

چھتیس گڑھ کی طوفانی بارش سے گڈچرولی میں سیلابی صورتحال۔مریضوں کوہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا۔

An area submerged due to floods in Gadchiroli. Photo: INN
گڈچرولی میں سیلاب کے سبب زیرآب ایک علاقہ۔ تصویر: آئی این این

پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ اور گڈچرولی ضلع کے بھامراگڑھ تعلقہ میں گزشتہ ۲؍ دن سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ندیوں اور نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ سیلابی صورتحال کے سبب کئی دور دراز دیہاتوں کا زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے۔ ایسے میں ۳؍ شدید بیمار مریضوں کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزید علاج کیلئے ہیڈری منتقل کیا گیا۔ ضلع کلکٹر اویشیانت پانڈا کی رہنمائی میں انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر یہ امدادی کارروائی کی۔ بیناگنڈہ اور اطراف کے علاقوں میں ندیوں اور نالوں میں طغیانی کے باعث سڑکوں پر آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اسی دوران ۷؍سالہ سنگیتا چکّو اوسنڈی کو گزشتہ روز بیناگنڈہ سے لاہیری پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔ اتوار کو اس کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہیڈری منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ اپیکشا روشی آلام اور روشن چینا ماڑاوی نامی  مریضوں کو بھی بہتر علاج کیلئے ہیڈری لے جایا گیا۔ ان میں سے ایک مریض کے سکیل سیل کی بیماری میں مبتلا ہونے کی اطلاع ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’ہندوستان نے دہشت گردی پر اپنی پالیسی بار بار واضح کی ہے ‘‘

واضح رہےکہ سیلابی صورتحال کے باعث مریضوں کو سڑک کے راستے منتقل کرنا مشکل ہو گیا تھا۔ اس صورت حال کے پیش نظر علاقے میں موجود لائیڈز میٹلز کمپنی کے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہوئے مریضوں کو فوری طور پر منتقل کیا گیا۔ قبائلی ترقیاتی منصوبے کے پروجیکٹ آفیسر امر راوت اور بھامراگڑھ کے تحصیلدار کشور باگڈے نے مریضوں کی منتقلی کیلئے ضروری منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل کیا۔ سیلاب کے باعث دور دراز علاقوں میں زمینی آمدورفت متاثر ہونے کے باوجود انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شدید بیمار مریضوں کو بروقت طبی امدادکیلئے محفوظ مقام تک پہنچایا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کی منتقلی کے بعد مزید علاج کی راہ ہموار ہوگئی۔معلوم ہو کہ پڑوسی چھتیس گڑھ ریاست اور گڈچرولی کے سرحدی علاقے میں گزشتہ ۲؍دن سے ہو رہی شدید بارش کی وجہ سے بھامرا گڑھ تعلقہ شدید سیلاب کی زد میں ہے۔ تینوں بڑی ندیوں - اندراوتی، پرلکوٹا اور پامول گوتم کے پانی کی سطح میں زبردست اضافہ کی وجہ سے بھامرا گڑھ میں سیلاب کی صورتحال بہت سنگین ہوگئی ہے۔ اس شدید سیلاب کی وجہ سے بھامرا گڑھ تعلقہ کے ۵۰؍ سے زیادہ دیہاتوں کا باقی علاقوں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ۵۲۵ ؍شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK