Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا اپنی پرانی ٹیم ممبئی انڈینس میں واپس آئینگے

Updated: November 26, 2023, 11:20 AM IST | Agency | New Delhi

ممبئی انڈینس پانڈیا کیلئے گجرات کو۱۵؍ کروڑ روپے دے سکتی ہے، اس صورت میں ممبئی کو گجرات کے ساتھ کسی کھلاڑی کا تبادلہ نہیں کرنا پڑے گا۔

Hardik Pandya had already made Gujarat Titans the co-champion in the season (2022). Photo: INN
ہاردک پانڈیا نے پہلے ہی سیزن(۲۰۲۲ء ) میں گجرات ٹائٹنز کوچمپئن بنا دیا تھا۔ تصویر : آئی این این

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سے متعلق بڑی خبر ہے۔ گجرات ٹائٹنز نے کپتان ہاردک پانڈیا کو چھوڑنے کافیصلہ کیا ہے۔ ہاردک دوبارہ اپنی پرانی ٹیم ممبئی انڈینس میں واپس آ رہے ہیں ۔ گجرات ٹیم سے وابستہ ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جارہا ہےکہ شبھمن گل کو گجرات کی کمان سونپی جاسکتی ہے۔فی الحال آئی پی ایل کی ٹریڈنگ ونڈوکھلی ہوئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو چھوڑ سکتی ہیں اور کسی دوسری ٹیم کےکھلاڑیوں کا تبادلہ کر سکتی ہیں ۔ پانڈیا کے معاملے میں بتایا جا رہا ہے کہ فی الحال دونوں فرنچائز ہر طرح کے معاہدے کے امکانات پر کام کر رہی ہیں۔
پانڈیا کی قیمت ۱۵؍ کروڑ روپے ہے
 ان میں سے ایک امکان یہ ہے کہ ممبئی انڈینس پانڈیا کیلئے گجرات کو۱۵؍ کروڑ روپے دے سکتی ہے۔ اس صورت میں ممبئی کو گجرات کے ساتھ کسی کھلاڑی کا تبادلہ نہیں کرنا پڑے گا ۔ تاہم، ممبئی کے پاس اس سیزن کیلئے صرف۵ء۵؍ کروڑ روپے کا پرس بچا ہے۔باقی۹ء۵؍ کروڑ روپے کے لیے اسے ایک مہنگے کھلاڑی کو ریلیز کرنا ہی پڑے گا۔ایک اور امکان یہ ہے کہ ممبئی بھی پانڈیا کی قیمت کے آس پاس اپنے ایک کھلاڑی کو گجرات سے ٹریڈ کرلے۔ دونوں صورتوں میں ممبئی کو اپنے ایک مہنگے کھلاڑی کو چھوڑنا پڑے گا۔ ممبئی کے پاس اس وقت چار ایسے کھلاڑی ہیں اور اگر وہ ان میں سے کسی ایک کو بھی چھوڑ دے یا ان کی ٹریڈ کرلے تو اس کا کام بن جائے گا۔یہ کھلاڑی ہیں کیمرون گرین(۱۷ء۵؍کروڑ روپے)، روہت شرما(۱۶؍ کروڑ روپے)، ایشان کشن(۱۵ء۲۵؍ کروڑ روپے) اور جسپریت بمراہ(۱۲؍ کروڑ روپے)۔
ہاردک نے پہلے ہی سیزن میں گجرات کو چمپئن بنایا تھا
 گجرات ٹائٹنز کی ٹیم۲۰۲۲ء کے سیزن میں پہلی بار آئی پی ایل میں داخل ہوئی تھی۔ ٹیم نے ہاردک کی کپتانی میں پہلے سیزن میں ہی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ گجرات کی ٹیم۲۰۲۳ء کے سیزن میں بھی فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے چنئی سپر کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اتنی کامیابی کے باوجود گجرات کی ٹیم سے پانڈیا کی رخصتی شائقین اور کرکٹ ماہرین کو حیران کر رہی ہے۔ بتایاجارہا ہےکہ ہاردک خود دوبارہ ممبئی انڈینس میں شامل ہونا چاہتے تھے۔ کوئی بھی ٹیم کسی بھی کھلاڑی کو اسی صورت میں برقرار رکھ سکتی ہے جب ٹیم اور کھلاڑی دونوں متفق ہوں ۔ اگر ہاردک ممبئی واپس آنے کا فیصلہ کرتے ہیں ، تو گجرات فرنچائز کے پاس کوئی آپشن نہیں بچتا۔
کیا ممبئی انڈینز ہاردک کو کپتان بنائے گی؟
 ہاردک پانڈیا نے آئی پی ایل کے آخری دو سیزن میں اپنی کپتانی کی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔اس کے علاوہ انہیں ہندوستان کی وہائٹ بال ٹیم کے اگلے باقاعدہ کپتان کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ ممبئی انڈینس ہاردک کو ٹیم کا کپتان بنا سکتی ہے۔ تاہم روہت شرما سے کپتانی چھیننے کا فیصلہ آسان نہیں ہوگا۔ روہت نے ممبئی کو پانچ بار چمپئن بنایا ہے۔ حال ہی میں ختم ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی ان کی کپتانی کی کافی تعریف کی گئی ہے۔
 ہاردک پانڈیانے ۲۰۱۵ء میں ممبئی انڈینس کے ساتھ اپنے آئی پی ایل کریئر کا آغاز کیا۔ ان کی موجودگی میں ممبئی نے۴؍ آئی پی ایل ٹائٹل جیتے۔ ہاردک۲۰۲۱ء تک ممبئی انڈینس میں رہے۔ اس کے بعد وہ زخمی ہو گئے اور جب واپس آئے تو وہ گیند بازی نہیں کر رہے تھے۔ ممبئی نے انہیں ۲۰۲۲ء میں ریلیز کردیاتھا۔ اس کے بعد سے وہ ۲؍ سیزن تک گجرات ٹائٹنز کے کپتان رہے۔
 آئی پی ایل ۲۰۲۴ء کا آکشن ۱۹؍ دسمبر کو ہوگا
 آئی پی ایل۲۰۲۴ء کا آکشن ۱۹؍دسمبر کو ہوگا جبکہ ٹریڈنگ ونڈو۲۶؍ نومبر کو بند ہوجائے گی ۔ اب تک روماریو شیفرڈ، دیو دت پڈیکل اور آویش خان اپنی ٹیموں سے دوسری ٹیموں میں ٹریڈ کئے جا چکے ہیں ۔ شیفرڈ کی ٹریڈنگ لکھنؤ سپر جائنٹس سے ممبئی انڈینس میں کی گئی ہے، پڈیکل راجستھان رائلز سے لکھنؤ سپر جائنٹس میں آئے اورآویش لکھنؤ سے راجستھان رائلز میں ٹریڈ کئے گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK