Updated: November 23, 2026, 4:07 PM IST
| Wellington
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ۲۷۔۲۰۲۶ءکے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ڈرا رہا۔ پیر کو بیسن ریزرو میں کھیلے گئے اس میچ کے پانچویں اور آخری دن نیوزی لینڈ نے ڈٹ کر بلے بازی کی اور اپنی دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹوں پر ۲۳۹؍ رنز بنائے۔
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ۲۷۔۲۰۲۶ءکے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ڈرا رہا۔ پیر کو بیسن ریزرو میں کھیلے گئے اس میچ کے پانچویں اور آخری دن نیوزی لینڈ نے ڈٹ کر بلے بازی کی اور اپنی دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹوں پر ۲۳۹؍ رنز بنائے۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں ۳۵۲؍ رنز کی بڑی برتری حاصل کی تھی۔ آخری دن ہندوستان نے ۳؍ وکٹ بھی لئے، اس کے باوجود وہ جیت درج نہ کر سکا۔ ایسا اس لیے ہوا کیونکہ پہلے دن کے ابتدائی سیشن کے بعد پچ سے گیند بازوں کو کوئی خاص مدد نہیں ملی۔
اس ڈرا مقابلے سے دونوں ٹیموں کو۴۔۴؍ پوائنٹس ملے۔ اس نتیجے سے اگلے سال جون میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کے پہنچنے کے امکانات کو کوئی خاص فائدہ نہیں ملا۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ۵؍ وکٹ صرف ۷۰؍ رنز پر گرا دیں۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے شاندار واپسی کی۔ ہینری نکولس نے ناٹ آؤٹ ۱۷۵؍ رنز کی اننگ کھیلی، جبکہ گلین فلپس نے ۱۱۸؍رنز بنائے (جو ان کی دوسری ٹیسٹ سنچری تھی)۔ ان اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں ۳۶۸؍ رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھئے:کس نے کیا پہنا اور کیا کھایا، اس کو ہدف تنقید نہیں بنانا چاہئے: رضامُراد
ہندوستانی گیند بازوں نے اچھی شروعات کی تھی، لیکن آہستہ آہستہ پچ سپاٹ ہو گئی اور بلے بازی کے لیے بہت آسان ہو گئی۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں اس کا پورا فائدہ اٹھایا اور ۹؍ وکٹوں پر ۷۲۰؍رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی، جس سے انہیں ۳۵۲؍ رنز کی مضبوط برتری مل گئی۔ کے ایل راہل اور رشبھ پنت نے سنچریاں بنائیں، جبکہ شبھ من گل ۹۸؍ رنز بنا کر سنچری سے محروم رہے۔ یشسوی جیسوال اور دیودت پڈیکل نے بھی ۸۰؍رن کے اسکور تک پہنچ کر اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستان کی اننگ میں پہلی ۷؍ شراکتیں ۵۰؍ رنز سے اوپر رہیں، جو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
بڑی برتری کا سامنا کرنے والی نیوزی لینڈ ٹیم جانتی تھی کہ ٹیسٹ بچانے کے لیے انہیں بچا ہوا پورا وقت بلے بازی کرنی ہو گی۔ کپتان ٹام لیتھم کے لیے یہ میچ بہت مایوس کن رہا، وہ دونوں اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وہیں، پہلی اننگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ہینری نکولس کو اس بار شاندار گیند بازی کرنے والے پرسدھ کرشنا نے آؤٹ کیا۔ ہندوستان کو معلوم تھا کہ میچ کا نتیجہ نکالنے کے لیے انہیں شاندار گیند بازی کرنی ہو گی، کیونکہ آخری دن کے آغاز میں نیوزی لینڈ کی آٹھ وکٹیں لینا باقی تھیں۔ پیر کو ہندوستان نے اچھی شروعات کی اور رات کے دونوں ناٹ آؤٹ بلے بازوں - ڈیون کونوے (۶۵؍رن) اور راچن رویندر (۳۷؍رن) کو آؤٹ کر دیا، جس سے جیت کی امیدیں کچھ دیر کے لیے جاگ گئیں۔
کونوے، جنہوں نے ۱۶۵؍ گیندوں کا سامنا کیا اور سات چوکے لگائے، واشنگٹن سندر کی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہیں، رویندر نے پرسدھ کرشنا کی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، لیکن گیند ان کے بلے کے کنارے سے لگ کر گلی میں کھڑے کے ایل راہل کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ لنچ کے کچھ دیر بعد ٹام بلنڈل کی وکٹ گری۔ ہندوستان نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا، جو کامیاب رہا اور انشل کمبوج نے بلنڈل (۱۵؍ رنز) کو آؤٹ کر دیا۔ وکٹ کے پیچھے پنت نے کیچ پکڑا۔
اس کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے ہندوستانی گیند بازوں کو سخت ٹکر دی۔ ان دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے ایک اہم شراکت قائم کر کے ہندستانی ٹیم کو پریشان کر دیا۔ جب میچ ختم ہوا، تب مچل ۴۹؍ رنز اور فلپس ۲۶؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ہندوستان نے اپنے تیز گیند بازوں کو روٹیٹ کیا اور سندر نے بھی طویل عرصے تک گیند بازی کی، لیکن پچ سے کوئی خاص مدد نہ ملنے کے باعث ہندوستانی گیند باز نیوزی لینڈ کے ان دونوں بلے بازوں کے مضبوط دفاع کو نہیں توڑ پائے۔
یہ بھی پڑھئے:یونان میں تقریباً ۴؍ میں سے۳؍ گھرانوں میں کوئی بچہ نہیں: یوروسٹیٹ
ہندوستان کو اپنے ہاتھ سے نکلے ہوئے مواقع کا افسوس رہے گا۔ خاص طور پر تب، جب مچل اپنی کریز سے کافی باہر پھنس گئے تھے اور بلنڈل نے رن لینے سے منع کر دیا تھا، لیکن آکاش دیپ انہیں رن آؤٹ نہیں کر پائے۔ اس کے علاوہ، کمبوج کی ایک گیند مچل کے دستانوں سے لگ کر ہوا میں اچھلی، لیکن فیلڈر اسے پکڑ نہیں سکا۔ہندوستانی گیند بازوں نے پوری کوشش کی، لیکن پچ سے انہیں کوئی مدد نہیں ملی۔ پچ کافی سپاٹ رہی اور اس میں کوئی خاص ٹوٹ پھوٹ نہیں ہوئی۔ آخر میں، ہندوستانی ٹیم کو سمجھ آ گیا کہ بچے ہوئے ایک گھنٹے میں پانچ وکٹیں لینا ممکن نہیں ہے، اس لیے انہوں نے میچ کو ڈرا پر تسلیم کر لیا۔ہندوستان مسلسل دوسری بار ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن مخالف ٹیم کو آل آؤٹ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ تاہم، پچ سے کوئی مدد نہ ملنے کے باعث اس میں گیند بازوں کی بہت زیادہ غلطی نہیں نکالی جا سکتی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں ۷۰؍ رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر مشکل میں تھی، لیکن انہوں نے شاندار جذبے کا مظاہرہ کیا۔ پہلی اننگ میں ۳۶۸؍رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد، انہوں نے اپنی دوسری اننگ میں ۲۳۹؍ رنز پر پانچ وکٹیں کھو کر میچ کو ڈرا کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ نکولس کو ان کے شاندار تعاون کے لیے پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا؛ انہوں نے پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ ۱۷۵؍ رنز اور دوسری میں ۳۱؍ رنز بنائے۔ میچ ڈرا رہنے سے دونوں ٹیموں کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں چار چار پوائنٹس ملے۔ وہیں، ہندوستان کو ایک ایسا موقع گنوانے کا ملال رہا، جس سے وہ اگلے سال جون میں ہونے والے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے کی سمت میں پوزیشن اور مضبوط کر سکتے تھے۔