Inquilab Logo

ہندوستان نے میچ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز بھی گنوا دی

Updated: January 15, 2022, 12:38 PM IST | Agency | Mumbai

جنوبی افریقہ نے فیصلہ کن ٹیسٹ ۷؍وکٹ سے جیت لیا۔ سیریز پر ۱۔۲؍ سے قبضہ ۔ کیگن پیٹرسن نے نصف سنچری بنائی اور مین آف دی میچ رہے

South Africa`s young and inexperienced team defeated the Indian team.Picture:INN
جنوبی افریقہ کی نوجوان اور ناتجربہ کار ٹیم نے ہندوستانی ٹیم کو شکست دےدی۔ تصویر: آئی این این

میزبان ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز کیگن پیٹرسن (۸۲؍رن) اور ریسی وان ڈیر ڈوسن (ناٹ آؤٹ ۴۱؍رن) کی شاندار نصف سنچری شراکت  سے جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے خلاف تیسرے اور آخری فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن  لنچ کے بعد ۷؍ وکٹ سے کامیابی  حاصل کرکے سیریز۱۔۲؍ سے اپنے نام کرلی۔ میزبان ٹیم نے۲۱۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب کو  ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ٹیم انڈیا کو ایک بار پھر مایوسی ہاتھ لگی ۔ ہندوستانی گیند بازوں نے ٹیم کو مایوس کیا اور وہ مطلوبہ وکٹ لینے میں ناکام رہے ۔ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد جس انداز میں شاندار  مقابلہ کیا  وہ قابل تعریف ہے اور اس نے  شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوہانسبرگ میں چوتھی اننگز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے برابری کی اور یہاں کیپ ٹاؤن میں اپنی فتح پر مہر ثبت کی۔ جنوبی افریقہ نے سپر اسٹار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں بھی  بطور ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک بار پھر ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کو سیریز جیتنے سے محروم کردیا۔  اس میچ میں۲۱۲؍ رن کا ہدف اس پچ پر مشکل ہونے والا تھا۔ ہندوستان نے ابتدائی جھٹکا دے کر اچھی شروعات کی تھی لیکن دوسرا وکٹ کے لئے ایلگر اور کیگن پیٹرسن کی شاندار شراکت نے ٹیم انڈیا پر دباؤ ڈال دیا ۔ ریویو نے بھی ہندوستان کا ساتھ نہیں دیا اور پیٹرسن اور ون ڈیر ڈوسین نے اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔ پیٹرسن بھلے ہی اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے لیکن انہوں نے سیریز جیتنے کی مضبوط بنیاد رکھی اور باؤما نے اپنے شاندار شاٹ سے ٹیم کی جیت کو یقینی بنادیا۔  ہندوستانی گیند بازوں نے بہت کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ آسانی سے رن دینا اور ناقص فیلڈنگ نے بھی شائقین کو مایوس کیا۔ آخر کار کپتان کوہلی کی اس ٹیسٹ ٹیم کو خالی ہاتھ وطن لوٹنا پڑے گا۔ تاہم ٹیم نے ایک میچ جیت کر  عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں اہم  پوائنٹس حاصل کیا ۔ جنوبی افریقہ نے ۲۳؍رن پر اپنا پہلا وکٹ گنوایا تھا۔ اوپنر ایڈن مارکرم ۱۶؍رن بنائے تھے۔ ۱۰۱؍رن کے مجموعی اسکورپر کپتان ڈین ایلگر ۳۰؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ کیگن پیٹرسن نے کریز پر جم کر بلے بازی کی اور وہ تیسرے وکٹ کی شکل میں ۱۵۵؍رن کے مجموعی اسکورپر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل ۸۲؍ رن کی قابل تعریف اننگز کھیلی۔اس کے بعد  ڈوسین  اور تیمبا باؤما نے ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچادیا۔  ڈوسین  نے ناٹ آؤٹ ۴۱؍رن اور باؤما نے ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سمیع ، شاردل  ٹھاکر اور جسپریت بمراہ نے ایک ایک وکٹ لیا۔ دونوں اننگز میں نصف سنچری بنانے والے کیگن پیٹرسن کو مین آف دی میچ اور سیریز میں ۲۷۶؍رن بناکر انہیں مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK