• Sun, 08 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیا ’اے‘ کی شاندار بلے بازی، جیسوال نےسنچری بنائی

Updated: November 08, 2026, 11:47 AM IST | Lincoln

یشسوی جیسوال (۱۰۲) اور سائی سدرشن (ناٹ آؤٹ ۷۷) کی شاندار بلے بازی کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے تیسرے غیر رسمی ٹیسٹ کے پہلے دن سنیچر کو نیوزی لینڈ’ اے‘ کے خلاف ۲؍وکٹوں پر ۲۲۷؍ رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔

Yashasvi Jaiswal scored a brilliant century. Photo: INN
یشسوی جیسوال نے شاندار سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این

یشسوی جیسوال (۱۰۲) اور سائی سدرشن (ناٹ آؤٹ ۷۷) کی شاندار بلے بازی کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے تیسرے غیر رسمی  ٹیسٹ کے پہلے دن سنیچر کو نیوزی لینڈ’ اے‘ کے خلاف ۲؍وکٹوں پر ۲۲۷؍ رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ’ اے‘ نے ٹاس جیت کر انڈیا’ اے‘ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ مہمان ٹیم نے اپنی پلیئنگ الیون میں کئی تبدیلیاں کیں، جن میں جسپریت بمراہ، رویندر جڈیجہ اور پرسدھ کرشنا کو شامل کیا گیا۔ ایسا ۱۹؍ نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ۔ تیز گیند بازوں کو پچ سے کچھ مدد مل رہی تھی۔  جیسوال اور سدرشن نے سست شروعات کی لیکن موقع ملتے ہی انہوں نے رن بنائے۔ خاص طور پر جیسوال نے کئی بار پچ پر آگے بڑھ کر گیند بازوں کی سوئنگ کو بے اثر کرنے کی کوشش کی۔ بلے بازی کے لئے اتری یشسوی جیسوال اور سائی سدرشن کی سلامی جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے۱۷۵؍  رنوں کی شراکت داری کرکے انڈیا’ اے‘ کے دبدبے کا مظاہرہ کیا۔ تاہم۷۰؍ویں اوور کے دوران بارش شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے کھیل وقت سے پہلے روکنا پڑا۔
پہلا گھنٹہ بحفاظت گزارنے کے بعد جیسوال نے جارڈ میکے کے ایک اوور میں ۳؍چوکے لگا کر کھل کر کھیلنا شروع کیا۔ نیوزی لینڈ کے گیند بازوں کی نپی تلی گیند بازی کے باوجود جیسوال نے اچھی رفتار سے رن بنائے اور انڈیا ’اے‘ بغیر کوئی وکٹ گنوائے لنچ تک پہنچ گئی۔ دوسرے سیشن کے آغاز میں کچھ دباؤ بھرے لمحات بھی آئے، جب ۴۹؍  کے اسکور پر جیسوال ۳؍ بار گیند کو کھیلنے سے چوک گئے، لیکن پھر انہوں نے ایک شاندار شاٹ کھیل کر چوکا لگایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
میچ کا ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب ۵۴؍رن کے اسکور پر سلپ میں کھڑے میتھیو بوئل نے جیسوال کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے میزبان ٹیم کی مشکلات بڑھاتے ہوئے فوراً لگاتار ۳؍چوکے لگائے اور کچھ اوور بعد زیک گبسن کی گیند پر ایک زوردار چھکا بھی لگایا۔ جہاں جیسوال مسلسل باؤنڈری لگاتے رہے، وہیں سدرشن نے صبر کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے ۱۲۹؍گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ جیسوال نے جلد ہی لگاتار باؤنڈری لگاتے ہوئے صرف ۱۲۷؍گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کرلی، جس کے بعد انہیں فزیوتھراپسٹ کی مدد لینی پڑی۔ ممکنہ طور پر ان کے پٹھوں میں کھنچاؤ آ گیا تھا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد انہوں نے مڈ آف کی جانب شاٹ کھیلا اور ۱۰۲؍ رن پر ان کی اننگز ختم ہو گئی۔
چائے کے وقفے کے بعد رن بنانے کی رفتار سست ہو گئی۔ دیودت پڈیکل نے کریز پر جمنے کیلئے وقت لیا جبکہ سدرشن اپنے سرے پر ڈٹے رہے۔  پڈیکل چند مواقع پر گیند کھیلنے سے چوک گئے اور آخرکار ۱۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان دھرو جوریل نے ایک باؤنڈری لگائی لیکن ڈرنکس بریک کے ۹؍ گیند بعد ہی بارش شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے دن کا کھیل روکنا پڑا۔ اس وقت سائی سدرشن (ناٹ آؤٹ ۷۷) اور دھرو جوریل (ناٹ آؤٹ ۱۲) کریز پر موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK