• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشہور زمانہ قاری شیخ محمود خلیل الحصری کوپس از مرگ ’عالمی قرآنی شخصیت‘ کا اعزاز

Updated: February 27, 2026, 10:00 AM IST | Dubai

۲؍مارچ کو دبئی میں منعقد ہونیوالی تقریب میں ایک ملین ڈالر کی رقم و سند ان کے ورثاء کوسونپی جائے گی۔ شیخ الحصری وہ پہلے قاری تھے جنہوں نے تجوید کے قواعد کے مطابق مصحف کی باضابطہ منظور شدہ ریڈیو ریکارڈنگ تیار کی، جس سے ان کی تلاوت پوری دنیا میں پھیلی اور ان کا قرآنی مکتب طلبہ اور قرّاء کیلئے مشعلِ راہ بن گیا۔ ۱۹۷۷ءمیں اقوامِ متحدہ میں قرآن کی تلاوت کرنے والے وہ پہلے قاری تھے۔

Sheikh Mahmoud Khalil Al Hussary reciting in his unique and captivating style at an event. Photo: INN
شیخ محمود خلیل الحصری ایک تقریب میں اپنے مخصوص و مسحورکن انداز میں  قرأت کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے ۲۸؍ ویں ایڈیشن کیلئے قاری شیخ محمود خلیل الحصری مرحوم کو’گلوبل قرانک پرسنالٹی‘ کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان امیر دبئی اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ راشد بن مکتوم نے کیا ہے۔ بتایا گیا کہ یہ اعزاز ان کی شاندار علمی و قرآنی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے، جنہوں نے عالم اسلام میں خدمت قرآن کے مختلف شعبوں پر گہرے اثرات چھوڑے، خصوصاً علم تجوید اور معاصر قرآنی مکتبِ فکر میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہ اعزاز ان کے ورثاء کو ۲؍مارچ۲۰۲۶ء کو منعقد ہونیوالی تقریب میں دیا جائے گا۔ جہاں ۲۰۲۶ء کے سب سے خوبصورت تلاوتِ قرآن کے مقابلے کے فاتحین کی بھی پزیرائی کی جائیگی۔ 
ایک منفرد ورثے کو خراجِ تحسین
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے محکمہ اسلامی امور و فلاحی سرگرمیوں (آئی اے سی اے ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل اور دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین احمد درویش المہیری نے کہا کہ مرحوم قاری الحصی کا۲۸؍ویں ایڈیشن کیلئے گلوبل قرآنی شخصیت کے طور پر انتخاب دانشمند قیادت کے اس ویژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت اُن علماء کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے قرآنِ کریم کی خدمت میں انمٹ نقوش چھوڑے۔  انہوں نے کہا:’’ یہ اعزاز شیخ محمودالحصری کی دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف اور وفاداری کا اظہار ہے، جن کے دوران انہوں نے تلاوت و اتقان کا ایک منفرد مکتب قائم کیا اور تجوید میں ایک مضبوط سائنسی منہج کی بنیاد رکھی، جس سے دنیا بھر کی نسلوں نے استفادہ کیا۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کی فوجی صلاحیت دیکھ کر امریکہ محتاط، مذاکرات کا آغاز

شیخ الحصری کی حیات و خدمات کا مختصر جائزہ
شیخ الحصری وہ پہلے قاری تھے جنہوں نے تجوید کے قواعد کے مطابق مصحف کی باضابطہ منظور شدہ ریڈیو ریکارڈنگ تیار کی، جس سے ان کی تلاوت پوری دنیا میں پھیلی اور ان کا قرآنی مکتب طلبہ اور قرّاء کیلئے مشعلِ راہ بن گیا۔ شیخ الحصری مصر کے قرّاء کے سربراہ اور سابقہ کمیٹی برائے مراجعتِ مصحف کے چیئرمین رہے۔ آپ۱۷؍ ستمبر۱۹۱۷ء کو مصر کے صوبہ غربیہ کے گاؤں شبرہ النملہ میں پیدا ہوئے اور۲۴؍ نومبر۱۹۸۰ء کو وفات پائی۔ آپ نے آٹھ سال کی عمر میں  قرآنِ کریم حفظ کر لیا تھا اور بعد ازاں جامعہ ازہر میں عشرہ قرأت کی تعلیم حاصل کی۔ ۱۹۵۷ء میں آپ کو مصری مراکزِ قرأت کا انسپکٹر مقرر کیا گیا، ۱۹۵۸ء میں مصری کونسل آف ریسیٹیشن کے نائب بنے، ۱۹۵۹ء میں جامعہ ازہر کے فیصلے سے مصاحف کے مراجع و مصحح مقرر ہوئے، ۱۹۶۱ء میں صدارتی فرمان کے ذریعے مصر کے چیف قاری مقرر کیے گئے، اور اگلے برس جامعہ ازہر کی کمیٹی برائے مراجعت و تصحیح مصحف کے نائب سربراہ اور بعد ازاں سربراہ بنے۔ شیخ الحصری عالمی اتحادِ قرّاء قرآن کے صدر بھی رہے۔ ۱۹۷۷ءمیں اقوامِ متحدہ میں قرآن کی تلاوت کرنے والے وہ پہلے قاری تھے، ۱۹۷۸ء میں لندن کے شاہی محل میں تلاوت کی، اور وہ پہلے قاری تھے جنہوں نے وہائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس میں قرآن پڑھا، جہاں ان کا استقبال امریکی صدر جمی کارٹر نے کیا۔  انہوں نے دنیا کے پہلے ریڈیو قرآن اسٹیشن کے قیام اور قرآنِ کریم کی صوتی تدوین میں اہم کردار ادا کیا۔ ۲۵؍ مارچ۱۹۶۴ء کو قرآن ریڈیو کی پہلی نشریات ان ہی کی آواز میں نشر ہوئیں۔ 
قابل ذکر ہے کہ شیخ الحصری وہ پہلے قاری تھے جنہوں نے۱۹۶۱ء میں روایتِ حفص عن عاصم کے مطابق قرآن کی مکمل ریکارڈنگ کی، ۱۹۶۴ء میں روایتِ ورش عن نافع، ۱۹۶۸ء میں قالون اور الدوری عن ابی عمرو البصری، ۱۹۶۹ء میں تعلیمی قرآن، اور۱۹۷۵ء میں تفسیر کے ساتھ تلاوت شدہ مصحف ریکارڈ کیا۔ انہوں نے ایک قیمتی علمی ورثہ چھوڑا، جس کا بڑا حصہ قرآنِ کریم اور علومِ قرآن پر مشتمل ہے۔ ان کی نمایاں تصانیف میں احکام تلاوتِ قرآن، الشاطبیہ و الدرہ سے عشرہ قرأت، وقف و ابتدا کی رہنمائی و دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK