• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنیوا میں خطاب بچانے نہیں، بلکہ اسے دوبارہ جیتنے آیا ہوں: گوکیش

Updated: November 23, 2026, 7:17 PM IST | Geneva

اپنا تاج برقرار رکھنے کے ارادے سے، ہندوستان کے ڈی گوکیش نے کہا کہ وہ جنیوا میں اپنا خطاب بچانے نہیں، بلکہ اسے دوبارہ جیتنے آئے ہیں۔ ہندوستان کے گوکیش ڈوماراجو موجودہ عالمی شطرنج چیمپئن ہیں۔ انہوں نے دسمبر ۲۰۲۴ء میں ۱۸؍ برس کی عمر میں یہ خطاب جیتا تھا۔

Gukesh.Photo:X
گوکیش۔ تصویر:ایکس

اپنا تاج برقرار رکھنے کے ارادے سے، ہندوستان کے ڈی گوکیش نے کہا کہ وہ جنیوا میں اپنا خطاب بچانے نہیں، بلکہ اسے دوبارہ جیتنے آئے ہیں۔ ہندوستان کے گوکیش ڈوماراجو موجودہ عالمی شطرنج چیمپئن ہیں۔ انہوں نے دسمبر ۲۰۲۴ء میں ۱۸؍ برس کی عمر میں یہ خطاب جیتا تھا۔ یہ مقابلہ ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہو گا، کیونکہ دونوں کھلاڑی ۲۰؍ سال کے ہیں۔ شطرنج کی تاریخ میں یہ سب سے کم عمر کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والا ورلڈ چیمپئن شپ مقابلہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے:رشمیکا مندانا کی فلم ’’میسا‘‘ کی ریلیز ملتوی، فلم سازوں نے تاخیر کی وجہ بتائی

جنیوا میں اپنے پہلے راؤنڈ کے مقابلے سے ایک دن پہلے، اپنے حریف ازبکستان کے جاوخیر سنداروف کے خلاف ہونے والے میچ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گوکیش نے کہا کہ وہ ہر گیم میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ موجودہ عالمی چیمپئن کے طور پر مقابلے میں اترنے کے دباؤ کو وہ کیسے سنبھالیں گے، تو ہندستانی گرینڈ ماسٹر نے اپنی سوچ واضح کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنیوا میں خطاب بچانے نہیں، بلکہ اسے دوبارہ جیتنے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’مجھے نہیں لگتا کہ میں یہاں کچھ بچانے آیا ہوں... میں یہاں اسے دوبارہ جیتنے آیا ہوں۔ میری یہی سوچ ہے۔‘‘
چاہے انہیں فیورٹ سمجھا جائے یا انڈر ڈاگ، انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کا نظریہ نہیں بدلے گا: ہر گیم میں اپنا بہترین دینا۔ گوکیش نے اس مقابلے کو دو کھلاڑیوں اور ان کی متعلقہ ٹیموں کے درمیان دماغ کی ایک دلچسپ لڑائی قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایسے ایونٹس سے پہلے ہونے والے ٹریننگ کیمپ انہیں کتنے پسند ہیں۔ انہوں نے انہیں بہت دلچسپ اور مثبت توانائی کا ذریعہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان ۱۰؍ وکٹ حاصل نہ کر سکا، پہلا ٹیسٹ ڈرا

بات چیت کے دوران ایک بات صاف طور پر سامنے آئی کہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کا بہت احترام کرتے ہیں۔ گوکیش نے اپنے حریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا’’وہ بے حد باصلاحیت اور پُرجوش ہیں، یا ایک لفظ میں کہیں تو - ایک جینیئس ہیں!‘‘ حال ہی میں گوکیش کی فارم میں آئی گراوٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر، سنداروف نے اپنی رائے دی:’’یہ سچ ہے کہ پچھلے ایک سال میں وہ کئی گیم ہارے ہیں، لیکن ایسا اس لیے ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ہر حال میں جیتنا چاہتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ میچ میں زیادہ محتاط رہیں گے۔‘‘اس دوران، سنداروف تین ہفتے تک جاری رہنے والے اس مقابلے کے ذہنی دباؤ کو لے کر کچھ زیادہ ہی فکر مند نظر آئے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس میں کافی تناؤ ہوتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ میچوں کے درمیان آرام کرنے اور پھر سے تروتازہ ہونے کے طریقے ڈھونڈنا ضروری ہے۔ جب ان سے ان کی جیت کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا، تو چیلنجر نے تسلیم کیا کہ ان کی تیاری اور بہتر ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کینڈیڈیٹس ٹورنامنٹ اور ورلڈ چیمپئن شپ میچ کے درمیان کے سات مہینے بہت تیزی سے گزر گئے۔ پھر بھی، انہوں نے صاف طور پر کہا کہ ان کا اعتماد بالکل کم نہیں ہوا ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ میچ کی شروعات ایک اوپننگ سیریمنی کے ساتھ ہوئی۔ یہ مقابلے سوئٹزرلینڈ کے جنیوا کے قریب کولونی میں واقع فاؤنڈیشن مارٹن بوڈمر  میں ۱۲؍ دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔ پہلا راؤنڈ ۲۴؍ نومبر کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK