ہندوستانی ٹیم نے ایشیاکپ کے فائنل میں ۱۰؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ٹیم انڈیا نے ۸؍ویں بار ایشیا کپ جیت لیا۔ سراج نے ۶؍کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
EPAPER
Updated: September 18, 2023, 12:04 PM IST | Agency | Colombo
ہندوستانی ٹیم نے ایشیاکپ کے فائنل میں ۱۰؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ٹیم انڈیا نے ۸؍ویں بار ایشیا کپ جیت لیا۔ سراج نے ۶؍کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
محمد سراج (۲۱؍ رن پر۶؍ وکٹ) اور ہاردک پانڈیا (۳؍ رن پر ۳؍ وکٹ) کی قاتلانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو صرف۵۰؍ رن پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد اوپنرز شبھمن گل(۲۷) اور ایشان کشن (۲۳؍رن) کی مدد سے بغیر کوئی وکٹ گنوائے۶ء۱؍ اوورس میں کامیابی حاصل کی۔سری لنکا کے خلاف کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ایشیا کپ۲۰۲۳ء کے فائنل میچ میں حاصل کرنے کے ساتھ ہی ہندوستان نے۸؍ویں بار ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کیا۔
حیدرآباد میں کرکٹ شائقین کی جانب سے میاں میجک کے نام سے مشہور محمد سراج کی کرشماتی کارکردگی کی وجہ سے آر پریم داسا اسٹیڈیم کی پچ سری لنکا کی بیٹنگ کا قبرستان بن گئی۔ ہلکی بارش کی وجہ سے تقریباً۴۰؍ منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں سراج نے اپنے دوسرے اوور میں ایک کے بعد ایک ۴؍ وکٹ (پتھم نسانکا، سدیرا سمروکرما، چرتھ اسالنکا، دھننجے ڈی سلوا) لے کر اپنے کریئر کی بہترین کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو مشکل وقت کے دلدل میں دھکیل دیا۔ اس دلدل میں پھنسی سری لنکا کی اننگز مشکلات سے دوچار ہوئی اور۱۵ء۲؍ اوور میں صرف ۵۰؍ رن پر سمٹ گئی۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا تیسرا کم ترین اسکور ہے جبکہ ایشیا کپ کی تاریخ میں یہ کسی بھی ٹیم کا بنایا گیا کم ترین اسکور ہے۔
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے سب سے زیادہ ۱۷؍ رن بنائے جبکہ مہیش تھیجنا کی جگہ ٹیم میں شامل کئے جانے والے دوسا ہیمنتا۱۳؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ سراج کو جسپریت بمراہ (۲۳؍ رن پر ایک وکٹ) اور دوسرے سرے پر ہاردک پانڈیا کا مکمل تعاون ملا۔ اپنے پہلے ہی اوور میں بمراہ نے کوشل پریرا کو صفر پر آؤٹ کر کے میزبان ٹیم پر دباؤ ڈالا، جب کہ بعد میں ڈونتھ ویل لاگے (۱۳؍رن)، پرمود مدوشن (ایک) اور میتھیسا پاتھیرانا (صفر) کوجلد آؤٹ کر کے ٹیم انڈیا کو ۸؍واں ایشیا کپ کا خطاب جیتنے سے پہلے جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔ سری لنکا کے ۸؍ بلے باز اپنے انفرادی اسکور کو دُہرے ہندسے تک نہ لے جا سکے جن میں سے ۵؍ اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
خیال رہے کہ ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے کہاتھاکہ `ہم پہلے بیٹنگ کریں گے۔ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، دوپہر کو کچھ ٹرن آئے گا۔ پچھلے سال ہمیں اتنی بھیڑ نہیں ملی تھی لیکن اس بار ہم واقعی خوش قسمت ہیں ۔ میں نوجوانوں سے بہت خوش ہوں – ویلز، پتھیرانا، سماراوکرما۔ یہ ایک اچھی ٹیم ہے اور نتائج سامنے آرہے ہیں ، یہ ورلڈ کپ کیلئے اچھی حوصلہ افزائی ہے۔ ایک تبدیلی میں ہیمنتا کو تھیکشنا کو چھوڑ کر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ لیکن ان کا بیان ٹیم کی بلےبازی کے بر عکس نکلا اور ٹیم جلد ہی پویلین لوٹ گئی۔
محمد سراج نے بڑا ریکارڈ بنایا، چمندا واس کی برابری کی
ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج نے اتوار کو سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میں اپنی ٹاپ پرفارمنس دے کر بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ سراج ون ڈے میں تیز ترین۵؍ وکٹ لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں انہوں نے چمندا واس کی برابری کر لی ہے۔ انہوں نے۲۱؍ رن دے کر مجموعی طور پر۶؍ وکٹ حاصل کئے۔پہلا اوور بغیر کسی وکٹ کے گزرنے کے بعد سراج نے اپنے دوسرے اوور میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے اوور کا آغاز پاتھم نسانکا (۲؍رن) کے وکٹ سے کیا جب رویندر جڈیجا نے ان کے دائیں جانب چھلانگ لگاتے ہوئے شاندار کیچ لیا۔ ایک گیند کے وقفے کے بعد سراج نے سدیرا سماراوکرما (صفر) اور چرتھ اسالنکا (صفر) کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کیا۔ انہوں نے دھننجے ڈی سلوا (۴؍ رن)کا وکٹ لے کر اننگز کا خاتمہ کیا۔ اپنے اگلے اوور میں سراج نے داسن شناکا (صفر) کو کلین بولڈ کیا اور ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔سراج نے۲۰۰۳ء کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف۱۶؍ گیندوں پر۵؍ وکٹ لینے کا چمندا واس کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ سراج نے کوشل مینڈس کو آؤٹ کرکے ایشیا کپ کی تاریخ میں دوسری بہترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ یہ تیز گیند باز۲۰۰۲ء کے بعد ون ڈے میچ میں ہندوستان کیلئے پہلے۱۰؍ اوورس میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز بن گئے۔