• Fri, 05 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں آج ہندوستان اور بلجیم آمنے سامنے

Updated: December 05, 2025, 3:09 PM IST | Agency | Chennai

اب تک آسان فتوحات حاصل کرنے والی میزبان ٹیم کا اصل امتحان کوارٹر فائنل میں ہوگا،کوچ پی آر سریجیش نے کھلاڑیوں کوسخت محنت کرنے کا انتباہ دیا۔

India`s junior hockey team will have to work hard to win against Belgium. Picture: INN
ہندوستان کی جونیئر ہاکی ٹیم کو بلجیم کے خلاف کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہوگا۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان نے نسبتاً آسان پول میں تقریباً ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ اب تک کیا ہے، لیکن ایف آئی ایچ مردوں کے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں اس کا اصلی امتحان بلجیم کے خلاف جمعہ کو ہونے والے کوارٹر فائنل میچ میں ہوگا۔چلی، عمان اور سوئزرلینڈ کے ساتھ پول’ بی‘ میں شامل ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے  ہوئے پہلی پوزیشن پر رہتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پول مرحلے میں ۲۹؍گول کئے اور کوئی گول نہیں کھایا، جو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ۲۴؍ ٹیموں میں بہترین سٹرائیک ریٹ ہے۔ لیکن پی آر سریجیش کی کوچنگ والی ٹیم یہ بات اچھی طرح جانتی ہے کہ ان نتائج کی آگے کوئی اہمیت نہیں ہوگی کیونکہ ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے میں ان کا سامنا مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ یہاں سے کوئی بھی غلطی  ٹیم کے۹؍ سال بعد گھریلو میدان پر خطاب جیتنے کے خواب کو چکنا چور کر سکتی ہے۔
ہندوستان نے آخری بار ۲۰۱۶ءمیں لکھنؤ میں خطاب جیتا تھا۔ٹیم پول مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھا کر اس کامیابی کو دہرانے کی پوزیشن میں نظر آ رہی ہے۔ اس نے اب تک ۱۸؍فیلڈ گول کئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس نے ۹؍ گول پنالٹی کارنر اور ۲؍ گول پنالٹی سٹروک سے  کئے ہیں۔ لیکن یہاں سے ہندوستانی ٹیم کی راہ آسان نہیں ہوگی اور کسی بھی طرح کا ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی اسےخطاب کی دوڑ سے باہر کر سکتی ہے۔
چلی اور عمان کے خلاف پہلے ۲؍ میچوں میں ہندوستان کا غلبہ رہا اور اس نے آسانی سے گول کئے۔ البتہ سوئزرلینڈ کو ۵۔صفرسے شکست دینے کے باوجود، سوئس ٹیم نے ہندوستان کی دفاعی صف کے سامنے سخت چیلنج پیش کیا۔ اس میچ میں گول کیپرز پرنس دیپ سنگھ اور بکرمجیت سنگھ نے کچھ شاندار بچاؤ کئے۔پنالٹی کارنر پر گول نہ کرنا اب بھی تشویش کا باعث ہے۔ پچھلے میچ میں شیلانند لاکڑا نے ۲؍ بار پنالٹی کارنر کو گول میں بدلا لیکن ہندوستانی ٹیم کپتان روہت اور انمول ایکا سے بہتر کارکردگی کی امید کرے گی۔
ہندوستانی سٹرائیکرز نے پول مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دلراج سنگھ (۶؍ گول)، منمیت (۵)، عرشدیپ سنگھ (۴)، اجیت یادو اور گرجوت سنگھ (دونوں ۲۔۲گول) سبھی نے اپنا اثر چھوڑا ہے۔روشن کجور، ایڈروئی ایکا، انکت پال اور انگلیمبا لُوانگ تھوناؤجم نے مڈفیلڈ میں اچھا مظاہرہ کیا ہے، لیکن ان کا اصلی امتحان اب ہوگا۔ سریجیش بھی پول مرحلے کی کارکردگی کے تعلق سے زیادہ پُرجوش نہیں ہیں۔انہوں نے کہا’ ’یقینی طور پر کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ اگلے میچ سے اصلی ٹورنامنٹ شروع ہوگا اور ہمارے لئے ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرنا بہت اہم ہے۔ کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کی ضرو رت ہے۔‘‘
بلجیم اپنے پول میں دوسرے نمبر پر رہ کر کوارٹر فائنل میں پہنچا ہے، لیکن ہندوستان کو اسے کسی بھی طرح سے کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی ہوگی۔ بلجیم نے اب تک ٹورنامنٹ میں ۲۲؍ گول کئے ہیں اور وہ سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیموں میں تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے ۱۱؍فیلڈ گول کئے جبکہ اتنے ہی پنالٹی کارنرز کو گول میں بدلا۔سریجیش نے کہا’’جونیئر ورلڈ کپ کوئی آسان ٹورنامنٹ نہیں ہے۔ میرا مطلب ہے کہ ان میں سے کوئی بھی ٹیم آپ کو آسانی سے جیت حاصل نہیں کرنے دے گی۔ ٹورنامنٹ کی اصلی شروعات تو اب ہوگی اور کوئی بھی غلطی بھاری پڑ سکتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK