Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہمیں کامیابی کی پٹری پر لوٹنے کیلئے سخت فیصلے کرنے ہوں گے: ہاردک

Updated: April 18, 2026, 1:03 PM IST | Mumbai

ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں مسلسل چوتھی شکست کے بعد کھل کر اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ اب کچھ سخت فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ہے اور ان کے کھلاڑیوں کو ٹیم کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری لینی ہوگی۔

Mumbai Indians captain Hardik Pandya. Photo: INN
ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا۔ تصویر: آئی این این

ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں مسلسل چوتھی شکست کے بعد کھل کر اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ اب کچھ سخت فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ہے اور ان کے کھلاڑیوں کو ٹیم کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری لینی ہوگی۔ ممبئی انڈینس کو اپنے گزشتہ میچ میں پنجاب کنگز سے ۷؍ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ صرف ۲؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں نویں نمبر پر ہے۔ مسلسل چوتھی شکست کے بعد کپتان ہاردک پانڈیا نے کہا ہے کہ ٹیم کو اپنی کارکردگی بہتر بنانےکیلئے ’’کچھ مشکل سوالوں کے جواب تلاش کرنے ہوں گے۔‘‘
ہاردک پانڈیا نے میچ کے بعد کہا’’ایمانداری سے کہوں تو میرے پاس کہنے کے لئے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ ہمیں بیٹھ کر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم کہاں پیچھے رہ رہے ہیں۔ چاہے وہ انفرادی کھلاڑی ہوں، ٹیم ہو، یا ہماری حکمت عملی اور کام کرنے کا طریقہ ہو۔ اسے دوبارہ درست کرنا ہوگا۔ ‘‘اس طرح پانڈیا نے بالواسطہ سوریہ کمار یادو، جسپریت بمراہ اور تلک ورما جیسے سینئر کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کی طرف اشارہ کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگلورو اور دہلی کے درمیان میچ میں وراٹ پرسب کی نظریں ہوں گی

انہوں نے کہا’’اب ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا ہمیں کچھ سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے یا پھر ہمیں اسی طرح آگے بڑھتے ہوئے حالات کو بدلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ہمیں اپنی ذمہ داری خود لینی ہوگی۔ ‘‘ واضح رہے کہ سوریہ کمار نے اب تک ایک نصف سنچری بنائی ہے، لیکن ان کے دیگر اسکور۱۶، ۶، ۳۳؍اور صفر رہے ہیں، جبکہ تلک ورما کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ انہوں نے۲۰، صفر، ۱۴، ایک اور۸؍ رن بنائے ہیں۔ بمراہ ۵؍ میچوں میں ابھی تک ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر سکے ہیں اور انہوں نے فی اوور۸ء۶۳؍ رن دئیے ہیں۔ ہاردک پانڈیا نے تاہم پنجاب کنگز کو جیت کا کریڈٹ دیتے ہوئے کہا ’’پنجاب کنگز کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔ گیند ریورس سوئنگ ہونے لگی تھی۔ دوسری اننگز میں اوس بھی گری۔ انہوں نے ہمیں ہرا دیا۔ ان کی گیند بازی اور فیلڈنگ ہم سے بہتر تھی۔ ‘‘واضح رہے کہ یہ شکست پنجاب کنگز کے خلاف ہوئی، جس نے پہلے ممبئی کو۶؍وکٹ پر ۱۹۵؍رنوں تک محدود رکھا اور پھر۱۶ء۳؍ اوور میں ۷؍ وکٹ باقی رکھتے ہوئے ہدف حاصل کر لیا۔ اس کے بعد ممبئی ۵؍ میچوں میں صرف ایک جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں نویں مقام پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK