• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کبڈی میں ہندوستان کا دبدبہ، مرد اور خاتون ٹیموں کا گولڈ میڈل پر قبضہ

Updated: September 27, 2026, 11:49 AM IST | Nagoya

ایشین گیمز کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے ایران کو ہراکر خطاب اپنے نام کر لیا۔

India`s men`s kabaddi team displaying their medals. Photo: PTI
ہندوستان کی مردوں کی کبڈی ٹیم میڈل دکھاتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان نے کبڈی کے مقابلوں میں اپنی بادشاہت برقرار رکھتے ہوئے ایشیائی کھیل میں مرد اور خاتون ٹیم کا گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں ہی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ ایران سے ہوا۔ 
 خاتون کبڈی ٹیم نے سنیچر کو ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلچسپ مقابلے میں ایران کو شکست دے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ فائنل مقابلے میں ہندوستان کی کبڈی ٹیم نے ایران کو ۳۴۔ ۳۷؍ سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں میں اپنا چوتھا سونے کا تمغہ جیتا۔ اب تک ہوئے ۵؍ ایشیائی کھیلوں میں ایران نے جکارتہ ۲۰۱۸ء میں فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر یہ خطاب جیتا تھا۔ 
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایران نے فائنل میچ کا آغاز اپنی اسٹار ریڈر اور کپتان زہرہ کریمی کو بینچ پر بٹھا کر کیا۔ دفاعی چمپئن نے شاندار آغاز کیا۔ ریڈر پوجا، سنجو دیوی اور نکیتا ہتھوالا نے ابتدائی پوائنٹس حاصل کئے اور ٹیم کو ۲۔ ۵؍کی برتری دلا دی۔ تاہم ایران نے سپر ٹیکل کے ذریعے اسکور برابر کیا اور ۵۔ ۷؍کی برتری حاصل کرلی لیکن ہندوستان نے فوری واپسی کرتے ہوئے میچ کا پہلا’آل آؤٹ‘ کیا اور ایران پر ۱۰۔ ۱۳؍کی برتری بنالی۔ اس کے فوراً بعد نکیتا ہتھوالا نے ۲؍پوائنٹس کی ریڈ کی اور اسکور ۱۰۔ ۱۵؍کر دیا۔ 
میٹ پر واپس آئیں کریمی نے آتینا مادیدی کی مدد سے میچ کا رخ پلٹنے کی کوشش کی۔ تاہم ہندوستانی ڈیفنس نے ایران کی اسٹار ریڈر سانیا نعیمی کو کوئی موقع نہیں دیا اور ان پر مکمل طور پر قابو برقرار رکھا۔ دوسرے ہاف میں ایران پوری طرح جوش میں نظر آیا۔ ڈیفنس کے مضبوط کھیل اور سانیا نعیمی کے اچانک فارم میں آنے سے اس نے اسکور کا فرق کم کرکے ۲۰۔ ۲۳؍کر دیا۔ اس کے بعد مادادی نے ایک ہی ریڈ میں ۲؍ ٹچ پوائنٹس حاصل کرکے ہندوستان کو آل آؤٹ کر دیا اور کھیل ختم ہونے میں ۸؍منٹ باقی رہتے ہوئے اسکور کا فرق صرف ایک پوائنٹ (۲۶۔ ۲۷) رہ گیا۔ 
میچ کا رخ بدلنے کیلئے ہندوستان نے ریڈرز پر بھروسہ کیا اور انہوں نے توقع کے مطابق مظاہرہ کیا۔ پوجا نے پورے میچ کی طرح ٹچ پوائنٹس حاصل کرنا جاری رکھا اور سنجو دیوی نے بھی کچھ بڑی ریڈز کے ذریعے تعاون کیا۔ کھیل ختم ہونے میں ۴؍ منٹ سے کچھ زیادہ وقت باقی تھا اور ہندوستان نے ۲۸۔ ۳۴؍کی برتری بنا لی تھی۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، ایران کے کھیل میں غلطیاں ہوتی گئیں جبکہ ہندوستان نے ریڈز کے دوران وقت گزارنے کی کوشش کی۔ آخرکار ہندوستان نے ۳۴۔ ۳۷؍سے جیت حاصل کی اور اپنا خطاب برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھئے: جیانی انفانٹینو تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے: امریکی عدالتی کمیٹی

