Inquilab Logo

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی ،آسٹریلیا کا پلڑا بھاری

Updated: June 09, 2023, 1:09 PM IST | London

ہیڈ اور اسمتھ کی سنچریوں کی مدد سے کنگارو ٹیم نے ۴۶۹؍رنوں کا پہاڑ کھڑا کردیا،محمد سراج نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں،ٹیم انڈیا کی ناقص شروعات

Muhammad Siraj took 4 wickets by showing excellent bowling. (PTI)
محمد سراج نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔(پی ٹی آئی)

 بائیں ہاتھ کے بلے باز ٹریوس ہیڈ (۱۶۳) اور اسٹیو اسمتھ (۱۲۱) کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے جمعرات کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کی پہلی اننگز میں ہندوستان کے خلاف ۴۶۹؍رن بنائے۔اس کے جواب میں خبر لکھے جانے تک ہندوستان نے ۹۸؍رن پر ۴؍وکٹیں گنوادیں۔
 ٹیم انڈیا نے اپنی پہلی اننگز کا آغازکپتان روہت شرما اور شبھمن گل کے ساتھ کیا۔روہت شرما (۱۵)پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ گل (۱۳)بولاند کی گیند پربولڈ ہوگئے۔اس کے بعد چتیشور پجارا اور وراٹ کوہلی سے اچھی بلے بازی کی امید تھی لیکن پجارا(۱۴)اورکوہلی (۱۴)بھی سستے میں آؤٹ ہوگئے۔ خبر لکھے جانے تک اجنکیا رہانے  اور رویندر جڈیجہ ۱۷۔۱۷؍ رنوں پر کریز پر موجود تھے۔آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک،پیٹ کمنز،بولاند اورکیمرون گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
  اس سے قبل  ٹریوس ہیڈ نے صرف ۱۷۴؍ گیندوں میں ۲۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۶۳؍رن بنائے جبکہ اسمتھ نے ۲۶۸؍ گیندوں میں ۱۹؍چوکوں کی مدد سے ۱۲۱؍رن بنائے۔ اسمتھ ہیڈ ایک دوسرے کی تکمیل  ثابت ہوئے اور دونوں نے چوتھے وکٹ کیلئے۲۸۵؍ رنوں کی شراکت داری کی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سراج نے سب سے زیادہ ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سمیع اور شاردول ٹھاکر نے ۲۔۲؍ جبکہ رویندر جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
 آسٹریلیا نے دن کا آغاز۳؍وکٹ پر ۳۲۷؍کے اسکور سے کیا۔ پہلے دن ۹۵؍رن بنا کر ناٹ آوٹ لوٹنے والے اسمتھ نے ۲۲۹؍ویں گیندوں پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ دوسرے سرے پر کھڑے ہیڈ نے بھی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور ۱۶۴؍گیندوں میں ۱۵۰؍ رنوں کے ہندسے کو چھو لیا۔ اس جوڑی نے دن کے پہلے۶؍ اووروں میں ۳۴؍رن بنائے حالانکہ یہ جارحانہ نوعیت ہیڈ کے آؤٹ ہونے کا باعث بنی۔ سراج کے باؤنسر کو لیگ گلی کی طرف کھیلنے کی کوشش میں ہیڈ وکٹ کیپر شریکر  بھرت کو کیچ دے بیٹھے۔ یہ وکٹ ہندوستان کی میچ میں واپسی کی وجہ بنی کیونکہ سمیع نے کچھ دیر بعد کیمرون گرین (۶) کو سلپ میں کیچ آوٹ کرایا۔ اسمتھ مزید ۱۱؍رن بنانے کے بعد شاردول کا شکار بنے۔ وکٹوں کے مسلسل گرنے کے باعث ہندوستان رن پر قابو پانے میں کامیاب رہا۔ آسٹریلیا نے ۱۰۳؍ اوور میں ۴۰۰؍ رنوں کا ہدف حاصل کیا، حالانکہ مچل اسٹارک اگلے ہی اوور میں رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ لنچ کے بعد ہندوستان کو صرف ۳؍ اور آسٹریلیائی وکٹ گرانے تھے لیکن ایلکس کیری نے جوابی حملہ کرتے ہوئے ہندوستانی گیند بازوں کو سخت چیلنج پیش کیا۔کیری نے پیٹ کمنز کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے۵۱؍ رنوں کی قیمتی شراکت داری کی۔ کیری نے آؤٹ ہونے  سے قبل ۶۹؍گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۸؍رن بنائے۔آخر میں کمنز اور ناتھن لیون نے بھی ۹؍ رن بنائے۔ سراج نے دونوں کو آؤٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی اننگز ۴۶۹؍ رن پر ختم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK