Inquilab Logo

فرینچ اوپن : پیٹرا کوویتووا آٹھ سال بعدجبکہ جوکووچ۱۰؍ویں بارسیمی فائنل میں داخل

Updated: October 09, 2020, 11:05 AM IST | Agency | Paris

دو؍بار کی ومبلڈن چمپئن پیٹرا کوویتووا نے اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے لارا سگمنڈ کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر دوسری مرتبہ فرینچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔پیٹرا نے دنیا کی ۶۶؍ویں نمبر کی کھلاڑی لارا کو ۳۔۶،۳۔۶؍سے ہرایا۔

Petra Kvitova. Picture:INN
پیٹرا کوویتووا۔ تصویر: آئی این این

دو؍بار کی ومبلڈن چمپئن پیٹرا کوویتووا نے اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے لارا سگمنڈ کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر دوسری مرتبہ فرینچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔پیٹرا نے دنیا کی ۶۶؍ویں نمبر کی کھلاڑی لارا کو ۳۔۶،۳۔۶؍سے ہرایا۔سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ آسٹریلیائی اوپن چمپئن صوفیہ کینن سے ہوگا جنہوںنے کوارٹر فائنل میں امریکی کھلاڑی ڈینیل کولنس کو شکست دی۔
 پیٹرا کوویتووا اپنی زوردار سروس کی وجہ سے میچ پر دبدبہ بنانے کیلئے مشہور ہیں لیکن لارا کے خلاف دوسرے سیٹ میں ان کی سروس ٹوٹی تو انہوںنے کئی ڈبل فالٹ کئے۔ چیک جمہوریہ کی کھلاڑی نے حالانکہ سیٹ اور میچ جیت لیا اور ۲۰۱۲ء کے بعد رولاں گیرو کے سیمی فائنل میں قدم رکھا۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۲ء میں پیٹرا کوویتووا کو سیمی فائنل میں  روس کی کھلاڑی ماریہ شاراپووا نے ہرادیا تھا اور وہ چمپئن بن گئی تھیں۔اس بار پیٹرا زبردست فارم کا مظاہرہ کر رہی ہیں اورانہوںنے ٹورنامنٹ کے ۵؍میچوں میں اب تک کوئی سیٹ نہیں گنوایا ہے۔ دیگر کوارٹر فائنل مقابلے میں چوتھی سیڈ صوفیہ کینن نے ۳؍سیٹوں میں امریکی کھلاڑی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھا۔آسٹریلین اوپن فاتح کینن نے میچ کے بعد کہا ’’مجھے۳؍سیٹوں تک جاری رہنے والے مقابلے جیتنا پسند ہے۔مجھےخود پر فخر محسوس ہورہا ہے۔امریکی کھلاڑی نے بھی شاندار مقابلہ کیا۔
جوکووچ  نے پابلو کو شکست دی 
  عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ۱۰؍ ویں بار فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔  سربیا کے جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں ۱۷؍ویں سیڈ اسپین کے پابلو کیرینو بسٹا کو شکست دی۔ جوکووچ نے سست شروعات کی تھی اور اس درمیان انہیں کئی بار درد کے ساتھ جدوجہد کرتے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے ٹرینر سے مساج بھی کرایا۔ جوکووچ نے رولاں گیرو میں ایک اور ٹائٹل اپنے نام کرنے کی  جانب پیشقدمی جاری رکھی ہے۔ ۱۸؍ویں گرینڈ سلیم خطاب کے حصول کیلئے سرگرداں جوکووچ اپنے کریئر کے ۳۸؍ویں گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں پہنچے ہیں ۔یہاںیہ  ان کی ۷۳؍ویں جیت ہے۔ یہاں رافیل ندال سب سے زیادہ جیت میں سب سے آگے ہیں۔ وہ اب تک ۹۸؍جیت حاصل کر چکے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی فرینچ اوپن میں مردوں کے سنگلز سیمی فائنل کی لائین اپ مکمل ہو گئی ہے ۔ جوکووچ کا مقابلہ پانچویں سیڈ یونان کے اسٹیفانوس ستسیپاس سے ہوگا جبکہ کلے کورٹ کے بادشاہ کہلائے جانے والے رافیل ندال کا مقابلہ بارہویں سیڈ  ارجنٹائنا کے ڈیاگو شوارٹزمین سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK