• Sun, 12 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گِل کی سنچری کی بدولت ٹیم انڈیا فتح کی راہ پر گامزن

Updated: October 12, 2025, 11:14 AM IST | New Delhi

ہندوستان نے ۵؍وکٹ پر ۵۱۸؍رنوں پر اننگز ڈکلیئر کردی، ویسٹ انڈیز نے ۱۴۰؍رنوں پر ۴؍وکٹیں گنوا دیں، فالو آن کا خطرہ، رویندر جڈیجہ نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔

Shubman Gill scored an unbeaten 129 runs while playing the captaincy innings. Photo: PTI.
شبھ من گل نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۱۲۹؍رن بنائے۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

کپتان شبھ من گل کا شاندار فارم جاری ہے۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سنیچر کو گل نے ایک اور یادگار سنچری بنا کر ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ان کی ۱۲۹؍ رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز نے نہ صرف ہندوستانی بلے بازی کی ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط کیابلکہ کپتان کے طور پر ان کے اعتماد اور پختگی کو بھی ظاہر کیا۔ بطور کپتان گل کی یہ پانچویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ 
اس کے ساتھ ہی انہوں نے سورو گانگولی، مہندر سنگھ دھونی اور منصور علی خان پٹودی جیسے لیجنڈز کی برابری کر لی ہے۔ گل اب ان تینوں کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان کے لئے بطور کپتان سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچری کا ریکارڈ وراٹ کوہلی کے نام ہے، جنہوں نے ۲۰؍ سنچریاں بنائی ہیں۔ ان کے بعد سنیل گاوسکر ۱۱ ؍سنچریوں کے ساتھ دوسرے، محمد اظہر الدین ۹ ؍سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور سچن تینڈولکر ۷ ؍ سنچریوں کے ساتھ چوتھے مقام پر ہیں۔ شبھ من گل نے یہ تمام ۵؍ ٹیسٹ سنچریاں اسی سال لگائی ہیں۔ انہوں نے اس کارکردگی کے ساتھ وراٹ کوہلی کے اس ریکارڈ کی بھی برابری کر لی ہے جس میں کوہلی نے ایک کیلنڈر سال (۲۰۱۷ اور ۲۰۱۸ ءمیں ) بطور کپتان ۵؍ ٹیسٹ سنچریاں بنائی تھیں۔ 
ہندوستان کی شاندار کارکردگی
دوسرے دن ہندوستانی ٹیم نے بلے بازی میں اپنا دبدبہ برقرار رکھتے ہوئے ۵۱۸ ؍پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ یشسوی جیسوال(۱۷۵) ڈبل سنچری سے محروم رہ گئے گئے اور گل کے ساتھ خراب تال میل کی وجہ سے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ گل اور جیسوال کی جوڑی نے دوسرے وکٹ کیلئے ۲۱۵؍ رنوں کی شراکت کی، جس نے ہندوستانی اننگز کی بنیاد رکھی۔ 
 اس کے بعد نوجوان نتیش ریڈی(۴۳) کو بلے بازی میں پروموٹ کیا گیا، جنہوں نے پُراعتماد اننگز کھیلتے ہوئے رن ریٹ کو برقرار رکھا۔ دھرو جوریل (۴۴) نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ گل نے اپنی اننگز میں ۱۵؍ چوکے لگائے اور نہایت سلیقے سے بلے بازی کی۔ انہوں نے تیز گیند بازوں اور اسپنروں دونوں کیخلاف خوبصورت شاٹس کھیلے اور اپنی تکنیکی مہارت کا ثبوت دیا۔ کپتان کے طور پر گل کی یہ پانچویں سنچری ان کی قیادت اور تسلسل کا ثبوت ہے۔ وہ اس سال شاندار فارم میں ہیں اور ٹیم کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان نے اس ٹیسٹ سیریز میں مضبوط گرفت بنا لی ہے۔ 
فالو آن کے دہانے پر ویسٹ انڈیز
ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے مہمان ٹیم پر دباؤ ڈال دیا۔ رویندر جڈیجہ اور کلدیپ یادو کی اسپن کے آگے ویسٹ انڈیز کے بلے باز پریشان نظر آئے۔ ٹیم کے اوپنر جان کیمبل کو بدقسمتی سے آؤٹ ہونا پڑا، جب ان کا زوردار سویپ شاٹ سائی سدرشن کے ہیلمٹ سے ٹکرا کر ان کے ہاتھوں میں پھنس گیا۔ اس کے بعد تیجنارائن چندرپال اور ایتھنازے نے تھوڑی دیر تک مزاحمت کی لیکن جڈیجہ نے دونوں کو آؤٹ کر کے ٹیم انڈیا کو برتری دلا دی۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز نے ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۰ ؍رن بنا لئے ہیں۔ شائی ہوپ اور تیون اِملاچ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ مہمان ٹیم اب بھی ہندوستان سے ۳۷۸؍ رن پیچھے ہے اور فالو آن سے بچنے کے لئے انہیں سخت محنت کرنی ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK