• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہاکی پرو لیگ: ہندوستان نے آسٹریلیا کو شوٹ آؤٹ میں ہرا کر شکست کا سلسلہ توڑا

Updated: February 26, 2026, 2:00 PM IST | Agency | Hobart

مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں۱-۱؍سے برابری پر تھیں جس کے بعد شوٹ آؤٹ کے ذریعے فیصلے نے ہندوستان کو اضافی بونس پوائنٹ دلا دیا۔

Indian Team Registers Impressive Win.Photo:INN
ہندوستانی ٹیم نے شاندار جیت درج کی ہے۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ  پرو لیگ میں شوٹ آؤٹ میں ہارنے کے جمود کو توڑتے ہوئے بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف ۱-۳؍سے یادگار فتح حاصل کی ۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں۱-۱؍سے برابری پر تھیں جس کے بعد شوٹ آؤٹ کے ذریعے فیصلے نے ہندوستان کو اضافی بونس پوائنٹ دلا دیا ۔ میچ کے ابتدائی تین کوارٹرز میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا : آسٹریلیائی ٹیم (کوکابوراس) کو شروع میں کئی مواقع ملے، لیکن  ہندوستانی گول کیپر موہت ہونہلی ششی کمار دیوار بن کر کھڑے رہے۔ ہاف ٹائم تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے حملے تیز کیے، لیکن فنشنگ کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی ٹیم گول نہیںکرسکی۔۴۹؍ ویں منٹ میں آسٹریلیائی کپتان جیریمی ہیورڈ نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو۰-۱؍ کی سبقت دلا دی۔ محض تین منٹ بعد، شیلانند لاکڑا نے گول کے سامنے ملی گیند کو مہارت سے ٹرن لیتے ہوئے جال میں پہنچا کر اسکور۱-۱؍ سےبرابر کر دیا۔ کھیل ختم ہونے سے صرف۳؍ سیکنڈ قبل آسٹریلیا کو پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ گیند کو ٹریپ کرنے میں ناکام رہے اور میچ شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔جسے  ہندوستان نے جیت کر اضافی بونس پوائنٹس حاصل کیے۔
 
 
انگلینڈ لائنز کا وہائٹ واش: تیسرے ٹی ٹوینٹی میں پاکستان شاہین کو سنسنی خیز میچ میں شکست
ابوظہبی (ایجنسی): انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہین کے خلاف ٹی ۲۰؍ سیریز میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے تیسرے اور آخری میچ میں۲؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز  میں۰-۳؍سے کلین سویپ مکمل کر لیا ہے۔ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان شاہین کی بہتر کارکردگی کے باوجود انگلش کپتان کی جارحانہ اننگز میچ کا پانسہ پلٹنے میں کلیدی ثابت ہوئی۔پاکستان شاہین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو آغاز میں کچھ مشکلات کا شکار رہا۔ تاہم، اوپنر معاذ صداقت نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے۳۶؍ گیندوں پر۵۳؍ رن کی نمایاں اننگز کھیلی۔ اننگز کے اختتام پر سعد مسعود(۲۹) اور شاہد عزیز(۳۰) کے درمیان ساتویں وکٹ کیلئے ۵۹؍ رن کی ناقابلِ تسخیر شراکت نے ٹیم کا مجموعہ۲۰؍ اوورز میں۶؍ وکٹوں پر۱۶۲؍ رن تک پہنچا دیا۔انگلینڈ کے اسکاٹ کیری نے۳؍ اور جیمس کولز نے۲؍ وکٹ حاصل کئے۔۱۶۳؍رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی گیندبازوں نے عمدہ آغاز کیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں۔
 
 
معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ پر گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی، لیکن انگلینڈ لائنز کے کپتان جارڈن کاکس نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے ۳۷؍ گیندوں پر۶؍چھکوں اور۵؍چوکوں کی مدد سے۷۵؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔میچ کے آخری لمحات میں سفیان مقیم اور شاہد عزیز کی نپی تلی بولنگ اور ایک رن آؤٹ کی بدولت مقابلہ سنسنی خیز ہو گیا، تاہم انگلینڈ لائنز نے ۱۹ء۳؍اوورز میں۸؍ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ شاندار بیٹنگ پر جارڈن کاکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK