• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے چھٹی مرتبہ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ جیت لیا

Updated: February 07, 2026, 12:00 PM IST

ویبھو سوریہ ونشی کے طوفان میں انگلینڈ بہہ گیا، صرف ۸۰؍ گیندوں میں ۱۷۵؍ رن بنادئیے، ٹیم انڈیا نے ۴۱۱؍ رن بنائے تھے، انگلینڈ۱۰۰؍ رن سے ہار گیا۔

U-19 Team India players celebrate with the trophy after winning the World Cup. Photo: INN
انڈر ۱۹؍ ٹیم انڈیا کے کھلاڑی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی انڈر ۱۹؍ کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی مرتبہ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے فائنل میں انگلینڈ انڈر ۱۹؍ کرکٹ ٹیم کو ۱۰۰؍رنز سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ ہرارے اسپورٹس کلب پر کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۹؍وکٹوں کے نقصان پر ۴۱۱؍ رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا۔ ہندوستان کے سلامی بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ۸۰؍گیندوں پر ۱۵؍ چوکوں اور ۱۵؍ فلک بوس چھکوں کی مدد سے ۱۷۵؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان آیوش مہاترے نے ۵۳؍رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ ویبھو سوریہ ونشی کی بلے بازی اتنی جارحانہ تھی کہ ایک وقت کو ایسا محسوس ہورہا تھاکہ ہندوستان کا اسکور ۵؍ رن سے بھی زائد ہو جائے گا۔ یہ یوتھ ون ڈے فائنل یا ناک آؤٹ میچ میں کسی کھلاڑی کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اس سے قبل سمیر منہاس نے ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف۱۷۲؍رنز بنائے تھے۔ لیکن ویبھو جس انداز میں تابڑ توڑ چوکے اور چھکے لگارہے تھے یہ محسوس ہونے لگا تھاکہ ان کی ڈبل سنچری جلد ہی پوری ہوگی لیکن وہ ۱۷۵؍ پر آئوٹ ہوگئے۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلش کھلاڑیوں نے چین کا سانس لیا لیکن تب تک وہ انگلینڈ کا اچھا خاصا نقصان کرچکے تھے۔ یہ ایسا نقصان تھا کہ انگلینڈ اس شدید نفسیاتی جھٹکوں سے پورے میچ میں ابھر نہیں سکا اور شکست کھا گیا۔ 
انگلینڈ کی جانب سے سیبیسٹین مورگن اور الیکس گرین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ۴۱۲؍ کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم ۴۰ء۲؍ اوورز میں ۳۱۱؍ رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کے آر ایس امبریش نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کے کیلب فالکنر نے ۱۱۵؍رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا، تاہم دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کے کیلیب فالکنر نے ۶۷؍گیندوں پر۱۱۵؍رنز بنائے۔ انگلش ٹیم کے کپتان نے بھی تسلیم کیا کہ میچ میں ان کے پاس ویبھو سوریہ ونشی کی بلے بازی کو انجوائے کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کیوں کہ انہوں نے جس طرح سے بلے بازی کی وہ پوری طرح سے ہم پر حاوی ہو گئے تھے۔ ٹیم انڈیا کے کپتان آیوش مہاترے نے ویبھو سوریہ ونشی کی اننگز کو ہندوستان کی جانب سے کھیلی جانے والی ۱۰؍ سرفہرست تاریخی اننگز میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بلے بازی دیکھنے کا موقع کم کم ہی ملتا ہے۔ اسی لئے وہ دوسرے اینڈ پر کھڑے ہوکر میچ کالطف لے رہے تھے۔ ویبھو نے ناقابل یقین بلے بازی کی ہے۔ وہ پورے ٹورنامنٹ میں ایسےہی کھیلے ہیں اور امید کرتا ہوں کہ وہ آگے بھی اسی طرح سے بے خوفی سے کھیلتے رہیں گے۔ آیوش مہاترے نے اس کے ساتھ ہی ٹیم کے کھلاڑیوں ، مینجمنٹ اور سپورٹ اسٹاف کو بھی اس شاندار فتح کا کریڈٹ دیا۔ 
ویبھو سوریہ ونشی میچ آف دی میچ اور مین آف دی سیریز 
نوجوان اوپنر ویبھو سوریہ ونشی نے انڈر ۱۹؍ورلڈ کپ میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس کارکردگی کیلئے انہیں مین آف دی میچ دیا گیا جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیلنے کیلئے انہیں مین آف دی سیریز بھی دیا گیا۔ سوریہ ونشی کے۱۷۵؍ رن یوتھ ون ڈے میں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے، جو امباتی رائیڈو کے ۲۰۰۲ءمیں انگلینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ۱۷۷؍رنز کے بعد ہے۔ سوریہ ونشی نے اپنی اننگز میں ۱۵؍ چھکے لگائے، جو یوتھ ون ڈے اننگز میں کسی بھی بلے باز کی طرف سے سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے دسمبر میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ۱۴؍ چھکوں کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK