Updated: September 02, 2026, 10:03 PM IST
| Dubai
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پہلی ویمنز چیمپئن ٹرافی ۲۰۲۷ء کی میزبانی ہندوستان کو سونپ دی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اگلے سال ۱۴؍ سے ۲۸؍ فروری تک کھیلا جائے گی۔ ابتدائی طور پر اس کی میزبانی سری لنکا کو کرنی تھی، لیکن وہاں کے کرکٹ بورڈ کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے بعد جاری انتظامی اصلاحات کے باعث سری لنکا سے میزبانی واپس لے لی گئی۔
خواتین کی ٹیم۔ تصویر:آئی این این
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پہلی ویمنز چیمپئن ٹرافی ۲۰۲۷ء کی میزبانی ہندوستان کو سونپ دی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اگلے سال ۱۴؍ سے ۲۸؍ فروری تک کھیلا جائے گی۔ ابتدائی طور پر اس کی میزبانی سری لنکا کو کرنی تھی، لیکن وہاں کے کرکٹ بورڈ کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے بعد جاری انتظامی اصلاحات کے باعث سری لنکا سے میزبانی واپس لے لی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق چھ ٹیموں پر مشتمل یہ تاریخی ٹورنامنٹ ہندوستان کے دو میدانوں میں کھیلا جائے گا۔ ان میں ممبئی کا کرکٹ کلب آف انڈیا (سی سی آئی ) اور انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، بڑودہ شامل ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نوی ممبئی کا ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم ، جہاں ہندوستان نے ۲۰۲۵ءویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا، اس مقابلے کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ ویمنز چیمپئن ٹرافی پہلے سری لنکا میں منعقد ہونی تھی، تاہم اب یہ ٹورنامنٹ ہندوستان میں کھیلا جائے گا کیونکہ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی ) آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں جولائی میں طے کیے گئے ضروری اصلاحاتی اقدامات پر عمل کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:وزیر اعلیٰ وجے نے ڈائر کا چشمہ بزرگ خاتون کو تحفے میں دیا
اس وقت سری لنکا کرکٹ کا انتظام ایک عبوری ٹرانسفارمیشن کمیٹی (Transformation Committee) کی نگرانی میں چل رہا ہے۔ یہ کمیٹی سری لنکا کی حکومت نے کرکٹ بورڈ میں آئینی اور انتظامی تبدیلیاں کرنے کے لیے تشکیل دی ہے۔ آئی سی سی اپنے قوانین کے تحت کرکٹ کے معاملات میں سیاسی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ عالمی کرکٹ ادارہ ایسی تنظیموں یا اداروں کو تسلیم نہیں کرتا جو براہ راست حکومت کی جانب سے مقرر کیے گئے ہوں۔ اسی وجہ سے ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے قیام کے بعد سے سری لنکا کرکٹ کے نمائندوں کو آئی سی سی بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے بتایا کہ ہندوستان کو میزبان منتخب کرنے سے قبل ایک باقاعدہ تشخیصی عمل مکمل کیا گیا۔ اس دوران بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کی جانب سے پیش کی گئی میزبانی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ بالآخر آئی سی سی بورڈ نے بدھ کے روز ہندوستان کی میزبانی کی منظوری دے دی۔ ہندوستان کو ویمنز کرکٹ کے بڑے عالمی ٹورنامنٹس کے انعقاد کا وسیع تجربہ بھی حاصل ہے۔ ۲۰۲۵ء میں ہندوستان نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی، جبکہ ملک میں خواتین کی کرکٹ اور ڈومیسٹک انفراسٹرکچر میں بھی تیزی سے توسیع ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایک سال قبل امریکی ٹینس اسٹار کوکو گاف فلشنگ میڈوز میں شدید مشکلات سے دوچار تھیں
ویمنز چیمپئن ٹرافی ۲۰۲۷ء خواتین کی کرکٹ میں ایک نئے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے طور پر اہم مقام رکھتی ہے۔ اس کے پہلے ایڈیشن میں دنیا کی چھ بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کریں گی۔ آئی سی سی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ خواتین کی کرکٹ کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور ٹیموں کو عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ آئی سی سی چیئرمین نے کہا کہ اب ہر سال آئی سی سی کا کوئی نہ کوئی بڑا ویمنز ٹورنامنٹ منعقد ہونے سے خواتین کی کرکٹ کو مسلسل رفتار دینے، مقابلوں میں تسلسل پیدا کرنے اور دنیا بھر میں اس کھیل کے شائقین کی دلچسپی بڑھانے کا ایک بڑا موقع ملے گا۔
ویمنز چیمپئن ٹرافی ۲۰۲۷ء میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لیں گی: آسٹریلیا، انگلینڈ،ہندوستان ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا۔ تمام ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں ۲۸؍ فروری ۲۰۲۷ء کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائیں گی۔