Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی۔۲۰؍میچ میں ہندوستانی بلے باز ناکام

Updated: December 08, 2023, 11:41 AM IST | Agency | Mumbai

انگلینڈ کی خاتون کرکٹ ٹیم نے میچ ۳۸؍رنوں سے جیت لیا،شیفالی ورما کےعلاوہ ٹیم انڈیا کی دیگر بلے باوں کا ناقص مظاہرہ،مہمان ٹیم کی ڈینی واٹ اور سیور برنٹ نے ہاف سنچریاں بنائیں۔

Shefali Verma scored a half-century for India. Photo: PTI
شیفالی ورما نے ہندوستان کےلئے ہاف سنچری بنائی۔ تصویر:پی ٹی آئی

نیٹ سیوربرنٹ (۷۷) اور ڈینی واٹ (۷۵) کی نصف سنچریوں اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے ریکارڈ سنچری شراکت کی بدولت انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی۔۲۰؍ میچ میں ہندوستان کی خاتون ٹیم کو ۳۸؍ رنوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۱۹۷؍رنوں کا بڑا اسکور بنایا۔ اوپننگ بلے باز شیفالی ورما (۵۲) کے علاوہ ہدف کا تعاقب کرنے والی ہندوستانی ٹیم کا کوئی اور بلے باز انگلش بولنگ اٹیک کا سامنا نہ کرسکا اور ۶؍ وکٹوں پر ۱۵۹؍رن ہی بناسکی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں رینوکا سنگھ نے ڈنکلے اور ایلس کیپسی کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کے کیمپ میں سنسنی پیدا کر دی۔ انگلینڈ کا اسکور ۲؍وکٹوں پر ۲ ؍رن تھا لیکن اس کے بعد برنٹ اور واٹ نے تیسری وکٹ کے لئے ۱۳۸؍ رنوں کی شراکت کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے بچا لیا۔ ہندوستان کی جانب سے رینوکا سنگھ سب سے کامیاب گیند باز رہیں جنہوں نے ۳۳؍ وکٹیں حاصل کیں ۔ پوجا وستراکر اور ڈیبیو کرنے والی شریانکا پاٹل بہت مہنگی ثابت ہوئیں ۔ دونوں نے ۴۔۴؍ اوور میں ۴۴؍رن دئیے۔ شریانکا نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ پوجا کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکیں ۔اس میچ سے ٹی۔۲۰؍ڈیبیو کرنے والی صائقہ اسحاق نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کی شروعات بھی خراب رہی۔ افتتاحی بلے باز اسمرتی مندھانا (۶) تیسرے اوور میں سکیور برنٹ کی گیند کو مکمل طور پر مس کرنے کے بعد بولڈ ہو گئیں ۔ شیفالی ورمانے پانچویں اوور میں سکیور برنٹ کی گیند پر ۳؍ چوکے لگائے اور کپتان ہرمن پریت (۲۶) کے ساتھ مل کر پاور پلے میں ٹیم کے اسکور کو ۲؍ وکٹوں پر ۵۳؍رن تک پہنچا دیا۔ ہرمن پریت نے بائیں ہاتھ کی تیز گیند باز فرییا کیمپ کے نویں اوور میں ایک چھکا اور ۲؍ چوکے لگائے۔ سوفی ایکلسٹون نے ہرمن پریت کو بولڈ کرکے شیفالی کے ساتھ ان کی۴۱؍ رنوں کی شراکت توڑ دی۔
  وکٹ کیپر بلے باز ریچا گھوش (۲۱) نے آتے ہی سارہ گلین کی گیند پر چوکے اور چھکے لگا کر اپنا جارحانہ رخ دکھایا۔ شیفالی نے ۱۳؍ویں اوور میں لارین بیل کی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کے اسکور کو ۱۰۰؍رنوں سے آگے لے گئیں ۔ تاہم اس کے بعد ریچا سارہ کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں لانگ آن پر کیپسی کے ہاتھوں کیچ ہو گئیں ۔ شیفالی نے اسی اوور میں ایک رن لے کر ۳۷؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ہندوستانی ٹیم کو آخری ۵؍ اوور میں جیت کے لئے ۷۴؍رندرکار تھے۔ ۱۷؍ویں اوور میں سوفی کی گیند کو ہوا میں لہرانے کے بعد شیفالی بھی سارہ کے ہاتھوں کیچ ہو گئیں ، جس کے باعث ٹیم انڈیاکی جیت کی اصل امید بھی دم توڑ گئی۔ شیفالی ورما نے اپنی اننگز میں ۹؍ چوکے لگائے۔ انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹن نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ نتالی سیور برنٹ، فرییا کیمپ اور سارہ گلین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ڈینیئل واٹ ۷۵؍ اور نیٹ سیوربرنٹ نے ۷۷؍رن کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۹۷؍ رنوں کا مشکل اسکور بنایا۔ڈینی واٹ نے ۴۷؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ۷۵؍ رنوں کی اننگز میں ۸؍چوکے اور ۲؍چھکے مارے جبکہ نیٹ سیوربرنٹ نے۷۷؍ رنوں کی اننگز کیلئے ۵۳؍ گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران انہوں نے ۱۳؍ چوکے مارے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK