Inquilab Logo

یکروزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے ہمالیائی ہدف کو بونا ثابت کردیا

Updated: November 26, 2022, 1:12 PM IST | Agency | Auckland

سیریز کے پہلے میچ میں کیوی ٹیم کی ۷؍وکٹ سے فتح ٹام لاتھم کی شاندار سنچری۔ کپتان ولیمسن کے ۹۴؍رن

Tom Latham and Kane Williamson.Picture:INN
ٹام لاتھم اور کپتان کین ولیمسن۔ تصویر :آئی این این

وکٹ کیپر بلے باز ٹام لاتھم (ناٹ آؤٹ ۱۴۵؍رن) اور کپتان کین ولیمسن (ناٹ آؤٹ۹۴؍رن) کے درمیان۲۲۱؍رن کی شاندار شراکت سے نیوزی لینڈ نے جمعہ کو  ہندوستان کے۳۰۷؍ رن کے ہدف کو چھوٹا ثابت کرتے ہوئے ۳؍ یک روزہ میچوں کی  سیریز کا پہلا مقابلہ آسانی کے ساتھ ۷؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ ایڈن پارک میں ٹاس ہارنے کے بعدپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے ۷؍ وکٹوں پر ۳۰۶؍ رن بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے۴۷ء۱؍ اوور پر۳؍ وکٹوں پر۳۰۹؍ رن بنا کر فتح کا ہدف حاصل کر لیا۔
 ایک مرحلے پر میزبان ٹیم کے ۳؍ کھلاڑی ۸۸؍ رن بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ میچ ہندوستان کے حق میں جاتا ہے لیکن کریز پر آنے والے لاتھم نے ہندوستانی گیندبازوں کو بے رحمی سے مارا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف رن کی بارش کردی۔ کپتان ولیمسن نے بھرپور ساتھ دیا۔نتیجے کے طور پر ہندوستان کا بڑا ہدف اوور کے بعد چھوٹا نظر آیا اور آخر کار کیویز کو۴۸؍ویں اوور کی پہلی گیند پر فتح کا مزہ چکھ  لیا۔ لاتھم نے ایک روزہ کریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۱۳۹ء۴۲؍کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف۱۰۴؍ گیندوں پر۱۴۵؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ یہ ان کی ون ڈے کریئر کی ۷؍ویں سنچری تھی۔ اپنی بے مثال اننگز کے دوران انہوں نے۱۹؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگائے۔ دوسرے کنارے پر انہیں اپنے کپتان ولیمسن کا کافی تعاون ملا جس نے رن ریٹ بڑھایا اور۹۸؍ گیندوں پر ۹۴؍ رن بنائے۔ اس خطرناک شراکت کو توڑنے کیلئے کپتان شکھر دھون نے اپنے گیند بازوں کا بھرپور استعمال کیا لیکن عمران ملک (۲/۶۶) اور شاردُل ٹھاکر (۱/۶۳) ابتدائی اوورس میں موثر نظر آئے، اس کے علاوہ ارشدیپ سنگھ، یزویندر چہل اور واشنگٹن سندر دونوں بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔ 
 اس سے قبل کپتان شکھر دھون (۷۲) اور شبھمن گل (۵۰) کے درمیان سنچری پارٹنرشپ کے بعد ہندوستان نے درمیان میں شریس ایّر (۸۰) اور سنجو سیمسن (۳۶) کی شاندار اننگز کی مدد سے میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف ۷؍ وکٹ پر چیلنجگ  سے بھرا اسکور ۳۰۶؍ رن بنائے۔  شکھر اور شبھمن کی اوپننگ جوڑی نے کیوی بولنگ اٹیک کو ہمت کے ساتھ سنبھالا اور پہلے وکٹ کیلئے مفید۱۲۴؍ رن کا اضافہ کیا  جبکہ بعد میں شریس ایّر نے نئے بلے باز سنجو سیمسن کے ساتھ۹۴؍ رن کی زبردست شراکت سے میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کےلئے ۳۰۷؍ رن کا ہدف  دیا۔ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی بولنگ سے متاثر کرنے والے ارشدیپ سنگھ ناکام رہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK