Inquilab Logo

ہندوستان کو رانچی ٹیسٹ میں فتح کیلئے۱۵۲؍رن درکار

Updated: February 26, 2024, 1:13 PM IST | Agency | Ranchi

انگلینڈ کی دوسری اننگز ۱۴۵؍ رن پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کو ۱۹۲؍رن کا ہدف ملا۔ آراشون نے خطرناک گیندبازی کی اور ۵؍وکٹ لئے۔

Rohit Sharma. Photo: INN
روہت شرما۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان رانچی کے جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل اتوار کو ختم ہو گیا۔ ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میچ پر گرفت مضبوط کرلی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے دیئے جانے والے ۱۹۲؍ رن کے ہدف کے جواب میں ہندوستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے۴۰؍ رن بنا لئے ہیں۔ اس وقت روہت شرما ۲۴؍رن اور یشسوی جیسوال۱۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ٹیم انڈیا کو جیت کیلئے ابھی۱۵۲؍ رن درکار ہیں۔ 
 اس سے قبل اسپنر روی چندرن اشون کی زبردست بولنگ کی وجہ سے ہندوستان نے انگلینڈ کو دوسری اننگز میں صرف۱۴۵؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ ایسے میں پہلی اننگز میں ۴۶؍ رن کی برتری کی بنیاد پرہندوستان کو۱۹۲؍ رن کا ہدف ملا۔ اشون نے صرف۵۱؍ رن پر ۵؍ وکٹ لئے۔ ٹیسٹ میں یہ ان کی ۳۵؍ویں ۵؍ وکٹ تھیں۔ 
۷؍وکٹوں پر۲۱۹؍ رن کی برتری کے ساتھ دن کا آغاز کیا۔ ٹیم نے اتوار کو ۸۸؍ رن کا اضافہ کیا اور ۳؍ وکٹ باقی تھیں۔ ہندوستان کو پہلا جھٹکا کلدیپ یادو کی صورت میں لگا۔ کلدیپ۲۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے دھرو جوریل کے ساتھ۷۶؍رن کی شراکت کی۔ اس کے بعد آکاش دیپ بیٹنگ کیلئے آئے اور جوریل کے ساتھ۴۰؍ رن کی شراکت کی۔ آکاش ۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شعیب بشیر نے دونوں کو پویلین بھیج کر اپنے بین الاقوامی کریئر میں پہلی بار ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ جوریل آخری وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ 
 دھروجوریل نے۹۰؍ رن بنائے اور وہ سنچری بنانے سے محروم رہے۔ اس کے بعد انگلینڈ بیٹنگ کیلئے آیا اور شروع ہی سے ناکام ہو گیا۔ انگلینڈ کو ۱۹؍رن کے اسکور پر ۲؍ جھٹکے لگے۔ اشون نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کے ۵؍ویں اوور کی آخری ۲؍ گیندوں پر ۲؍ وکٹ لئے تاہم وہ ہیٹ ٹرک سے محروم رہے۔ جیک کراؤلی نے اپنی گیند کا دفاع کیا۔ اوور کی ۵؍ویں گیند پر اشون نے بین ڈکٹ کو سرفراز خان کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اسی دوران اولی پوپ اگلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 
انگلینڈ کو تیسرا جھٹکا ۶۵؍رن کے اسکور پر لگا۔ اشون نے جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ وہ ۱۱؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کو چوتھا جھٹکا۱۱۰؍رن کے اسکور پر لگا۔ کلدیپ یادو نے جیک کراؤلی کو کلین بولڈ کیا۔ وہ۶۰؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ۱۲۰؍رن کے اسکور پر انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ کلدیپ نے جیک کراؤلی کے بعد کپتان بین اسٹوکس کو بولڈ کیا۔ وہ ۴؍ رن بنا سکے۔ چائے کے وقت تک انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۲۰؍ رن بنا لئے تھے۔ انگلینڈ کو چائے کے فوراً بعد چھٹا جھٹکا لگا۔ جڈیجا نے جونی بیریسٹو کو رجت پاٹیدار کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ وہ۳۰؍ رن بنا سکے۔ ساتواں وکٹ ۱۳۳؍رن کے سکور پر گرا۔ کلدیپ یادو نے ٹام ہارٹلی کو سرفراز خان کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ وہ ۷؍رن بنانے میں کامیاب رہے۔ 

کپتان روہت شرما نے ۴۰۰۰؍ ٹیسٹ رن مکمل کئے 
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ تجربہ کار بلے باز روہت نے میچ کی دوسری اننگز میں۲۰؍ رن بنانے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۰۰۰؍ رن مکمل کر لئے ہیں۔ وہ ہندوستان  کے لئے  ٹیسٹ میں ۴؍ ہزار رن مکمل کرنے والے۱۷؍ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ اس اننگز کے دوران روہت نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں ۱۰۰۰؍ رن بھی مکمل کر لئے ۔ روہت شرما ٹیسٹ میں تیز ترین۴۰۰۰؍ رن مکمل کرنے والے۱۰؍ویں ہندوستانی بلے باز ہیں۔ وریندر سہواگ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین بلے باز ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ۷۹؍ اننگز میں انجام دیا تھا۔ ۲۰۱۳ء میں ٹیسٹ  کا آغاز کرنے والے روہت نے اب تک ہندوستان کے لئے ۵۸؍ میچ کھیلے ہیں۔ 

اشون نے ہندوستانی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹ لے کر تاریخ رقم کی
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جے ایس سی اے کرکٹ گراؤنڈ، رانچی میں کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوار کو روی چندرن  اشون نے ہندوستانی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔ اشون نے ہندوستان میں کھیلے جانے والے اپنے۵۹؍ ٹیسٹ میچوں میں۳۵۴؍ وکٹ لے کر یہ نیا ریکارڈ بنایا ہے۔اس سے قبل ہندوستانی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ریکارڈ انل کمبلے کے نام تھا جنہوں نے ۶۳؍ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر ۳۵۰؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ اشون نے اتوار کو ۳۵؍ویں مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ کی اننگز میں ۵؍ وکٹ لے کر ہندوستان کے  انل  کمبلے کی برابری کی۔ انل  کمبلے نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں۳۵؍ مرتبہ۵؍ وکٹ لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK