Inquilab Logo

دورۂ نیوزی لینڈ میں وکٹ کیپر رشبھ پنت محض تماشائی بن کر رہ گئے

Updated: February 13, 2020, 10:50 AM IST | Agency | Mount Maunganui

ہندوستان کے ممتاز وکٹ کیپر اور بلے بازمہندر سنگھ دھونی کے عالمی کپ کے ٹیم سے باہر رہنے پر نوجوان رشبھ پنت کو ٹیم میں پہلی پسند کا وکٹ کیپر مانا جارہا تھا لیکن نیوزی لینڈ کے دورے میں وہ صرف تماشائی بن کر رہ گئے اور اب تک ۸۔۹؍ میچوں میں ایک میچ میں بھی موقع نہیں مل سکا ہے۔

رشبھ پنت ۔ تصویر : آئی این این
رشبھ پنت ۔ تصویر : آئی این این

 ماؤنٹ  موگانی : ہندوستان کے ممتاز وکٹ کیپر اور بلے بازمہندر سنگھ دھونی کے عالمی کپ کے ٹیم سے باہر رہنے پر نوجوان رشبھ پنت کو ٹیم میں پہلی پسند کا وکٹ کیپر مانا جارہا تھا لیکن نیوزی لینڈ کے دورے میں وہ صرف تماشائی بن کر رہ گئے اور اب تک ۸۔۹؍ میچوں میں ایک میچ میں بھی موقع نہیں مل سکا ہے۔ 
 ہندوستان کو پچھلے سال انگلینڈ میں ہونے  والے آئی سی سی عالمی کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس ہارکیلئے بہت حد تک دھونی کو مورد الزام ٹھہرایا گیا  تھا جو آخری اوورس میں رن آؤٹ ہو گئے تھے۔ دھونی نے اس کے بعد خود کو جیسے ہندوستانی ٹیم سے باہر کر لیا۔ ساتھ ہی سلیکشن کمیٹی کے اس وقت کے چیف ایم ایس کے پرساد نے بھی واضح کر دیا کہ ٹیم کی توجہ مستقبل پر ہے اور پنت ان کی پہلی پسند کے وکٹ کیپر ہیں۔ 
 ۲۲؍سالہ پنت کو اس کے بعد مسلسل مواقع ملتے رہے لیکن وہ ہر موقع کو دونوں ہاتھوں سے گنواتے رہے ۔ ٹیم مینجمنٹ، کپتان وراٹ کوہلی، نائب کپتان روہت شرما اور پرساد نے پنت کی صلاحیت پر مسلسل اعتماد ظاہر کیا لیکن وہ ہر بار مایوس کرتے رہے۔ پنت کے نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹی ۲۰، ون ڈے اور ٹیسٹ تینوں ہی فارمیٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ممبئی میں کھیلے لیکن اس دوران زخمی ہوگئے۔اس کے بعد پارٹ ٹائم وکٹ کیپنگ کرنے والے لوکیش راہل کو راجکوٹ اور بنگلورمیں دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں موقع دیا گیا۔راہل نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راجکوٹ میں ۸۰؍ رن بنائے اور وکٹ کے پیچھے ۲؍ کیچ لینے کے علاوہ ایک اسٹمپنگ بھی کی۔ بنگلور میں انہوں نے۱۹؍ رن بنائے اور ۲؍ کیچ لئے۔ نیوزی لینڈ میں راہل کو ٹی۲۰؍ سیریز میں وکٹ کیپرکی شکل میں آزمایا گیا اور پنت کو باہر بٹھا دیا گیا۔ راہل اس کسوٹی پر کھرے اترے اور پنت کا انتظار طویل ہوتا گیا۔
 ٹی ۲۰؍ سیریز میں راہل نے۵۶ ،۵۷ (ناٹ آؤٹ)،۲۷ ،۳۹ ؍اور۴۵؍ رن اور ون ڈے سیریز میں ۸۸ (ناٹ آؤٹ)، ۴؍ اور ۱۱۲؍رن بنائے۔ ٹی ۲۰؍سیریز میں انہوں نے وکٹ کے پیچھے ۴؍ شکار کیے اور ون ڈے سیریز میں ۲؍ شکار کرتے ہوئے وکٹ کیپر  بلے باز کےطور پر اپنی جگہ پختہ کر لی۔ آسٹریلیا میں اس سال اکتوبر میں آئی سی سی  ٹی۲۰؍ عالمی کپ ہونا ہے اور راہل ٹی۲۰؍ ٹیم میں اپنی جگہ پکی کر چکے ہیں۔ راہل کے کمال نے پنت کی مشکلیں بڑھا دی ہیں لیکن اس صورتحال کیلئے پنت خود بھی بہت حد تک ذمہ دار ہیں جو باربار موقع گنواتے رہے۔
 پنت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ۲۰؍ گھریلو سیریز میں۱۸،۳۳؍رن اور صفر ، ون ڈے سیریز ؛میں۷۱،۳۹؍ اور۷ ، سری لنکا کے خلاف ٹی۲۰؍ سیریز میں ناٹ آؤٹ ایک رن اور آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ۲۸؍ رن بنائے۔ وکٹ کے پیچھے بھی ان کی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی جبکہ ان کا موازنہ دھونی کی کارکردگی سے کیا جاتا رہا۔ اپنے کریئر میں پنت نے۱۶؍ ون ڈے میں۳۷۴؍ رن اور۲۸؍ ٹی  ۲۰؍میں ۴۱۰؍ رن ہی بنائے ہیں۔
 لوکیش راہل نے۳۲؍ون ڈے میں ۴۷ء۶۳؍ کے اوسط سے۱۲۳۹؍ رن اور۴۲؍ ٹی ۲۰؍ میں۴۵ء۶۵؍ کے اوسط سے۱۴۶۱؍ رن بناکر خود کو دھونی کے جانشین کے طور پر منوا لیا ہے۔ ون ڈے میں ان کا اسٹرائک ریٹ۸۷ء۶؍ اور ٹی۲۰؍ میں۱۴۶ء۱۰؍ ہے جبکہ پنت کا ون ڈے اسٹرائک ریٹ ۱۰۳ء۶۰؍ اور ٹی۲۰؍ میں ۱۲۱ء۶۶؍ ہے۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ سے ۲۱؍ فروری سے ۲؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ پنت حالانکہ ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ ہیں لیکن ٹیم میں تجربہ کار وکٹ کیپرو ردھیمان ساہا پہلی پسند ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK