Inquilab Logo

ٹرافی کیلئے ہندوستان اور آسٹریلیا میں آج گھمسان

Updated: March 22, 2023, 12:14 PM IST | Chennai

تیسرے یکروزہ میں ہندوستانی ٹیم فتح کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی اور مشیل جوڑی سے لڑنے کیلئے نئی حکمت عملی کیساتھ میدان پر اتریگی

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہندوستانی بلے بازوں کو مشیل اسٹارک کی قیادت میں آسٹریلوی تیز گیند بازوں کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور سوریہ کمار یادو بدھ کو یہاں تیسرے ون ڈے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اگر مشیل اسٹارک بلے بازوں کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں تو مشیل  مارش نے ہندوستانی گیند بازوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے ۲؍ میچوں میں ایک درجن کے قریب چھکے لگائے ہیں۔
 ہندوستانی ٹیم کا پہلا ایجنڈا `مشیل  جوڑی چیلنج  پر قابو پانا ہوگا۔ سیریز فی الحال۱۔۱؍ سے برابر ہے۔ روہت شرما، وراٹ کوہلی، شبھمن گل اور سوریہ کمار یادو کی اسٹار یونٹ کو اسٹارک کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے تمام تجربے کو بروئے کار لانا ہوگا۔ تکنیک میں تبدیلی کے ساتھ ہندوستانی بلے بازوں کو ذہنی طاقت کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔
 ہندوستان میں محدود اوورس کا کرکٹ سپاٹ  پچ پر کھیلا جاتا ہے جس کیلئے زیادہ فٹ ورک کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ فرنٹ فٹ پر کھیلنے سے بلے باز اچھی کارکردگی پیش کر سکتا ہے  لیکن اسٹارک نے تمام مساواتیں بدل دیں۔ ان کی گیند یا تو درمیانی اسٹمپ سے ٹکرا رہی ہے یا مڈل اسٹمپ پر پڑرہی ہے۔ ہندوستانی بلے باز آخری دو میچوں میں ان کی گیندوں کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔ اسٹارک کو ممبئی کی پچ سے مدد ملی، وشاکھاپٹنم سمندر کے کنارے ہونےسے ہوا میں نمی تھی۔
 چنئی کا چیپاک طویل عرصے کے بعد کسی بین الاقوامی میچ کی میزبانی کر رہا ہے اور سب کی نظریں نئی ​​پچ پر لگی ہوئی ہیں۔ چیپاک عام طور پر ایک ایسی پچ ہے جو سست گیندبازوں کے حق میں ہے اور درمیانی اوورس میں رن بنانا مشکل ہوجاتاہے  تاہم اس بار چنئی سپر کنگز کی طاقت کو مدنظر رکھتے ہوئے پچ بنائی گئی ہے اور تیز گیند بازوں کو شروع میں مدد مل سکتی ہے۔
 آخری ۲؍ میچوں میں سوریہ کمار یادو کھاتہ بھی نہیں کھول سکے جب کہ وہ ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں زبردست فارم میں چل رہے تھے۔ شریس ایّر ٹیم میں نہیں ہیں اور سوریہ کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کر لیں لیکن وہ اس کے ساتھ انصاف نہیں کر پا رہے ہیں۔
 کپتان روہت نے آخری میچ کے بعد کہا تھا، `ہم نے دیکھا ہے کہ وہ ون ڈے میں بھی اچھا کھیل سکتے ہیں۔ وہ بھی یہ بات جانتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ صلاحیت رکھنے والے کھلاڑیوں کو کبھی یہ محسوس نہیں کرنا چاہئے کہ انہیں کافی مواقع نہیں مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوریہ آخری دو میچوں میں نہیں چل سکے لیکن انہیں بار بار مواقع دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ آرام محسوس کر سکیں۔ہندوستانی گیند بازوں کو آخری ۲؍ میچوں میں صرف ۴۷؍ اوورس (۳۶؍ اور۱۱؍اوور) کرنا پڑے۔ محمد سمیع اور محمد سراج چاہیں گے کہ روہت ٹاس جیتنے کے بعد بولنگ کریں۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ شاردُل ٹھاکر یا جے دیو انادکٹ کو موقع ملتا ہے یا کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل دونوں رویندر جڈیجا کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK