مردوں کے بیڈمنٹن میں ہندوستان کی اسٹار جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چِراغ شیٹی کا انڈونیشیا اوپن میں سفر پہلے ہی راؤنڈ میں اختتام کو پہنچا۔
EPAPER
Updated: June 03, 2026, 9:58 PM IST | Jakarta
مردوں کے بیڈمنٹن میں ہندوستان کی اسٹار جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چِراغ شیٹی کا انڈونیشیا اوپن میں سفر پہلے ہی راؤنڈ میں اختتام کو پہنچا۔
مردوں کے بیڈمنٹن میں ہندوستان کی اسٹار جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چِراغ شیٹی کا انڈونیشیا اوپن میں سفر پہلے ہی راؤنڈ میں اختتام کو پہنچا۔ ساتوک کو کندھے کی چوٹ کے باعث پہلے راؤنڈ سے دستبردار ہونا پڑا، اور وہ ٹورنامنٹ میں مزید شرکت بھی نہیں کر سکیں گے۔ اسی وجہ سے چِراغ اور ان کی جوڑی کو انڈونیشیا اوپن سے اپنا نام واپس لینا پڑا۔
ساتوک چِراغ کی جوڑی ملائیشیا کے کانگ کھائی جِنگ اور ایرون تائی کے خلاف پہلے گیم میں ۶۔۱۱؍ سے پیچھے تھی، جب ساتوک نے اپنے دائیں کندھے کی طرف اشارہ کیا۔ وہ واضح طور پر تکلیف میں تھے۔ ان کی حالت سنگین ہونے کے باعث مخالف جوڑی کو واک اوور دے دیا گیا۔
بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا نے ایک بیان میں کہا’’ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چِراغ شیٹی نے چوٹ کی وجہ سے انڈونیشیا اوپن ۲۰۲۶ء سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ اب یہ جوڑی آئندہ اہم ٹورنامنٹس کی تیاری کے لیے صحت یابی اور بحالی (ری ہیبلیٹیشن) پر توجہ دے گی۔ ہم ساتوک کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو جلد دوبارہ کورٹ میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’یوفوریا‘‘ سیزن ۳؍ کے ساتھ ختم، ایچ بی او کی تصدیق
ساتوک کے کندھے کی بار بار ہونے والی تکلیف کے باعث اس جوڑی نے رواں سال کے آغاز میں بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ سے بھی اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ہندوستانی جوڑی نے ایک گیم سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے انڈونیشیا کی جوڑی فجر الفیان اور محمد شوہیبُل فکری کو۲۱۔۱۸، ۱۷۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست دی تھی اور سنگاپور اوپن جیتنے والی ہندوستان کی پہلی مردوں کی جوڑی بن گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کے لیے تاریخی لمحہ: کیرالا کے فٹبالر تحسین محمد جمشید قطر کی ورلڈ کپ ٹیم میں
روہن کپور اور رُتھویکا گڈّے نے بی ڈبلیو ایف سپر ۱۰۰۰؍ ایونٹ میں زبردست آغاز کیا۔ انہوں نے دنیا کی ۲۰؍ویں نمبر کی تائی پے کی جوڑی یانگ پو-ہسوان اور ہو لِنگ فانگ کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔منگل کے روز دنیا کے ۱۰؍ویں نمبر کے کھلاڑی لکشیا سین انڈونیشیا کے الوی فرحان کے ہاتھوں اپنا پہلا راؤنڈ میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ مردوں کے ڈبلز میں ہری ہرن امساکارونن اور ایم آر ارجن کی بھارتی جوڑی نے ابتدائی راؤنڈ میں ملائیشیا کے ٹین وی کیونگ، جو ریو ۲۰۱۶ء کے مردوں کے ڈبلز کے سلور میڈلسٹ ہیں، اور نور محمد ازرین ایوب کو شکست دی۔