ایڈیلیڈ میں۱۰؍وکٹ کی شکست کے بعد ہندوستان ڈبلیو ٹی سی کےٹیبل پر تیسرے نمبرپر پہنچا۔ آسٹریلیا نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
EPAPER
Updated: December 09, 2024, 1:49 PM IST | Agency | Adelaide
ایڈیلیڈ میں۱۰؍وکٹ کی شکست کے بعد ہندوستان ڈبلیو ٹی سی کےٹیبل پر تیسرے نمبرپر پہنچا۔ آسٹریلیا نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
اتوار کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف گلابی گیند کے ٹیسٹ میں ہندوستان کی۱۰؍ وکٹ کی شکست نے اسے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) ٹیبل پر تیسرے نمبر پر پہنچا دیا۔ اگلے سال جون میں لارڈس میں ہونے والے فائنل کے لیے ابھی تک فائنلسٹ سامنے نہیں آئے ہیں اور ایسی صورت حال میں ہندوستان کا تیسرا آنا ایک بڑا جھٹکا ہے کیونکہ فائنل پہلے نمبر پر آنے والی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ہندوستان اپنی پہلی اننگز میں صرف۱۸۰؍ رن بنا سکا اور پھر ۱۵۷؍ رن سے پیچھے رہ گیا جب آسٹریلیا نے جواب میں ٹریوس ہیڈ کی ۱۴۱؍ گیندوں پر۱۴۰؍ رن کی جارحانہ اننگز کی بدولت۳۳۷؍ رن بنائے۔ مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں۱۷۵؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی، آسٹریلیا کو جیتنے کے لئے صرف۱۹؍ رن کا سامنا کرنا پڑا، جسے عثمان خواجہ اور نیتھن میک سوینی نے بآسانی حاصل کر کے ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گاوسکر ٹرافی کو۱۔۱؍ سے برابر کر دیا۔۲۵۔۲۰۲۳ء سائیکل کے لیے، جنوبی افریقہ (۵۹ء۲۶؍فیصد) نے اس دوڑ میں ہندوستان (۵۷ء۲۹) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ آسٹریلیا(۶۰ء۷۱؍فیصد) پہلی پوزیشن پر ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے آغاز سے پہلے ٹیبل پر سرفہرست ہندوستان دو مقام کھسک کر تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں ہندوستان کو ۱۰؍ وکٹ سےمات دی
پیٹ کمنس کی شاندار گیندبازی اور ٹریوس ہیڈ کی ۱۴۰؍ رن کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہندوستان کو دوسری اننگز میں ۱۷۵؍ رن پر سمیٹنے کے بعد۳ء۲؍ اوورس میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۱۹؍رن کا ہدف حاصل کر کے۱۰؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز کو۱۔۱؍ سے برابر کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ کو ان کی شاندار سنچری کے لیے ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔
اتوار کو ہندوستان نے سنیچر کے اسکور۱۲۸؍رن پر ۵؍ وکٹ سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ صبح کے سیشن میں، مشیل اسٹارک نے۱۲۸؍رن کے اسکور پر رشبھ پنت (۲۸؍رن) کو آؤٹ کر کےہندوستان کو چھٹا دھچکا دیا۔ پیٹ کمنس نے روی اشون (۷؍ رن) کو وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ ہرشیت رانا (صفر) اور محمد سراج (۷؍رن) بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔نتیش کمار ریڈی نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سب سے زیادہ۴۲؍ رن بنائے۔ انہیں پیٹ کمنس نے آؤٹ کیا۔ ٹیم انڈیا کےبلے باز آسٹریلیا کی عمدہ بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور ہندوستان کی دوسری اننگز۳۶ء۵؍ اوورس میں ۱۷۵؍ رن پر ختم ہو گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنس نے۵؍ وکٹ حاصل کئے، اسکاٹ بولینڈ نے۳؍ اور مشیل اسٹارک نے۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بعد میں آسٹریلیا نے۱۹؍ رن کے ہدف کو۳ء۲؍ اوورس میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ نیتھن میک سوینی (۱۰) اور عثمان خواجہ ناٹ آؤٹ ۹؍رن رہے۔