• Wed, 21 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشین پیرا گیمز میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا گولڈن ’پنچ‘

Updated: October 21, 2026, 12:43 PM IST | Agency | Nagoya

کھیل کے دوسرے دن ہندوستان نے ایتھلیٹکس مقابلوں میں ۵؍گولڈ میڈل حاصل کئے، تمغوں کی کُل تعداد ۳۵؍ہوگئی، سمرن، نشاد اور دیپتی نے گولڈ میڈل جیتے۔

For India, Pranav Soorma (right) in the discus throw, Simran Sharma in the women’s 200m race, and Nishad Kumar (left) in the high jump delivered outstanding performances, winning gold medals for the country. Photo: INN
ہندوستان کےلئے پرنو سورما(دائیں) نےڈسکس تھرو میں جبکہ سمرن شرما نے خواتین کی ۲۰۰؍میٹرریس میں اور نشاد کمار(بائیں) نے ہائی جمپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے گولڈ میڈل جیتے۔ تصویر: آئی این این

نشاندر کمار اور دیپتی جیون جی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی قیادت میں ہندوستان نے ایشین پیرا گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں منگل کے روز یہاں ۵؍ گولڈ میڈل جیتے، جس سے ملک کے کُل تمغوں کی تعداد ۳۵؍ تک پہنچ گئی۔ ہندوستان نے دن کے پانچوں گولڈ میڈل ایتھلیٹکس میں جیتے جن میں نشاد کمار کا موجودہ گیمز میں دوسرا گولڈ میڈل بھی شامل ہے۔ نشاد نے پیر کو لانگ جمپ ٹی ۴۷؍ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ہائی جمپ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح وہ ایک ہی پیرا ایشین گیمز کے ۲؍ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے صرف تیسرے ہندوستانی بن گئے۔انہوں نے ۲ء۰۴؍ میٹر کی چھلانگ لگا کر گیمز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔دوسرے دن کے اختتام پر ہندوستان ۳۵؍ تمغوں کے ساتھ جدول میں چھٹے مقام پر تھا، جن میں ۹؍ گولڈ، ۱۱؍ سلور اور۱۵؍برونز میڈل شامل ہیں۔ اس کل تمغوں میں ایتھلیٹکس کا حصہ فی الحال ۲۰؍ ہے۔

ہندوستان نے اس کے علاوہ نشانے بازی، ٹیبل ٹینس، تیراکی اور پاور لفٹنگ میں بھی تمغے جیتے۔منیش ناروال نے سلور میڈل جیت کر ہندوستان کیلئے ۲۰۲۸ء لاس اینجلس پیرالمپک کا کوٹہ محفوظ کیا جبکہ شرسٹی اروڑہ نے برونز میڈل جیتا۔ اس طرح سے ہندوستانی نشانہ بازوں نے مردوں اور خواتین کی ۱۰؍میٹر ایئر پسٹل ایس ایچ ون مقابلوں میں ۲؍تمغے حاصل کئے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا کے کرکٹر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۴۵۰؍ وکٹ مکمل کرلئے

سمرن کی سنہری کارکردگی

ہندوستانی ایتھلیٹ سمرن شرما نے خواتین کی ۲۰۰؍ میٹر ٹی ۔۱۲؍دوڑ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ تیجل بین دامور نے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ٹاپس ایتھلیٹ سمرن نے ۲۴ء۸۰؍سیکنڈ کے وقت کے ساتھ طلائی تمغہ جیتنے کے علاوہ نیا گیمز ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے ایشین پیرا گیمز ۲۰۲۲ء میں ۲۶ء۱۲؍سیکنڈ کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور ۲۰۲۶ءمیں طلائی تمغہ جیتتے ہوئے اپنے وقت میں ۱ء۳۲؍سیکنڈ کی بہتری کی۔وہیں پہلی بار ایشین پیرا گیمز میں حصہ لینے والی این سی او ای کی تیجل بین دامور نے ۲۵ء۲۳؍ سیکنڈ کے وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔

ڈسکس تھروں کے تینوں تمغوں پر قبضہ

مردوں کے ڈسکس تھرو  مقابلے میں تینوں تمغے ہندوستانی کھلاڑیوں نے  اپنے نام کئے، جن میں دیویندر کمار نے گولڈ میڈل جیتا۔ اس مقابلے میں صرف ۴؍ کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ دیویندر نے ۴۹ء۷۱؍میٹر کے تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ راکیش اور پردیپ کمار نے بالترتیب سلور اور برونز میڈل حاصل کئے۔ایف ۴۴؍ اور ایف ۶۴؍میں وہ کھلاڑی آتے ہیں جن کے نچلے حصے کے اعضا میں نقائص ہوں۔ایف ۴۴؍ زمرے میں وہ کھلاڑی شامل ہوتے ہیں، جن کے نچلے اعضا میں کوئی خرابی ہے، جیسے کہ اعضا کی کمی، پیروں کی لمبائی میں فرق یا پٹھوں کی طاقت میں کمی۔ یہ کھلاڑی بغیر مصنوعی اعضا کے مقابلہ کرتے ہیں۔اس کے باوجود ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تمغے جیت لئے۔

یہ بھی پڑھئے: اٹل کی سنچری، افغانستان نے زمبابوے کو ۱۵۸؍ رن سے شکست دی

سورما اور رتن سنگھ نے تمغے جیتے

ہندوستان کے پرنو سورما نے ایشیائی ریکارڈ کے ساتھ مردوں کے ڈسکس تھرو (چکا پھینک)ایف ۵۱۔۵۲۔۵۳؍ کے مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا جبکہ رام رتن سنگھ کو نقرئی تمغہ ملا۔ ۳۲؍ سالہ سورما نے چین میں پچھلے ایشیائی پیرا کھیلوں میں کلب تھرو ایف ۵۱؍کے مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے چوتھی کوشش میں ۱۱ء۶۶؍میٹر تھرو پھینک کر نئے ایشیائی ریکارڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔۳۱؍ سالہ سنگھ نے دوسری کوشش میں ۱۰ء۳۵؍میٹر کا تھرو پھینک کر نقرئی تمغہ جیتا۔ ایران کے علی رضا ہمامی کو کانسے کا تمغہ ملا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK