Inquilab Logo

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سعید احمد کا ۸۶؍سال کی عمر میں انتقال

Updated: March 22, 2024, 9:26 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سعید احمد انتقال کر گئے۔ ۸۶؍ سالہ سعید احمد نے لاہور میں آخری سانس لی۔ ۱۹۳۷ء میں ہندوستان کے جالندھر شہر میں ان کی پیدائش ہوئی تھی۔

Saeed Ahmed. Photo: INN
سعید احمد۔ تصویر : آئی این این

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سعید احمد انتقال کر گئے۔ ۸۶؍ سالہ سعید احمد نے لاہور میں آخری سانس لی۔ ۱۹۳۷ء میں ہندوستان کے جالندھر شہر میں ان کی پیدائش ہوئی تھی۔ پاکستان کے لئے کھیلتے ہوئے بطور آل راؤنڈر ان کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے پاکستان کیلئے ۴۱؍ٹیسٹ میچ کھیلے اور اپنے مضبوط کھیل سے ٹیم کو کئی میچوں میں یادگار فتوحات سے ہمکنار کیا۔ 
  سعید احمد نے ۱۹۵۸ءمیں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ سعیداحمد نے ۴۱؍ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ۵؍ سنچریوں اور ۱۶؍نصف سنچریوں کی مدد سے۲؍ ہزار ۱۹۹؍رن بنائے۔ سعید احمد نے۳؍سنچریاں ہندوستان کے خلاف بنائی تھیں۔ انہوں نے اپنی دائیں ہاتھ کی آف اسپن گیندبازی سے ۲۲؍وکٹیں بھی حاصل کیں۔ سعید احمدنے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو ۱۹۵۸ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا جبکہ پاکستان کیلئے انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ ۷۳۔ ۱۹۷۲ءکے آسٹریلیائی دورے کے دوران میلبورن میں کھیلا تھا۔ 
 سعید احمد کو ۱۹۶۹ءمیں پاکستان ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔ سعید کو دورہ انگلینڈ کے وسط میں حنیف محمد کی جگہ پاکستان کی کپتانی سونپی گئی تھی اور اس طرح انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا چھٹا کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ تاہم سعید کو بطور کپتان اپنی صلاحیت دکھانے کا زیادہ موقع نہیں ملا اور وہ صرف ۳؍ میچوں میں ہی ٹیم کی کمان سنبھال سکے۔ 
 سعید احمد نے صرف۲۰؍سال کی عمر میں بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ پہلے ہی میچ میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حنیف محمد کے ساتھ مل کر تیسرے وکٹ کیلئے۱۵۴؍رنوں کی شراکت قائم کی تھی۔ سعید نے اس میچ میں ۶۵؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم میچ کا نتیجہ ڈرا کی صورت میں نکلا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ وہی ٹیسٹ میچ تھا جس میں حنیف محمد نے ۹۷۰؍منٹ تک بلے بازی کرتے ہوئے۳۳۷؍ رن بنائے تھے۔ سعید احمد نے اپنی مضبوط بلے بازی کی وجہ سے بہت جلد بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے اپنے کریئر کا اختتام ۴۰ء۰۱؍کے بیٹنگ اوسط کے ساتھ کیا تھا۔ 
 پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سعید احمد کے انتقال کی خبر پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اپنے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’پی سی بی سابق ٹیسٹ کپتان کے انتقال پر غمزدہ ہے اور سعید احمد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے دل و جان سے پاکستان کی خدمت کی اور پی سی بی ٹیسٹ ٹیم کیلئے ان کے ریکارڈ اور خدمات کا احترام کرتا ہے۔ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK