Inquilab Logo

سافٹ سگنل ضابطے میں ترمیم کے معاملے پر آئی سی سی کا غوروخوض

Updated: March 27, 2021, 12:31 PM IST | Agency | Dubai

میدانی امپائرس کے سافٹ سگنل کے سلسلے میں کافی تنازع ہوا ہے اور اس کے بعد اس ضابطے میں تبدیلی کی آواز اٹھنے لگی ہے

ICC - Pic : INN
آئی سی سی ۔ تصویر : آئی این این

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) بین الاقوامی کرکٹ میں سافٹ سگنل کے ضابطے میں ترمیم پر غور کررہا ہے۔ حال ہی میں فیلڈامپائرس کے سافٹ سگنل کے سلسلے میں کافی تنازع سامنے آنے کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ آئی سی سی اس ضابطے میں تبدیلی کرسکتا ہے۔اس وقت جاری خبروں کے مطابق ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) کے سکریٹری جئے شاہ نے  ورچوئل سطح پر ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اس معاملے کو سب کے سامنے اٹھایا اور انہیں باقی اراکین کا بھی ساتھ ملا جو اس بات سے رضامند تھے کہ فیلڈامپائرس کے سافٹ سگنل آؤٹ دینے کے ضابطے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ 
  احمد آباد میں ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھے ٹی۲۰؍ میچ کے دوران، امپائر کے سافٹ سگنل کی وجہ سے کافی تنازع کھڑا ہوا تھا۔انگلینڈ کے تیزگیندباز سیم کیرن کی گیند پر ڈیوڈ ملان نے فائن لیگ پر سوریہ کمار کا کیچ پکڑا تھا، لیکن گیند زمین سے چھوتی ہوئی نظر آرہی تھی اور فیلڈ امپائر نے معاملے کو تیسرے امپائر کے پاس بھیجنے سے پہلےسافٹ سگنل کے طور پر آؤٹ دے دیا۔ اس کے بعد تیسرے امپائرنےناٹ آؤٹ کا پختہ ثبوت نہ ملنے پر سوریہ کمار کو فیلڈامپائرکے فیصلے کے مطابق آؤٹ دے دیا تھا۔ 
 چوتھے ٹی۲۰؍ میچ کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس معاملے پر کھل کر بات کی تھی۔ وراٹ نے کہا تھا ’’ مجھے نہیں پتہ کہ مشکوک حالات میں سافٹ سگنل کے بجائے امپائر  ’مجھے نہیں پتہ‘ کال کیوں نہیں دے سکتے ہیں۔ ایسے فیصلے میچ کے رخ کو بدل سکتے ہیں، خاص طور پر ان بڑے میچوں میں۔ آج ہم اس سے متاثر ہوئے اور کل ہماری جگہ کوئی اور ٹیم ہوسکتی ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK