Inquilab Logo

ممبئی ٹیسٹ میں ہندوستان نےنیوزی لینڈ کو۳۷۲؍رن سے شکست دے کرسیریزپرقبضہ کرلیا

Updated: December 07, 2021, 12:41 PM IST | Agency

۲؍میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ٹیم انڈیا نے صفر۔ایک سے کامیابی حاصل کرلی۔ شاندار بلےبازی کرنے والے مینک اگروال مین آف دی میچ ۔ شاندار بولنگ کرنے والے آر اشون مین آف دی سیریز 

The Indian team that won the Test series from the Kiwi team can be seen..Picture:INN
کیوی ٹیم سے ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کو دیکھا جاسکتاہے ۔ہندوستانی ٹیم نے مسلسل ۱۴؍ویں گھریلو ٹیسٹ سیریز پر قبضہ کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

 آف اسپنرس روی چندرن اشون اور جینت یادو کے ۴۔۴؍ وکٹوں کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن صبح کے سیشن میں۱۶۷؍ رن پرڈھیر کرکے ۳۷۲؍رن  سے بڑی کامیابی حاصل کرلی اور۲؍میچوں کی سیریز کوصفر۔۱؍ سے جیت لیا۔ ہندوستان کی یہ لگاتار۱۴؍ ویں گھریلو سیریز فتح  ہے۔
 رن کے لحاظ سے یہ ہندوستان کی سب سے بڑی جیت بھی ہے۔ نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم اتوارکو ہی پویلین لوٹ چکی تھی جبکہ آدھی ٹیم نے پیرکو پہلے سیشن میں ہی گھٹنے ٹیک دیئے۔ یہ میچ اعجاز پٹیل کے لیے یاد رکھا جائے گا جنہوں نے پہلی اننگز میں۱۰؍ وکٹ لے کر اپنا نام تاریخ کے اوراق میں لکھوالیاتھا۔ دوسری جانب مینک اگروال جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں نصف سنچری بنائی ،پلیئر آف دی میچ بنے۔ جینت یادو نے پیرکو ۴؍ وکٹ لیے۔ اس کے ساتھ ہی  اشون نے اننگز کا آخری وکٹ لیاجو گھرریلو سرزمین  پر ان کا۳۰۰؍ واں ٹیسٹ وکٹ تھا۔ مینک اگروال کو پلیئر آف دی میچ اور اشون کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ ہندوستان نے۲۰۰۳ء  کے بعد پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹیسٹ چمپئن شپ میں۱۲؍ پوائنٹس حاصل کر لیے اور اس نے ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے ملنے والی  شکست کا حساب بھی بیباق کردیا ہے۔
 چوتھے دن پیر کوجب کھیل شروع ہوا تو ہندوستانی ٹیم کو جیت کے لیے ۵؍ وکٹ درکار تھے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے۴۰۰؍ رن چاہیے تھے۔ تاہم دن کے پہلے ہی گھنٹے میں جینت یادو کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستانی ٹیم کو اپنی فتح تک پہنچنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ ابتدائی چند اوورس میں کیوی بلے بازوں نے مثبت بلے بازی کرتے ہوئے کچھ گیندوں کو باؤنڈری لائن کے باہرپہنچایا۔ کانپور ٹیسٹ میں کیوی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکال کر میچ ڈرا کروانے والے بلے باز راچن رویندر کا وکٹ پیرکو سب سے پہلے گرا۔ انہیں جینت یادو نے دوسری سلپ میں کیچ آؤٹ کرواکر ہندوستان کو جیت کے راستے پر بڑھادیا۔ راچن نے۵۰؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے۱۸؍ رن بنائے۔اس کے بعد، جینت نے اپنے اگلے اوور میں کائل جمیسن کو ایک آف اسپن گیند پرایل بی ڈبلیوکردیا۔ اس کے ٹھیک دوگیند بعد ٹم ساؤدی شاٹ لگانے کے لئے چہل قدمی کرتے ہوئے کریز سے باہرآئے لیکن گیند ان کے پیڈپر لگنے کے بعد وکٹ پر لگی اوروہ بولڈ ہوگئے۔ اس کے۳؍ گیند بعد اپنے اگلے اوورمیں شارٹ لیگ پر سومرویل کو جینت نے کیچ کرواکے اپنا چوتھا وکٹ لیا۔اس کے بعد اشون نے آخری وکٹ لے کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ ہندوستانی پچ پر یہ اشون کا۳۰۰؍ واں وکٹ تھا۔ گھریلو پچوں پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں اب وہ صرف انل کمبلے سے پیچھے ہیں۔ ہینری نکولس نے اتوار کی  شام کو اشون کی کئی گیندوں کو ڈفینڈ کیاتھا۔ پیر کی صبح بھی وہ فرنٹ فٹ پراسٹرائک لیتے ہوئے کئی گیندوں کو بلاک کررہے تھے  تاہم جیسے ہی انہوں نے چہل قدمی کرنے کی کوشش کی، اشون نے انہیں فلائٹ سے بیٹ کرتے ہوئے اسٹمپ آؤٹ کرادیا۔ نکولس نے۱۱۱؍ گیندوں میں ۸؍ چوکوں کی مددسے۴۴؍ رن بنائے۔اشون نے۳۴؍ رن دے کر۴؍وکٹ لئے جبکہ جینت نے ۴۹؍رن پر ۴؍وکٹ  لئے۔ 

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK