Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’عالمی کپ کیلئے نئے سرے سے تیاریاں شروع کریں گے‘‘

Updated: July 25, 2025, 1:42 PM IST | Agency | Durham

انگلینڈ کیخلاف یکروزہ سیریز جیتنے کے بعد کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ جیت سے اعتماد بڑھا ہے لیکن ورلڈ کپ کیلئے مزید تیاری کرنی ہوگی۔

Harmanpreet Kaur. Picture: INN
ہرمن پریت کور۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کی  خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ۳؍ میچوں کی یکروزہ   سیریز میں دو ایک سے شاندار جیت حاصل کرکے ورلڈ کپ سے قبل اپنے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ تاہم ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا ہے کہ ٹیم کو وطن واپس آکر عالمی کپ مقابلے کے لئے نئے سرے سے تیاری کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ ہرمن پریت نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری یک روزہ بین الاقوامی میچ میں شاندار سنچری بنائی تھی جس کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو ۱۳؍رنوں سے شکست دے کر ۳؍میچوں کی سیریز پر قبضہ کیا تھا۔یاد رہے کہ  اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے خواتین ٹی۔ ۲۰؍  بین الاقوامی سیریز میں بھی ۲۔۳؍ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ہندوستانی خواتین ٹیم اب  ۱۴؍ستمبر سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا سے مقابلہ کرے گی۔ اس کے بعد ۳۰؍ ستمبر سے۲؍ نومبر تک ہندوستان اور سری لنکا میں خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔
 تیسرے میچ اور سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئی ہرمن پریت نے کہا’’ہر میچ اور ہر صورت حال مختلف ہوتی ہے۔ آج حالات بالکل مختلف تھے، پچ بھی الگ تھی، ماحول بھی الگ تھا لیکن ہوم گراؤنڈ پر حالات مختلف ہوں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’جب بھی آپ کو جیت ملتی ہے تو آپ کی ذہنیت مثبت ہو جاتی ہے اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس طرح کی چیزیں آپ کو اچھی پوزیشن میں رکھتی ہیں، لیکن جب بھی آپ اگلا میچ کھیل رہے ہوں، تو آپ کو ہمیشہ پہلی گیند سے ہی شروعات کرنی ہوتی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اس سیریز سے یقینی طور پر ہمارا حوصلہ بڑھے گا لیکن جب ہم وطن واپس جائیں گے تو ہمیں نئے سرے سے شروعات کرنی ہوگی۔ہم ورلڈ کپ کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کریںگے ۔‘‘
 ہندوستان کی خواتین ٹیم کی کپتان نے انگلینڈ کے خلاف جیت کا کریڈٹ ٹیم کی سخت محنت کو دیا۔ انہوں نے کہا’’ہماری ٹیم پچھلے کئی برسوں سے سخت محنت کر رہی ہے جس کا اثر اب نتائج میں نظر آ رہا ہے۔ مجھے واقعی بہت خوشی ہے کہ ہمارے کھلاڑی آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ وہ مثبت سوچ کے ساتھ آگے آ رہی ہیں اور اپنی فٹنس پر سخت محنت کر رہی ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK