قانون ساز کونسل کا ڈپٹی چیئرمین بنائے جانے پر جامعہ قادریہ اشرفیہ میں استقبال۔ معین میاں نے ان کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی
جامعہ قادریہ اشرفیہ میں سچن بھاؤ اہیر کا استقبال کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
سابق ریاستی وزیر سچن بھاؤ اہیر کو حال ہی میں قانون ساز کونسل کا ڈپٹی چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔اس عہدے کے تفویض کئے جانے پرجامعہ قادریہ اشرفیہ (دوٹانکی ) میں جمعہ کی شب میں ایک شاندار استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب میں اپنے صدارتی خطاب میں مولانا سید معین الدین اشرف اشرفی جیلانی (سجادہ نشین خانقاہ عالیہ کچھوچھہ مقدسہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء) نے سچن بھاؤ اہیر کی خدمات کو سراہتےہوئے کہا کہ ’’بھاؤ، سماجی اور ملی کاموں میں بلا تفریق پیش پیش رہتے ہیں۔ خاص طور پر ورلی والوںاور عموماًاہل ممبئی آپ کی خدمات کے معترف ہیں اور آپ کو ہر دل عزیز لیڈر مانتے ہیں۔ موجودہ دور میں جب معاشرے میں باہمی دوریاں اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں، ایسے میں سچن بھاؤ اہیر کی شخصیت گنگا جمنی تہذیب کی ایک نمایاں مثال ہے۔‘‘
انہوں نےبتایاکہ’’ اسی طرح سچن بھاؤ اہیر کا اُن کے خاندان سے محض سیاسی یا سماجی سطح کا ہی تعلق نہیں بلکہ مخلصانہ رشتہ ہے۔ ہمارے والد مثنیٰ میاں کے زمانے سے ہی بھاؤ ہمارے خاندان سے وابستہ رہے ، وقت گزرنے کے باوجود ان کی محبت، عقیدت، خلوص اور اپنائیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ آج بھی وہ اسی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘معین میاں نےان کا استقبال کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ قوم و ملت کے کسی بھی کام کے سلسلے میں جب بھی ہم نے آواز دی، انہوں نے حتی المقدور تعاون کیا اور مسئلے کے حل کے لئے محض زبانی ہمدردی اور وعدےکے بجائے سچن بھاؤ نے مختلف مواقع پر عملی اقدام کرتے ہوئے سماجی اور ملی کاموں کے تئیں اپنی وابستگی اور خلوص کا ثبوت دیا ۔‘‘
معین میاں نے خاص طور پر ورلی میں مساجد اور قبرستان کے تحفظ کے حوالے سے سچن بھاؤ اہیر کی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ’’ ان کے اسمبلی حلقے میں واقع سنی حسینی اشرفی مسجد، مدینہ مسجد اور ایک قبرستان کے تحفظ کے لئے انہوں نے اپنی جانب سے بھرپور کوششیں کیں۔ آج یہ عبادت گاہیںمحفوظ ہیں اور اس میں دینی و سماجی خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ ہماری دعاہے کہ رب العالمین انہیں نئے منصب کی ذمہ داریاں دیانت، انصاف اور اخلاص کے ساتھ نبھانے کی توفیق عطا فرمائے اور ان سے قوم و ملت اور عوامی فلاح وبہبود کا مزیدکام لے ۔‘‘
اس تقریب کے دوران مقامی ایم ایل اے امین پٹیل نے بھی مبارکباد دی اورامید ظاہرکی کہ’’سچن بھاؤ اپنے نئے منصب پر بھی عوام کی خدمت اور سماج میں بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنی ذمہ داریاںاسی نیک جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔‘‘ امین پٹیل نے بھی معین میاںکے خانوادے سے سچن اہیر کے دیرینہ مراسم کاتذکرہ کیا ۔
استقبالیہ پروگرام میں متعدد علماء، ائمہ مساجد، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ بطور خاص شہزادۂ شہیدِ راہِ مدینہ سید علی اشرف (بھائی صاحب) لالی بھائی( کارپوریٹر ورلی)، سنی مسلم چھوٹا قبرستان کے اسلم لاکھا، نسیم صدیقی، ابراہیم بھائی جان اور چشتی ہندوستانی مسجد کے خطیب وامام مولانا عبدالجبار ماہرالقادری وغیرہ موجود تھے۔
واضح رہےکہ سچن اہیر پہلی مرتبہ (۱۹۹۹ء میں ) مہاراشٹر اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے۔بعد ازاں ۲۰۰۴ء اور۲۰۰۹ء میں بھی انہوں نے الیکشن جیتا اور ورلی حلقے کی نمائندگی کی ۔ ۲۰۲۲ء میں پہلی بار وہ قانون ساز کونسل کے لئےمنتخب ہوئے اوراب ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پرفائز ہوئے ہیں ۔
جامعہ قادریہ اشرفیہ میں سچن بھاؤ اہیر کا استقبال کیا جارہا ہے