Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوریگاؤں: موتی لال نگر کے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ماسٹر پلان کا اجراء

Updated: April 18, 2026, 1:02 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Goregaon

۳۷۰۲؍ مکینوں کو۲۰؍ اقسام کی سہولیات کے ساتھ ۱۶۰۰؍ اسکوائر فٹ کا مفت مکان جبکہ ایس آر اے کے تحت ۱۶۰۰؍ مکینوں کو ۳۰۰؍ اسکوائر فٹ کا مکان دیا جائے گا۔ ٹھیکہ اڈانی گروپ کو دیا گیا۔ یہ پروجیکٹ ۷؍ برس میں مکمل کیاجائے گا ۔

Scene from the press conference regarding the Motilal Nagar development project. Photo: INN
موتی لال نگرری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ سے متعلق پریس کانفرنس کا منظر۔ تصویر: آئی این این

یہاں مغربی جانب موتی لال نگر کے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ماسٹر پلان کا اجراء جمعہ کی دوپہر کو باندرہ میں مہاڈا کےنائب صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنجیو جیسوال کے ہاتھوں ہوا۔ یہ ملک کا سب سے بڑا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ہے۔ موتی لال نگر کا یہ علاقہ ۱۴۳؍ ایکڑ پر محیط ہے اور اس میں تین کالونیاں موتی لال نگرنمبرایک، دو اورتین شامل ہیں۔ اس کی تعمیرِ نو کا ٹھیکہ اڈانی گروپ کو دیا گیا ہے۔ اس کی تفصیلات مہاڈا کے سی ای اونے بی کے سی میں منعقد ہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتائیں۔ 
مہاڈا کے سی ای او سنجیو جیسوال نےخطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’’موتی لال نگر ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ مہاڈا کی ا ب تک کی تاریخ میں ایک بہت ہی اہم اور تاریخی پروجیکٹ ہے۔ اس پروجیکٹ نے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کی قیادت اور ویژن کے تحت رفتار اور نئی سمت حاصل کی ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ یہ پروجیکٹ تقریباً ۲۰؍برس سے التواء کا شکار تھا مگر اب جبکہ تعمیرِ نو کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے، ممبئی کی ترقی کا ایک اہم گواہ بنے گا۔ اس پروجیکٹ کے لئے ریاستی حکومت نے ایک خصوصی پروجیکٹ اتھاریٹی نامزد کی ہے اور اڈانی گروپ کو ٹینڈر کے ذریعے کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (سی اینڈ ڈی اے) کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کو ۷؍سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت اہل قرار دیئے گئے ۳۷۰۲؍ مکینوں میں سے ہر ایک مکین کو۱۶۰۰؍ مربع فٹ کا مفت مکان دیا جائے گاساتھ ہی ۳۲۸؍اہل تاجروں کو ۹۸۷؍اسکوائر فٹ کے گالے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ۱۶۰۰؍مکینوں کوایس آر اے ایکٹ کے تحت ۳۰۰؍ مربع فٹ کا مکان دیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ سےمہاڈا کو بھی بڑی تعداد میں رہائش گاہیں حاصل ہوں گی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: کلیان: ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم، ۱۲؍ ٹیکسیوں کے خلاف کارروائی

۱۶۰۰؍اسکوائر فٹ مکان والا یہ پہلا پروجیکٹ 
اس پروجیکٹ کی ایک اہم خصوصیت ۱۶۰۰؍ مربع فٹ کے گھروں کی فراہمی ہے۔ اتنا بڑا رقبہ اس سےقبل ممبئی میں کسی بھی تعمیرِ نو کے منصوبے میں مختص نہیں کیا گیا۔ اس طرح ۶؍ دہائیوں کے بعد یہ پروجیکٹ ممبئی کی شہری منصوبہ بندی کا منفرد نمونہ بن جائے گا۔ یہ پروجیکٹ۱۶۰۰؍ مربع فٹ کے کشادہ گھروں کے ساتھ ایک جدید ٹاؤن شپ طرز زندگی فراہم کرے گا۔ 
یہاں مختلف اقسام کی کیا کیا سہولتیں ہوں گی
اس پروجیکٹ کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اسے ’۱۵؍منٹ سٹی‘ کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ اس میں اسکول، ڈسپنسریاں، اسپتال، بازار، تجارتی کمپلیکس، گرین پارکس، بزرگ شہریوں کیلئےآرام کی الگ جگہ، کھیل کے میدان، جاگنگ پارکس، سائیکل ٹریکس، ثقافتی ہال اور جمنازیم وغیرہ یہ سب کچھ ۱۵؍ منٹ کے فرق سے دستیاب ہوں گے۔ اتنا ہی نہیں تقریباً ۱۵؍ ایکڑ پر محیط ایک گرین بیلٹ بھی تیار کیا جائے گا، کثیر المنزلہ پارکنگ، ایک سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ ( ایس ٹی پی )، بارش کے پانی کو جمع کرنے کا نظم، شمسی توانائی، اسمارٹ سیکوریٹی سسٹم (سی سی ٹی وی، ایکسیس کنٹرول)، فائر سیفٹی اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو شامل کیا جائے گا۔ اس طرح یہ پروجیکٹ محض رہائش تک محدود نہ رہ کر’لیو، ورک اینڈ پلے‘ کے تصور پر مبنی ایک مکمل طرز زندگی فراہم کرے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK