Inquilab Logo Happiest Places to Work

پانچویں ٹیسٹ سے پہلے گمبھیر اور کیوریٹر میں تکرار

Updated: July 30, 2025, 12:17 PM IST | Abhishek Tripathi | Manchester

پریکٹس کے دوران زیادہ مداخلت کرنے پرہندوستان کے ہیڈ کوچ نے اوول کے چیف گراؤنڈس مین لی فورٹس کی سخت الفاظ میں سرزنش کی۔

Gautam Gambhir expressing his displeasure against pitch curator Lee Foster. Photo: INN
گوتم گمبھیر پچ کیوریٹر لی فوسٹر کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

انگلینڈ کے خلاف ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ سے قبل منگل کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے اوول اسٹیڈیم کے کیوریٹر لی فورٹس کو خوب ڈانٹ پلائی۔گمبھیر نے دوٹوک انداز میں کہا’’آپ صرف گراؤنڈس مین ہیں، ہمیں یہ مت بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔‘‘
 واضح رہے کہ سیریز میں  دو ایک سے پیچھے چل رہی ہندوستانی ٹیم کو جمعرات سے یہاں انگلینڈ کے خلاف آخری مقابلہ کرناہے اور ٹیم انڈیا یہ میچ جیت کر سیریز ۲۔۲؍سے برابر کر سکتی ہے۔ مانچسٹر میں چوتھا ٹیسٹ ڈرا کرانے کے بعد سیریز بچانے کیلئے لندن پہنچی ہندوستانی ٹیم منگل کو یہاں پریکٹس کیلئے پہنچی تھی۔ انگلینڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم اور ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور بیٹنگ کوچ ستانشو کوٹک تقریباً ایک ہی وقت پر پچ دیکھنے پہنچے۔ لی فورٹس میکولم کو تو آرام سے پچ دکھا رہے تھے لیکن ہندوستانی کوچ کے ساتھ ان کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔اس کے بعد ہندوستانی ٹیم میدان میں ہی اسکوائر (مرکزی پچ کے آس پاس کا علاقہ) کے پاس بنی پریکٹس پچ پر نیٹ پریکٹس کرنے لگی۔
  فورٹس نے تب ہندوستانی کھلاڑیوں سے کہا کہ اسکوائر سے ڈھائی میٹر دور رہیں۔ اس پر ٹیم انڈیا  کے سپورٹ اسٹاف نے لی کو بتایا کہ ٹریننگ کے لئے فراہم کی گئی ۳؍ پریکٹس پچوں کے آس پاس کے علاقے سے دور رہنا مشکل ہے۔ یہی نہیں اس کے بعد جب سپورٹ اسٹاف ہندوستانی ٹیم کیلئے پانی اور اینرجی ڈرنکس سے بھرا کولنگ باکس لے کر آ رہا تھا تو پھر لی فورٹس نے انہیں کہا کہ یہ ادھر سے مت لے جاؤ، جبکہ اس کو لے جانے کے لئے یہی راستہ تھا۔اس پر گمبھیر بھڑک گئے۔ 
  اس پرگمبھیر نے سیدھے فورٹس کو انگلی دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کوئی انٹیک نہیں ہے۔ یہ صرف ایک کرکٹ پچ ہے۔ آپ صرف گراؤنڈس مین ہیں اور ہمیں یہ مت بتائیں کہ ہمیں پریکٹس کیسے کرنی ہے۔‘‘جب اس بارے میں فورٹس سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے گمبھیر کے بارے میں کہا’’کیا یہ چھوٹی چھوٹی بات پر چڑ جانے والے شخص ہیں؟ کیا وہ صحیح آدمی ہیں؟ میں اس سے پہلے کبھی گمبھیر سے نہیں ملا۔ بڑا میچ ہونے والا ہے، ہمیں اس پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ آپ ان سے پتہ کیجیے کہ یہاں کیا ہوا؟ آپ لوگوں نے دیکھا ہے کہ یہاں کیا ہوا ہے؟‘‘
 اس کے بعد پریس کانفرنس کرنے آئے ٹیم انڈیا کے بلے بازی کوچ ستانشو کوٹک  سے فورٹس کے گمبھیر کو چڑچڑا اور بد مزاج کہنے  کے تعلق سے سوال کیا گیا توانہوں نے کہا کہ ’’میں واقعی کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ ان کی رائے ہے اور اس دنیا میں ہر کسی کی اپنی رائے ہوتی ہے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ لی فوسٹر کے بات کرنے کے انداز سے معاملہ بگڑ گیا ہوگا گمبھیر کو غصہ آگیا ہوگا کیونکہ پچ دیکھنا کوئی جرم نہیں ہے اور ہم کافی دور سے وکٹ کامعائنہ کر رہے تھے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK