• Mon, 02 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیلن ڈی اور جیتنے کے بعد پہلے ہی میچ میں ہیری کین پنالٹی گنوا بیٹھے

Updated: November 02, 2026, 4:02 PM IST | Munich

انگلینڈ کے اسٹار فٹ بالر اور ۲۰۲۶ء کے بیلن ڈی اور فاتح ہیری کین کو ایوارڈ جیتنے کے بعد اپنے پہلے ہی میچ میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جب وہ جرمنی کی بنڈس لیگا میں بوروسیا ڈورٹمنڈ کے خلاف پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے۔

Harry Kane.Photo:X
ہیری کین۔ تصویر:ایکس

انگلینڈ کے اسٹار فٹ بالر اور ۲۰۲۶ء کے بیلن ڈی اور فاتح ہیری کین کو ایوارڈ جیتنے کے بعد اپنے پہلے ہی میچ میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جب وہ جرمنی کی بنڈس لیگا میں بوروسیا ڈورٹمنڈ کے خلاف پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے۔ جرمنی کے معروف کلب بائرن میونخ اور بوروسیا ڈورٹمنڈ کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ ۲-۲ گول سے برابر رہا۔ میونخ کے الیانز ایرینا میں ۳۱ اکتوبر کو کھیلے گئے اس مقابلے میں ہیری کین کو گول کرنے کا سنہری موقع ملا تھا، لیکن ان کی پنالٹی کک گول پوسٹ کے اوپری حصے یعنی کراس بار سے ٹکرا کر واپس آگئی۔ اس طرح فٹ بال کی دنیا کا سب سے بڑا انفرادی اعزاز حاصل کرنے کے بعد میدان میں واپسی کین کے لیے توقعات کے برعکس رہی۔ میچ شروع ہونے سے پہلے بائرن میونخ نے اپنے اسٹار کھلاڑی ہیری کین کی بیلن ڈی اور کامیابی کا جشن منایا۔ کین اپنے اہل خانہ کے ساتھ میدان میں پہنچے اور انہوں نے اپنی ٹرافی شائقین کو دکھائی۔ اس موقع پر کلب نے ان کی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ کین نے اس موقع پر سنہری رنگ کے خصوصی فٹ بال بوٹ بھی پہنے ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ ہیری کین نے ۲۶؍ اکتوبر کو لندن میں منعقدہ تقریب میں ۲۰۲۶ء کا بیلن ڈی اور ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ گزشتہ ۲۵ ؍برسوں میں یہ اعزاز جیتنے والے پہلے انگلش فٹ بالر اور ۴۵ ؍برسوں میں بیلن ڈی اور حاصل کرنے والے پہلے بائرن میونخ کھلاڑی بنے۔ گزشتہ سیزن میں کلب اور ملک کی جانب سے ان کے ۷۳؍ گول بھی اس اعزاز کے حصول میں اہم رہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:سنجے دت نے سنجے گپتا کے انتقال کے بعد ’’کانٹے ۲‘‘ بنانے کا عہد کیا

مقابلے کے پہلے ہاف میں بائرن میونخ نے بہتر کھیل پیش کیا اور ۳۸ ؍ویں منٹ میں کونراڈ لائمر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ۰۔۱؍گول کی برتری دلادی۔ دوسرے ہاف میں بائرن کو مزید آگے نکلنے کا موقع اس وقت ملا جب ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی فیلکس نیمچا کا ہاتھ گیند سے لگنے پر ریفری نے پنالٹی دے دی۔۵۶ ؍ویں منٹ میں ہیری کین نے پنالٹی کک لگائی، لیکن ان کا طاقتور شاٹ گول پوسٹ کے کراس بار سے ٹکرا گیا اور وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ یہ ان کے لیے خاصا مایوس کن لمحہ تھا، کیونکہ وہ اس سے قبل بائرن میونخ کے لیے پنالٹی پر مسلسل گول کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ پنالٹی ضائع ہونے کے چند ہی منٹ بعد بوروسیا ڈورٹمنڈ نے مقابلے میں واپسی کی۔ ۶۰ ؍ویں منٹ میں سرہو گیراسی نے گول کرکے اسکور ۱-۱ کردیا۔ اس گول کے بعد مقابلے میں سنسنی مزید بڑھ گئی اور دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردیں۔بائرن میونخ نے ۶۶؍ ویں منٹ میں دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ ہیری کین نے جوشوا کیمچ کی جانب سے آنے والی گیند کو ہیڈر کے ذریعے ڈایوٹ اپامیکانو کے لیے موزوں پوزیشن میں پہنچایا، جس پر اپامیکانو نے گول کرکے بائرن کو ۱۔۲؍ سے آگے کردیا۔ اس طرح پنالٹی گنوانے کے باوجود کین نے اپنی ٹیم کے دوسرے گول میں اہم کردار ادا کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:آر سی بی کے ساتھی کوہلی کے خلاف کھیلنا شاندار تجربہ ہوگا: ڈفی

بائرن میونخ کے شائقین کو امید تھی کہ ان کی ٹیم آخری لمحات تک اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرلے گی، لیکن بوروسیا ڈورٹمنڈ نے ہمت نہیں ہاری۔ میچ کے ۸۹؍ ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی فابیو سلوا نے گول کرکے مقابلہ ۲-۲ ؍سے برابر کردیا۔ اس کے بعد بائرن کو دوبارہ برتری حاصل کرنے کا موقع نہیں ملا اور میچ اسی اسکور پر ختم ہوگیا۔اس نتیجے کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد ۱۸ ؍ہوگئی، تاہم بہتر گول فرق کی بنیاد پر بائرن میونخ بنڈس لیگا کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر برقرار ہے۔ 
ہیری کین کے لیے یہ مقابلہ کئی اعتبار سے غیر معمولی تھا۔ ایک طرف انہیں فٹ بال کے سب سے بڑے انفرادی اعزاز بیلن ڈی اور کے حصول پر شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی، تو دوسری طرف وہ پنالٹی پر گول کرنے سے محروم رہے۔ انہوں نے ایک اور موقع پر بھی گیند کو گول پوسٹ سے ٹکرایا، جبکہ ان کا ایک شاٹ گول کے قریب سے باہر چلا گیا۔ اس کے باوجود کین نے اپنی ٹیم کے لیے گول میں مدد فراہم کرکے ثابت کیا کہ وہ صرف گول کرنے ہی نہیں بلکہ حملوں کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ 
  ڈورٹمنڈ کے خلاف ڈرا کے علاوہ بائرن میونخ کو اپنے چند اہم کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے بھی تشویش کا سامنا کرنا پڑا۔ اسماعیل صاباری، سرج گنابری اور مائیکل اولیسے کو میچ کے دوران میدان سے باہر جانا پڑا۔ ٹیم پہلے ہی کچھ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی سے متاثر تھی۔ بائرن کو اگلے ہفتے چیمپئنز لیگ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کا سامنا کرنا ہے، اس لیے ان کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیم کے لیے اہم ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK