• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آر سی بی کے ساتھی کوہلی کے خلاف کھیلنا شاندار تجربہ ہوگا: ڈفی

Updated: November 01, 2026, 6:05 PM IST | Bengaluru

ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کو لے کر پُرجوش نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز جیکب ڈفی نے اتوار کو کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) میں ان کے ساتھی رہے وراٹ کوہلی کے خلاف کھیلنا `شاندار تجربہ ہوگا۔

Jacob Duffy.Photo:X
جیکب ڈفی۔ تصویر:ایکس

ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کو لے کر پُرجوش نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز جیکب ڈفی نے اتوار کو کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) میں ان کے ساتھی رہے وراٹ کوہلی کے خلاف کھیلنا `شاندار  تجربہ ہوگا۔ ڈفی نے اتوار کو   میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ کل میری ان سے (کوہلی سے) ملاقات ہوئی تھی۔ وہ جم میں تھے، اس لیے وہاں ان سے ملنا اچھا لگا۔ وہ میرے ساتھ بہت شاندار رہے ہیں۔ ہندوستان میں ان کا مقام تقریباً ایک قابل احترام شخصیت جیسا ہے۔ وہ وہاں کے سپر اسٹار ہیں۔ اس کے باوجود آر سی بی میں انہوں نے ہم سبھی غیر ملکی کھلاڑیوں کا جس طرح استقبال کیا اور خود کو زمین سے جڑا رکھا، وہ بہت اچھا تھا۔ میں اس کے لیے ان کا بہت شکر گزار ہوں۔ اب جب میں ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرچکا ہوں، تو ان کے خلاف کھیلنا شاندار تجربہ ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے:دہرادون: بجرنگ دل نے مسجد کی مرمت کا کام رکوایا، غیر قانونی تعمیر کا الزام

ڈفی نے بتایا کہ آر سی بی میں اپنے وقت کے دوران ہندوستانی پچوں کی حکمت عملی اور تکنیک کو لے کر کوہلی کے ساتھ ان کی کئی بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کام کرنے کی صلاحیت بہت اچھی ہے۔ میں نے نیٹ پر انہیں بہت گیندبازی کی، کیونکہ وہ ہمیشہ پہلے بلے باز ہوتے تھے اور میں پہلا گیندباز۔ ہم نے نیٹ پر ایک دوسرے کے خلاف بہت وقت گزارا، اس لیے یہ بہت دلچسپ ہے۔ لیکن اب انہوں نے بھی مجھے کافی دیکھا ہے، اس لیے وہ اچھی تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ہم باریک پہلوؤں پر بہت بات کرتے تھے۔ ہندوستان کی کچھ خاص پچوں کے بارے میں بات ہوتی تھی۔ وہاں کی کچھ پچیں ایک دوسرے سے کافی مختلف ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی پچوں پر کس طرح کی لائن اور لینتھ سے گیندبازی کرنی چاہیے، وہ خود کس طرح اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ مجھے بھی کن چیزوں میں تبدیلی کرنی چاہیے۔ ان سے ملنے والی اس طرح کی چھوٹی چھوٹی معلومات بہت اہم تھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:کشور کمار کا سدا بہار گیت ’نخرے والی‘ نئے انداز میں لوٹ آیا

ڈفی نے حال ہی میں اتار چڑھاؤ سے بھری ٹی۲۰؍ سیریز کھیلی ہے۔ ویلنگٹن میں تیسرے میچ میں انہوں نے صرف دو اوورز میں۴۴؍رنز دیے تھے، جہاں ہندوستان نے ۴۰؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۱۹۹؍ رنز کا ہدف حاصل کرلیا تھا۔ لیکن اس کے بعد انہوں نے آکلینڈ میں چوتھے ٹی۲۰؍ میں ۲۳؍ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کو ۸۷؍رنز سے جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اب انہیں ون ڈے میں گیندبازی کے لیے خود کو ڈھالنا ہوگا۔ یہ ایسا فارمیٹ ہے جسے وہ پسند بھی کرتے ہیں اور کافی اہمیت بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے اگلے سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل اس سیریز کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈفی نے کہاکہ ذاتی طور پر مجھے ون ڈے کرکٹ بہت پسند ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ ابتدا میں آپ کو سوئنگ ہوتی گیند کے ساتھ ہارڈ لینتھ پر گیندبازی کرنے کا موقع ملتا ہے۔ پھر آخر میں تھوڑی تیز رفتار کرکٹ بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ اگلے سال اسی وقت کے آس پاس جنوبی افریقہ میں ورلڈ کپ بھی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہماری ترجیحات میں وہ کافی اوپر ہے۔ بڑے ہوتے ہوئے میں نے ۲۰۱۵ء اور ۲۰۱۹ء کے ورلڈ کپ دیکھے۔ میرے لیے یہ ہمارے کھیل کے سب سے بڑے مراحل ہیں۔ یہ وہ بڑے ٹورنامنٹ ہیں جنہیں دیکھتے ہوئے میں بڑا ہوا، جن میں کھیلنے کا خواب دیکھا اور جن کا حصہ بننا چاہتا تھا۔ ورلڈ کپ میں اب ایک سال کا وقت باقی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ میچ اس میں کافی اہم کردار ادا کریں گے۔ ہم اس ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے خود کو تیار کرنے اور اپنا دعویٰ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK