Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہاکی ٹیم انڈیا نے پاکستان کیخلاف ۱۰؍ گول کئے

Updated: September 30, 2023, 9:24 PM IST | Hangzhou

ایشین گیمز کے مردوں کے ہاکی مقابلے میں ہندوستان کی ۲۔۱۰؍گول سے کامیابی ۔ ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ للت کمار اپادھیائے نے اپنا ۱۵۰؍ واں بین الاقوامی میچ کھیلا۔ہرمن پریت کی ہیٹ ٹرک

Indian Hockey Team. Photo:INN
ہندوستانی ہاکی ٹیم۔(تصویر:آئی این این)

کپتان ہرمن پریت کی ہیٹ ٹرک اور جارحانہ کھیل کے انداز کی بدولت ہندوستان نے سنیچر کو یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو۲۔۱۰؍ سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔سنیچرکوپول اے کے پاکستان کے ساتھ میچ میں ہندوستانی ٹیم شروع سے ہی جارح نظر آئی۔ مندیپ سنگھ نے ۸؍ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کو۰۔۱؍ کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد ابھیشیک اور مندیپ سنگھ نے آپس میں زبردست تال میل پیدا کیا اور مندیپ سنگھ نے مخالف گول کیپر کو چکمہ دے کر شاندار گول کیا جبکہ ہرمن پریت سنگھ نے ۱۱؍ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک کو گول میں بدل کر ہندوستان کی برتری ۰۔۲؍ کردی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان نے۰۔۲؍ کی برتری حاصل کر لی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ للت کمار اپادھیائے ہندوستان کیلئے  اپنا۱۵۰؍  واں بین الاقوامی میچ کھیل رہے ہیں۔ اس ہندوستانی فارورڈ نے ہندوستان کے لئے ۲۰۱۴ء ہاکی ورلڈ کپ میں آغاز کیا تھا۔۲۹؍ سالہ کھلاڑی۲۰۱۸ء کے ایشین گیمز میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ ٹوکیو۲۰۲۰ء اولمپک میں بھی کانسہ کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ اب تک ہندوستانی ٹیم پوری طرح پاکستان پر حاوی دکھائی دے رہی ہے۔ دوسرے کوارٹر میں للت کمار نے گول کرنے کا موقع پیدا کیا، لیکن سائیڈ نیٹنگ سے ٹکراکر  ان کی کوشش ناکام ہوگئی۔
 دوسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں سمیت نے گول کر کے ہندوستان کو۰۔۴؍ کی برتری دلا دی۔ اس طرح پہلے ہاف کے اختتام تک ہندوستان نے یکطرفہ انداز میںاپنی برتری برقرار رکھی اور پاکستانی ٹیم کو ایک بھی گول نہیں کرنے دیا۔ ہندوستان نے تیسرے کوارٹر کے آغاز سے ہی اپنا قبضہ برقرار رکھا اور پنالٹی اسٹروک حاصل کرلیا جسے ہرمن پریت سنگھ نے ایک بار گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اگلے ہی منٹ میں، ہندوستان نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر  اور اسکور کو۰۔۶؍ تک پہنچا دیا۔ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ میں ایک بار پھر ہرمن پریت سنگھ کا دبدبہ دیکھنے کو ملا۔
پاکستان ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر اپنا کھاتہ کھولا۔ پاکستان کی جانب سے یہ گول محمد سفیان خان نے۳۸؍ویں منٹ میں کیا۔ پاکستان نے میچ کا تیسرا پنالٹی کارنر حاصل کیا، لیکن ہندوستانی ڈیفنس کے خلاف اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا۔ میچ کے۴۱؍ویں منٹ میں ورون کمار نے پاکستانی ڈیفنس کو چکمہ دیتے ہوئے فیلڈ گول کر دیا۔ اس طرح ہندوستان نے۱۔۷؍ کی برتری برقرار رکھی۔ تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں پاکستان نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے اسکور میں اضافہ کیا۔ عبدالوحید اشرف رانا نے یہ گول کیا۔
چوتھے اور آخری کوارٹر کے آغاز میں ہندوستانی کھلاڑی شمشیر سنگھ نے فیلڈ گول کر کے ہندوستان کی برتری۲۔۸؍کر دی۔ شمشیر نے پاکستان کے ڈیفنس کو چکمہ دیتے ہوئے یہ گول کیا۔ للت کمار اپادھیائے نے شاندار پاس کو گول میں تبدیل کر کے اپنا پہلا گول کیا۔ للت نے ۴۹؍ویں منٹ میں پاکستان کے گول کیپر کو چکمہ دے کر یہ گول کیا، اس کے ساتھ ہی ہندوستان کی برتری۲۔۹؍ ہوگئی۔۵۳؍ویں منٹ میں ورون نے میچ کا اپنا دوسرا اور ہندوستان کا۱۰؍واں گول کیا اور ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو۲۔۱۰؍ سے شکست دے دی۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے اپنے پول میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب تک کھیلے گئے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ہندوستان کا پول-اے کا آخری میچ بنگلہ دیش کے ساتھ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK