Updated: June 25, 2026, 9:06 PM IST
| Jeddah
اے بی بی ایف آئی اے فارمولا ای ورلڈ چیمپئن شپ الیکٹرک موٹر اسپورٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کی انقلابی اور سب سے طاقتورجین ۴؍ کاریں رواں سال دسمبر میں جدہ کورنیش سرکٹ کی برقی روشنیوں میں پہلی بار باقاعدہ ریس کا آغاز کریں گی۔
فارمولاای۔ تصویر:آئی این این
اے بی بی ایف آئی اے فارمولا ای ورلڈ چیمپئن شپ الیکٹرک موٹر اسپورٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کی انقلابی اور سب سے طاقتورجین ۴؍ کاریں رواں سال دسمبر میں جدہ کورنیش سرکٹ کی برقی روشنیوں میں پہلی بار باقاعدہ ریس کا آغاز کریں گی۔
یہ بھی پڑھئے:راجکمار ہیرانی نے اعتراف کیا کہ ’’ڈنکی‘‘ عام لوگوں کو متاثر نہیں کرسکی
فارمولا ای اور ایف آئی اے نے ۲۷۔۲۰۲۶ء کے سیزن کے عارضی کیلنڈر کی تصدیق کر دی ہے، جس میں دنیا بھر کے ۱۳؍ شہروں میں ریکارڈ ۲۱؍ ریسز شامل ہوں گی۔ چیمپئن شپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب سعودی عرب سیزن کے افتتاحی راؤنڈز کی میزبانی کرے گا۔ ۱۸؍ اور۱۹؍ دسمبر کو جدہ میں منعقد ہوں گی۔ بحیرہ احمر کے کنارے واقع جدہ کورنیش سرکٹ، جسے دنیا کے تیز ترین اسٹریٹ سرکٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہ ریس فارمولا ای کی نئی جین۴؍کار کا پہلا باقاعدہ مقابلہ ہوگی، جسے الیکٹرک ریسنگ کی تاریخ کی سب سے طاقتور اور جدید ترین مشین قرار دیا گیا ہے۔ یہ کار ۶۰۰؍ کلوواٹ آور تک کی پاور پیدا کرے گی، جو ۸۱۵؍ ہارس پاور سے زیادہ بنتی ہے۔ ریس کے ہر مرحلے کے لیے اس میں ایکٹو آل وہیل ڈرائیو ) کا فیچر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ میں گول کا نیا طوفان، ۱۶۱؍ گولز کا حیران کن ریکارڈ
سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان الفیصل نے اس موقع پر کہا’’ہم جدہ کورنیش سرکٹ پر فارمولا ای ورلڈ چیمپئن شپ کا خیرمقدم کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ سیزن کے پہلے دو راؤنڈز کی میزبانی سعودی عرب کے موٹر اسپورٹ کے عزائم میں ایک نیا سنگِ میل ہے۔ یہ جدت، پائیداری اور عالمی معیار کی ریسنگ کا حسین امتزاج ہے۔‘‘فارمولا ای کے شریک بانی البرٹو لونگو نے بھی جدہ کی تیز رفتار پٹریوں پر سنسنی خیز مقابلے کی امید ظاہر کی ہے۔
جدہ کے بعد یہ چیمپئن شپ میکسیکو سٹی، آسٹن، میامی اور ساؤ پاؤلو سے ہوتی ہوئی ایشیا اور یورپ کا رخ کرے گی۔ نیدرلینڈز کا زینڈوورٹ سرکٹ اور آسٹن کا سرکٹ آف دی امریکہ اس بار نئے مقامات کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔ اس طویل سیزن کا اختتام جولائی۲۰۲۷ء میں شنگھائی اور ٹوکیو میں بیک ٹو بیک ڈبل ہیڈر ریسز کے ساتھ ہوگا۔ اس نئے دور میں جرمن کار ساز کمپنی اوپیل بھی گریڈ پر نظر آئے گی۔