Updated: June 06, 2026, 12:46 PM IST
| Kakamigahara
اسٹار فارورڈ آشیش تانی پورتی کے ۴؍ گول کی بدولت ہندوستان کی انڈر۔ ۱۸؍مردوں کی ہاکی ٹیم نے جمعہ کو ایک سنسنی خیز سیمی فائنل مقابلے میں روایتی حریف پاکستان کو ۳۔ ۵؍سے شکست دے کر انڈر۔ ۱۸؍ ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ میزبان جاپان سے ہوگا۔
ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این
اسٹار فارورڈ آشیش تانی پورتی کے ۴؍ گول کی بدولت ہندوستان کی انڈر۔ ۱۸؍مردوں کی ہاکی ٹیم نے جمعہ کو ایک سنسنی خیز سیمی فائنل مقابلے میں روایتی حریف پاکستان کو ۳۔ ۵؍سے شکست دے کر انڈر۔ ۱۸؍ ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ میزبان جاپان سے ہوگا۔
آخری کوارٹر تک ۲۔ ۳؍سے پیچھے رہنے کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے آخری منٹوں میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ میچ کا آغاز کافی سنسنی خیز رہا جہاں دونوں ٹیمیں مڈ فیلڈ میں گیند پر قبضہ برقرار رکھنے کیلئے جدوجہد کرتی نظر آئیں۔ میچ کے ۱۲؍ ویں منٹ میں پاکستان کے دفاع کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئےہندوستان کو پنالٹی اسٹروک ملا، جسے آشیش تانی پورتی نے آسانی سے گول میں تبدیل کر کے ہندوستان کو ایک صفرکی ابتدائی برتری دلا دی جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے زبردست واپسی کی اور ۱۶؍ ویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن ہندوستانی گول کیپر آیوش رجک اور ڈیفینڈر انش بہوترا نے احمد عزیر کی ڈریگ فلک کو شاندار طریقے سے روک دیا۔ تاہم پاکستان نے دباؤ برقرار رکھا اور ۲۷؍ویں منٹ میں عدیل نے ہندوستانی پاس کو انٹرسیپٹ کرتے ہوئے فیلڈ گول کر کے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے: انڈونیشیا اوپن میں ساتوک چِراغ کا سفر ختم
تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ۳۵؍ ویں منٹ میں شاہ رخ علی نے تیز پاسنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا کرہندوستان کو ایک بار پھر دو ایک سے آگے کر دیا لیکن یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور پاکستان نے محض ۲؍ منٹ بعد محمد فرحان اسلم کے فیلڈ گول کے ذریعے اسکور ۲۔ ۲؍برابر کر دیا۔ اس کے بعد ۴۲؍ ویں منٹ میں عزیر احمد قریشی نے پنالٹی کارنر پر بہترین ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے پاکستان کو میچ میں پہلی بار۲۔ ۳؍ کی برتری دلا دی۔ ٹورنامنٹ میں بنے رہنے کیلئے ہندوستان نے آخری کوارٹر میں جارحانہ حملہ کیا۔ دباؤ کے نتیجے میں ۴۶؍ ویں منٹ میں پاکستان کے مزمل سعید کو گرین کارڈ دکھایا گیا اور ہندوستان کو لگاتار پنالٹی کارنرز ملے۔ ۴۹؍ ویں منٹ میں آشیش تانی پورتی نے پنالٹی کارنر پر شاندار گول کر کے اسکور ۳۔ ۳؍ سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی میچ پر پوری طرح حاوی ہو گئے۔ ۵۳؍ویں منٹ میں آشیش نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے نہ صرف اپنی شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ہندوستان کو ۳۔ ۴؍کی برتری بھی دلا دی۔ میچ ختم ہونے سے ۴؍ منٹ قبل ہندوستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور آشیش نے گیند کو ایک بار پھر نیٹ میں پہنچا کر میچ میں اپنا چوتھا گول اسکور کیا اور اسکور۳۔ ۵؍ کر دیا۔ آخری منٹوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے بہترین تال میل برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور فائنل کا ٹکٹ پکا کر لیا۔