پاکستان ’اے‘ کے خلاف شکست کے بعد انڈیا ’اے‘ کے کپتان تلک ورما نے اپنی ٹیم کی بلے بازی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 1:39 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
پاکستان ’اے‘ کے خلاف شکست کے بعد انڈیا ’اے‘ کے کپتان تلک ورما نے اپنی ٹیم کی بلے بازی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان’ اے‘ کے خلاف شکست کے بعد انڈیا’ اے‘ کے کپتان تلک ورما نے اپنی ٹیم کی بلے بازی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ تلک کا کہنا ہے کہ ہم یہ میچ ۴۷؍ ویں یا ۴۸؍ ویں اوور میں جیت سکتے تھے لیکن ہمیں مسلسل وکٹیں گنوانے کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔واضح رہے کہ جیت کےلئے۳۱۴؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم پورے اوورز بھی نہیں کھیل سکی اور ۲۶۵؍ رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ اس دوران تلک کی سست بلے بازی پر بھی خاصی تنقید کی گئی۔
میچ کے بعد تلک ورما نے کہا کہ جس طرح ابھیشیک نے آغاز فراہم کیا اور پھر شہباز نے میرے ساتھ جیسی شراکت داری کی، وہ بہت اہم تھی۔ بدقسمتی سے جب ہم رن ریٹ بڑھانا چاہتے تھے تبھی شہباز آؤٹ ہو گئے۔ اگر وہ ۲؍ اوور اور کھیل لیتے تو میں میچ ختم کر دیتا۔ دوسرے ہاف کے پہلے ۱۰؍ اوورز میں گیند سوئنگ ہو رہی تھی۔ پاکستان کے ان دونوں تیز گیند بازوں کو کریڈٹ دینا ہوگا جنہوں نے بہت اچھی لائن لینتھ کے ساتھ بولنگ کی۔ لیکن ہم نے مسلسل وکٹیں گنوائیں، ورنہ ۴۷؍ویں یا ۴۸؍ویں اوور میں میچ جیت جاتے۔
یہ بھی پڑھئے: لیورپول نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ۰۔۴؍گول سے روند دیا
تلک سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا یہ ان کی بہترین کارکردگی تھی، جس کے جواب میں تلک نے کہا کہ اگر میں میچ نہیں جتا سکا تو یہ بہترین نہیں ہو سکتی۔ میں ہمیشہ میچ کو آخر تک لے جانا چاہتا ہوں، آج بھی میں وہی کر رہا تھا۔ اگر کسی اور بلے باز نے میرا ساتھ دیا ہوتا تو میں میچ ختم کر دیتا۔ اگر آپ ٹیم کے کپتان ہیں تو آپ کو وہ بوجھ اور ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی بدتمیزی
میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی بدتمیزی بھی دیکھنے کو ملی جب بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہونے والے ہرشت رانا کے ساتھ انہوں نے بدسلوکی کی۔ ہرشت کے آؤٹ ہونے کے بعد تقریباً پوری پاکستانی ٹیم نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور اگر امپائرز بیچ میں نہ آتے تو معاملہ ہاتھا پائی تک بھی پہنچ سکتا تھا۔ عام طور پر جارحانہ مزاج رکھنے والے ہرشت اس پورے واقعے کے دوران خاموش رہے اور آؤٹ ہونے کے بعد بغیر کسی ردعمل کے پویلین لوٹ گئے۔