Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست کے مختلف اضلاع میں زور دار بارش، ۶؍ جولائی تک الرٹ

Updated: July 05, 2026, 8:36 AM IST | Pune

رائے گڑھ میںپہاڑ کا تودہ گرنے سے مقامی باشندوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، عثمان آباد میں موسلادھار بارش، کسانوں میں خوشی

Roads were closed due to flooding in many places.
کئی مقامات پر پانی بھرنے سے راستے بند ہو گئے

ریاست کے بیشتر حصوں میں زور دار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے  ممبئی اور تھانے سمیت کئی علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خاص کر کوکن کے 
 ساحلی علاقوں اور وسطی مہاراشٹر کے علاقوں میں عوام سے محتاط رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔  یاد رہے کہ پونے کے پہاڑی علاقوں میں حال ہی میں تودے گرنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں وہاں بھی انتظامیہ الرٹ جاری کیا ہے۔ مہاراشٹر کے باقی حصوں میں درمیانی سے ہلکی بارش متوقع ہے۔
  محکمہ موسمیات نے پونے کے گھاٹ اور   کوکن  کے ساحل پر زوردار  بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ یہ پیش گوئی اگلے دو تین دنوں کیلئے ہے۔ امکان ہے کہ ۶؍ جولائی تک ان علاقوں میں مسلسل بارش ہوگی۔ اس لئےمشورہ دیا گیا ہے کہ کوئی بھی اس وقت  سیاحت کیلئےنہ جائے۔  کیونکہ پہاڑی علاقوں کی صورتحال خطرناک ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق ۶؍ جولائی کے بعد بارش کی شدت میں کمی آئے گی۔
 عثمان آباد میں زور دار بارش 
  اس دوران عثمان آباد ضلع میں سنیچر کے روز موسلادھار بارش ہوئی ۔ یہاں جون کا مہینہ خشک گزراجس کی وجہ سے خریف کی بوائی میں تاخیر ہوئی۔ کسان بڑی بے صبری سے بارش کا انتظار کر رہے تھے۔ آخر کار بارش شروع ہوتے ہی کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بارش کی زوردار   موجودگی کی وجہ سے اب خریف کی بوائی میں بھی تیزی آئے گی۔ 
 امبا ندی خطرے کے نشان سے اوپر 
 اُدھر رائے گڑھ ضلع میں بھی سنیچر کو موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ اطلاع کے مطابق امبا ندی  نے خطرے کے نشان کو پار کر لیا جس کی وجہ سے مقامی افراد کو ندی سے دور رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کنڈلکا ندی اور پاتال گنگا ندی کی سطح بھی خطرے کے نشان کی طرف بڑھ رہی ہے۔ لہٰذا یہاں بھی انتظامیہ چوکنا ہو گیا ہے۔ اسی طرح پولاد پور کے علاقے میں پہاڑ کا تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے آس پاس کے لوگوں کو وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ حالانکہ ضلع میں حالات قابو میں بتائے جا رہے ہیں لیکن مقامی باشندوں کو محتاط رہنے کیلئے کہا گیا ہے کیونکہ کوکن میںا بھی بارش کے مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔  ان علاقوں کے علاوہ جلگائوں اور دھولیہ سے بھی تیز بارش کی خبر ہے۔  
 ممبئی سمیت ریاست کے کئی حصوں میں جاری موسلادھار بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ الرٹ پر سختی سے عمل کریں۔ اگلے دو دنوں میں اوسط سے زیادہ بارش اور طوفان کا امکان ہے۔یاد رہے کہ ریاست کے کئی علاقوں میں سنیچر کے روز اسکولوں میں چھٹی دی گئی جبکہ بعض اضلاع میں پہلے ہی اسکولوں کا وقت تبدیل کیا گیا ہے۔ زور دار بارش کے سبب آمدورفت کے ذرائع بھی متاثر ہوئے ہیں۔ 

pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK