Inquilab Logo

پہلے یکروزہ میں ہندوستانی گیندبازچمکے، بلے باز جدوجہدپر مجبور

Updated: March 18, 2023, 10:50 AM IST | Mumbai

محمد سراج اور محمد سمیع نے کنگاروٹیم کو جلد آؤٹ کردیا۔ ہندوستانی بلے بازوںکو معمولی ہدف حاصل کرنے کیلئے محنت کرنی پڑی۔ ہندوستان کی ۵؍وکٹ سے فتح

KL Rahul scored 75 not out
کے ایل راہل نے ناٹ آؤٹ ۷۵؍رن بنائے

یہاں کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے یکروزہ میچ میں جمعہ کو ہندوستانی گیندبازوں نے  اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو ۳۵ء۴؍اوورمیں ۱۸۸؍رن پر روک دیا۔ دوسری طرف بلے بازوں کو ۱۸۹؍ کا ہدف حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی۔ ہندوستان نے ۳۹ء۵؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۹۱؍رن بناکر ۵؍وکٹ سے میچ جیت لیااور ۳؍میچوں میں سیریز میں ۰۔۱؍ سے برتری حاصل کرلی۔ 
 ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی جانب سے کے ایل راہل نے اچھی بلےبازی کی اور انہوںنے ناٹ آؤٹ ۷۵؍ رن بناکر ٹیم کوفاتح بنایا۔ ان کا ساتھ رویندر جڈیجا نے ۴۵؍رن  بناکر دیا۔ہاردک پانڈیا نے ۲۰؍رن کا تعاون دیا۔ شبھمن گل ۲۰، ایشان کشن ۳، وراٹ کوہلی ۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمارصفر پر آؤٹ ہوئے۔
   اس سے قبل ہندوستان نے محمد سراج (۳؍ وکٹ پر ۲۹؍ رن)  اور محمد سمیع (۳/۱۷) کے شاندار اسٹرائک کی بدولت پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو صرف۳۵ء۴؍  اوور میں۱۸۸؍ رن پر ڈھیر کر دیا۔ آسٹریلیا کے تجربہ کار بلے باز کو تماشائیوں سے بھرے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شدید گرمی کے درمیان سمیع اور سراج کی جوڑی کے سامنے پانی  مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔ تجربہ کار محمد سمیع اور نوجوان سراج کی تیز گیندوں کے سامنے مہمان بلے باز شروع سے لے کر آخر تک بے چین نظر آئے۔اوپنر مشیل  مارش (۸۱؍رن) کے علاوہ کوئی اور بلے باز کریز پر زیادہ وقت نہیں گزار سکا۔ دوسری جانب کلدیپ یادو (۴۸؍رن پر  ایک وکٹ)، رویندرجڈیجا (۴۶؍ رن پر ۲؍ وکٹ)، ہاردک پانڈیا (۲۹؍رن پر ایک وکٹ) کے علاوہ کینگروز کو جمنے کا موقع نہیں دیا، جس کے نتیجے میں پوری ٹیم ۱۸۸؍رن  بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
 ہندوستانی حملے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آسٹریلیا کے ۵؍ بلے باز اپنے ذاتی اسکور کو دُہرے ہندسے تک پہنچانے میں ناکام ثابت ہوئے۔ ایک طرف وکٹوں کے گرنے کے درمیان مارش نے اپنی ۶۵؍رن کی اننگز میں ۵؍ لمبے چھکے اور ۱۰؍ چوکے لگائے۔ ان کے علاوہ کپتان اسٹیون اسمتھ (۲۲؍رن) اور جوس انگلس (۲۶؍رن ) نے ٹیم کے اسکور بورڈ کو تیز کرنے کی ناکام کوشش کی۔ایک وقت میں آسٹریلیا۲۰؍ویں اوور میں ۲؍ وکٹ کے نقصان پر۱۲۹؍ رن کے بڑے اسکور کی جانب بڑھ رہا تھا اس کے باوجود مارش کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹ گرنا شروع ہوگئے جو پوری ٹیم کے پویلین پہنچنے تک جاری رہی۔ 

میچ سے قبل الیکس کیری باہر

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ کے بعد اب ون ڈے سیریز شروع ہو گئی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ کے شروع ہونے سے پہلے ہی آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا۔ ٹیم کا ایک اہم کھلاڑی ٹاس سے کچھ دیر قبل بیماری کے باعث میچ سے باہر ہو گیا۔ یہی نہیں اس نئے کھلاڑی کو بھی وطن واپس آنا پڑا۔ ایسے میں ایک کھلاڑی جس نے پچھلے ۶؍ مہینوں سے ایک بھی ون ڈے نہیں کھیلا تھا اسے پلیئنگ۱۱؍ میں جگہ مل گئی۔ اس میچ کے آغاز سے پہلے ہی آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا۔ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری علالت کے باعث وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ پیٹ کمنس کی غیر موجودگی میں کپتانی کرنےوالے اسٹیو اسمتھ نے ٹاس کے دوران بتایا کہ ڈیوڈ وارنر ابھی تک انجری سے ٹھیک نہیں ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری بیمار ہیں اور وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایسے میں جوش انگلس کو ان کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کرنا پڑا۔

kl rahul Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK