Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہرمن پریت کی فوج پاکستان کیخلاف مقابلے کیلئے تیار

Updated: September 30, 2023, 11:06 AM IST | Agency | Hangzhou

ایشین گیمز میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار مظاہرہ کیا ہے او ر وہ روایتی حریف کیخلاف بھی یہی کارکردگی دُہرانا چاہے گی۔

Indian team has won 3 matches in Asian Games. Photo: PTI
ہندوستانی ٹیم نے ایشین گیمز میں ۳؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی

۱۹؍ویں ایشین گیمزمیں جیت کی ہیٹ ٹرک لگاچکی ہرمن پریت کی قیادت والی ہندوستانی ہاکی ٹیم سنیچر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
ہندوستان نے اپنی اعلیٰ کارکردگی پیش کرتے ہوئے اب تک ۳؍ میچوں میں ۳؍ جیت حاصل کی ہے۔ ہندوستان نے پول اے کے میچ میں ازبکستان کے خلاف۰۔۱۶؍ کی جیت کے ساتھ مقابلے کا آغاز کیا جب کہ دوسرے میچ میں سنگاپورپر۱۔۱۶؍ سے کامیابی حاصل کی۔ جمعرات کو ہندوستان کو۲۰۱۸ء کے ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈل فاتح جاپان کے خلاف مہم کے سب سے مشکل چیلنج کا سامنا کرنا پڑا، لیکن جیت کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے، ٹیم نے۲۔۴؍ سے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
ہندوستان کی طرح پاکستان کی ٹیم بھی اچھی کارکردگی پیش کر رہی ہے اوراس نے اب تک کھیلے جانےوالے تینوں میچ جیتے ہیں ۔ پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز سنگاپور کے خلاف۰۔۱۱؍گول سے جیت کے ساتھ کیا تھااور پھر بنگلہ دیش پر ۲۔۵؍ سے اور ازبکستان کے خلاف۲۔۱۸؍ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 
ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہاکہ ’’ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے جانےوالے میچوں سے بہت ہی قیمتی سبق سیکھے ہیں ، جو پاکستان کے خلاف کارآمد ثابت ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک ہمارے لئے یہ ایک اچھی شروعات رہی ہے لیکن سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ہر حریف کے ساتھ ہم نے اپنے گیم پلے کے بارے میں نئی ​​چیزیں سیکھی ہیں اور ہم اپنے کھیل کو کیسے بہتر بنا سکتے ہیں ۔ ہم ناقابل شکست رہے ہیں ، جس سے ہمیں پاکستان کے خلاف کھیل سے پہلے اعتماد ملتا ہے کہ ہم اچھی حالت اور فارم میں ہیں اور اب یہ صرف رفتار کو برقرار رکھنے اور ان تجربے کو نافذ کرنے کے بارے میں ہے جو ہم ہر روز سیکھ رہے ہیں۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی پاکستان کے خلاف میچ ہوتا ہے تو ڈریسنگ روم میں ہمیشہ جوش و خروش ہوتا ہے۔ پاکستان کے پاس ایک مضبوط ٹیم ہے جو واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، لہٰذا ہم جانتے ہیں کہ ہمیں بھی اس میں رہنا ہوگا اور ان کے خلاف جیتنے کی ہماری پوری کوشش ہے۔ ہم اب تک کے نتائج سے متاثر ہیں اور ہم ٹورنامنٹ میں اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔‘‘
دونوں ٹیمیں آخری بار اگست میں ہیرو ایشین چمپئن ٹرافی چنئی۲۰۲۳ء کے پول میچ میں مدمقابل ہوئی تھیں جہاں ہندوستان نے یہ میچ ۰۔۴؍گول سے جیتا تھا۔۲۰۲۳ء کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان۲۴؍ بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں ، جس میں ہندوستان نے۱۶؍ بار کامیابی حاصل کی ہے جب کہ پاکستان کو ۵؍ بار جیت ملی ہے اور ۳؍ میچ ڈرا ہوئے ہیں ۔ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہاکہ ’’ہم نے پہلے ۳؍ میچوں میں کچھ زبردست پیش رفت دکھائی ہے اور ہم اپنی کارکردگی سے خوش ہیں ۔ بلاشبہ، ہمیشہ کچھ بہتری کی جاسکتی ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK