سیریز میں پیچھے رہنے کے سبب ٹیم انتظامیہ جسپریت کو آخری۱۱؍میں شامل کرنے پر غور کر رہا ہے، آخری فیصلہ میچ سے ایک دن قبل کیا جائیگا۔
EPAPER
Updated: July 18, 2025, 12:55 PM IST | Manchester
سیریز میں پیچھے رہنے کے سبب ٹیم انتظامیہ جسپریت کو آخری۱۱؍میں شامل کرنے پر غور کر رہا ہے، آخری فیصلہ میچ سے ایک دن قبل کیا جائیگا۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ ایسے میں ۲۳؍جولائی سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان پر شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم انتظامیہ جسپریت بمراہ کو کھلانے پر `داؤ لگا سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوایشے نے کہا کہ بمراہ کے کھیلنے کے حوالے سے آخری فیصلہ ٹیسٹ سے ایک دن پہلے کیا جائے گا۔ اس سیریز کے آغاز سے قبل ہی کوچ گوتم گمبھیر نے واضح کر دیا تھا کہ بمراہ کو سیریز میں ۳؍ میچ کھلائے جائیں گے تاکہ ان کا ورک لوڈ متوازن رہے۔ ایسے میں بمراہ لیڈز اور لارڈس ٹیسٹ میں کھیلے تھے جبکہ برمنگھم میں انہیں آرام دیا گیا تھا۔
لارڈس میں شکست کے بعد اگر ہندوستانی ٹیم مانچسٹر میں کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی تو ایسے میں یہ مانا جا رہا ہے کہ بمراہ کے حوالے سے ٹیم کی حکمت عملی بدل سکتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے جمعرات کو بیکن ہیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ ڈوایشے نے کہا’’ہم مانچسٹر میں آخری فیصلہ لیں گے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں آخری ۲؍ ٹیسٹ میں سے کسی ایک کے لئے بمراہ دستیاب ہیں۔ چونکہ سیریز اب فیصلہ کن موڑ پر ہے، ایسے میں ان کی واپسی کا امکان مضبوط ہے۔ لیکن ہمیں کئی پہلوؤں کو ذہن میں رکھنا ہوگا، جیسے وہاں کتنے دن کا کھیل ہو سکتا ہے، ہماری جیت کا امکان کس امتزاج سے بڑھے گا اس کے علاوہ اوول ٹیسٹ کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا۔
ارش دیپ کو چوٹ لگی
پریکٹس سیشن کے دوران ٹیم انڈیا کو فکر بھی لاحق ہوئی۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارش دیپ سنگھ کو پریکٹس کے دوران گیند روکنے کی کوشش میں ہاتھ پر چوٹ لگ گئی۔ ان کی انگلیوں پر کٹ آیا ہے اور میڈیکل ٹیم انہیں فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس لے گئی۔ ڈوایشے نے کہا کہ سائی کشور کی گیند کو روکتے وقت ارش دیپ کے ہاتھ پر کٹ آیا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ انہیں ٹانکے لگانے کی ضرورت پڑتی ہے یا نہیں کیونکہ اس سے اگلے کچھ دنوں کی منصوبہ بندی پر اثر پڑے گا۔
سراج کو بھی ورک لوڈ مینجمنٹ کی ضرورت
سیریز میں اب تک ۱۳؍وکٹیں لینے والے محمد سراج کے ورک لوڈ کے تعلق سے بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ سراج اب تک ۱۰۹؍اوور پھینک چکے ہیں اور مسلسل شدت سے گیند بازی کر رہے ہیں۔ ڈوایشے نے کہا کہ ’’سراج جیسا تیز گیند باز ہونا ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات ہے۔ وہ ہمیشہ دل سے کھیلتے ہیں اور کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم ان کا ورک لوڈ صحیح طریقے سے سنبھالیں تاکہ وہ پوری طرح سے فٹ رہ سکیں۔ ہم محمدسراج اور جسپریت بمراہ دونوں کے امتزاج کو لے کر سوچ رہے ہیں لیکن ارش دیپ کی چوٹ نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ آخری فیصلہ مانچسٹر میں کیا جائے گا۔
مانچسٹر میں جیتنے کا چیلنج
اس میدان پر ہندوستانی ٹیم اب تک ایک بھی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکی ہے۔ ٹیم انڈیا نے یہاں ۹؍ٹیسٹ کھیلے ہیں، جن میں سے ۴؍ ٹیسٹ میچوں میں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