مردوں کی ٹیم نے بھی ایران کو شکست دے کر کبڈی کاگولڈ میڈل جیت لیا
ہندوستان نے مردوں کے دلچسپ کبڈی فائنل میں ایران کو ۳۴۔ ۴۰؍سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا اور ایشین گیمز میں اپنے خطاب کا کامیابی سے دفاع کیا۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان ۱۷۔ ۱۸؍سے پیچھے تھا لیکن وقفے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے ایران کو آل آؤٹ کیا اور مقابلے پر گرفت مضبوط کرلی۔ مضبوط دفاع اور مؤثر ریڈنگ کی بدولت ہندوستان نے مقابلے میں واپسی کی اور آخری مرحلے میں ۵؍ پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ فائنل کے ابتدائی مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایران نے پہلے ہاف میں ہندوستان کو آل آؤٹ کرکے برتری حاصل کی، لیکن ہندوستان نے ہاف ٹائم سے قبل فرق کم کرتے ہوئے خود کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ ۹۔ ۱۲؍سے پیچھے رہنے کے بعد ایران نے میچ میں واپسی کی۔ امیرمحمد ظفر دانش نے ہندوستان کے آخری ۲؍ ڈیفنڈرز کو اپنی ریڈ میں قابو کرتے ہوئے آل آؤٹ مکمل کیا، جس سے ایران نے ۱۳۔ ۱۴؍کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے ابتدائی۸؍ منٹ کے بعد دونوں ٹیمیں ۵۔ ۵؍ سے برابر تھیں۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے زبردست کھیل کامظاہرہ کیا اوورخطاب جیت لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے کبڈی میں ایشین گیمز کا ریکارڈ نواں طلائی تمغہ جیت لیا۔ 
 میراتھن:۴۴؍سال کا انتظار ختم، ساون بروال نے چاندی کا تمغہ جیتا
ہندوستانی ایتھلیٹ ساون بروال نے ایشیائی کھیل کے میراتھن مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍گھنٹے ۱۱؍ منٹ اور ۳۷؍ سیکنڈ کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیت کر ۴۴؍سال کا انتظار ختم کردیا۔ ایتھلیٹکس میں ہندوستان کے ساون بروال نے مردوں کی میراتھن میں چاندی کا تمغہ جیتا، جو ایک قومی ریکارڈ اور ان کا اب تک کا بہترین وقت بھی ہے۔ جاپان کے اچیتاکا یاماشیتا نے۲؍گھنٹے۱۰؍منٹ ۴۹؍سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا جبکہ چین کے پیئ یو فینگ نے۲؍گھنٹے۱۲؍منٹ ۱۳؍سیکنڈ کے وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ ۱۹۸۲ء کے ایشیائی کھیلوں میں ہوسور کوکپا سیتارام کے کانسے کا تمغہ جیتنے کے بعد میراتھن میں ہندوستان کا یہ پہلا تمغہ ہے، جس سے ۴۴؍ سال کا انتظار ختم ہوا۔ ایک دیگر ہندوستانی میراتھن ایتھلیٹ کارتک کرکیرا۲ ؍ گھنٹے ۲۲؍ منٹ ۴۱؍ سیکنڈ کے وقت کے ساتھ ۱۷؍ویں مقام پر رہے۔ 
نشانہ بازی:خاتون ٹیم نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا
ہندوستانی نشانہ باز تِلوتمہ سین، وِدَرشا ونود اور آشِی چوکسے کی ٹیم نے سنیچر کو خواتین کی ۵۰؍ میٹر رائفل تھری پوزیشن ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی ٹیم نے آئچی پری فیکچرل جنرل شوٹنگ گیلری میں مجموعی طور پر۱۷۶۳-۹۰x ؍اسکور کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ چین نے ۱۷۷۳-۱۰۵x؍ اسکور کے ساتھ ایشین ریکارڈ کی برابری کرتے ہوئے طلائی، جبکہ قزخستان نے ۱۷۵۴-۸۹x؍ اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس مقابلے میں ہندوستان کا یہ مسلسل دوسرا ایشین گیمز چاندی کا تمغہ ہے۔ اس سے قبل ہانگژو ۲۰۲۳ء میں سفت کور سمرہ، آشِی چوکسے اور مانِنی کوشک کی ٹیم نے ۱۷۶۴؍ کے اسکور کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ 
ایشین گیمز میں خاتون ٹیم کا ریکارڈ
 اشین گیمز میں خواتین کےکبڈی کھیل کو ۲۰۱۰ءمیں شامل کیا گیا تھا۔ ۲۰۱۰ء سے لے کر اب تک ۱۶؍ سال کے عرصے میں ۵؍ ایشیائی کھیل منعقد ہو چکے ہیں۔ ۲۰۱۰ء میں گوانگژو، ۲۰۱۴ء میں انچیون، ۲۰۱۸ء میں جکارتا اور ۲۰۲۲ء میں ہانگژو میں ان کا انعقاد ہوا۔ ان پانچوں ایشیائی کھیلوں میں سے ہندوستان نے خواتین کی کبڈی میں ۴؍ مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ ہندوستان کو صرف ایک بار۲۰۱۸ء میں فائنل میں ایران کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK