• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہنری کے چھ وکٹوں نے ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑی، نیوزی لینڈ کی شاندارفتح

Updated: November 13, 2026, 5:05 PM IST | New Delhi

ول ینگ (۱۲۵؍رن) اور ٹم سیفرٹ (۵۸؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد میٹ ہنری (چھ وکٹ) اور میتھیو فشر (تین وکٹ) کی تباہ کن گیندبازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو چوتھے ون ڈے مقابلے میں ہندوستان کو ۲۴۴؍ رن سے شکست دے دی۔

Matt Henry.Photo:X
میٹ ہنری۔ تصویر:ایکس

ول ینگ (۱۲۵؍رن) اور ٹم سیفرٹ (۵۸؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد میٹ ہنری (چھ وکٹ) اور میتھیو فشر (تین وکٹ) کی تباہ کن گیندبازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو چوتھے ون ڈے مقابلے میں ہندوستان کو ۲۴۴؍ رن سے شکست دے دی۔ رن کے لحاظ سے یہ ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی شکست ہے۔ میٹ ہنری کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں برابری کی امیدیں برقرار رکھیں۔۳۳۴؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری ہندوستانی ٹیم کو میٹ ہنری کی تباہ کن گیندبازی کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے ہی اوور میں ہنری نے روہت شرما کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔ اسی اوور میں انہوں نے وراٹ کوہلی اور کپتان شریاس ایّر کو بھی صفر پر آؤٹ کرکے ہندوستان کے تین وکٹ حاصل کرلیے اور ٹیم کو شدید بحران میں ڈال دیا۔ چھٹے اوور میں رُتوراج گائیکواڑ (۵؍رن) کی صورت میں ہندوستان کا چوتھا وکٹ گرا، جنہیں کائل جیمیسن نے آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:انتخابی تنازع کے بیچ سونم وانگچک کا دعویٰ، گھر میں نظر بند کردیا گیا

اس کے بعد ایشان کشن اور اکشر پٹیل نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے ۴۴؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ۱۸؍ویں اوور میں میتھیو فشر نے اکشر پٹیل (۲۱؍رن ) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ۲۱؍ویں اوور میں ہنری نے ایشان کشن (۲۷؍رن) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ نمن دھیر نے بھی کچھ دیر جدوجہد کی، لیکن ۲۴؍ویں اوور میں فشر نے انہیں ۲۱؍رن پر آؤٹ کردیا۔ ۲۷؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہنری نے گرنور برار  (۲) کو بولڈ کرکے ہندوستان کی پوری اننگز ۸۹؍ رن پر سمیٹ دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے ۲۷؍ رن دے کر چھ وکٹ حاصل کیے، جبکہ میتھیو فشر نے تین اور کائل جیمیسن نے ایک وکٹ لیا۔


اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف  ۳۳۳؍ رن بنائے تھے۔ ٹاس جیت کر ہندوستان نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سلامی بلے بازوں ول ینگ اور ٹم سیفرٹ نے ۸۵؍ رن کی شراکت کرکے ٹیم کو اچھی شروعات دی۔ ۱۲؍ویں اوور کی آخری گیند پر گرنور برار نے ٹم سیفرٹ کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ سیفرٹ نے ۴۸؍ گیندوں میں چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ۵۸؍ رن بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:ایک دور میں امجد خان کے مکالموں کے کیسٹ کی دھوم تھی

اس کے بعد اکشر پٹیل نے نک کیلی (۴؍رن) اور عاقب نبی نے ڈین فاکس کرافٹ (۸؍رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی واپسی کرائی۔ فن ایلن نے ول ینگ کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے ۹۰؍ رن جوڑ کر نیوزی لینڈ کے بڑے اسکور کی بنیاد مضبوط کی۔ اکشر پٹیل نے ۳۲؍ویں اوور میں فن ایلن (۴۱؍رن) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ایلن نے ۳۰؍ گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔
اس کے بعد نمن دھیر نے سنچری مکمل کرچکے ول ینگ کو آؤٹ کیا۔ ینگ نے ۱۰۸؍ گیندوں میں ۱۴؍ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ۱۲۵؍ رن بنائے۔ مائیکل بریسویل (۱۵؍رن) کو برار اور کپتان مچل سینٹنر (۲۴؍رن) کو عرشدیپ سنگھ نے آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوبارہ مقابلے میں واپسی دلائی۔ ۴۸؍ ویں اوور میں عاقب نبی نے کرسچین کلارک (۲۲؍ رن) کو پویلین بھیجا۔ اس کے بعد آخری اوور میں میٹ ہنری (۲؍رن) اور میتھیو فشر  ایک رن آؤٹ ہوئے اور نیوزی لینڈ کی اننگز ۳۳۳؍ رن پر ختم ہوگئی۔ ہندوستان کی جانب سے عاقب نبی، گرنور برار اور اکشر پٹیل نے دو دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ نمن دھیر اور عرشدیپ سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK