Inquilab Logo

ہندوستانی مکے باز آشیش کمار فٹنس پر خاص توجہ دے رہے ہیں

Updated: April 03, 2020, 6:24 PM IST | Yogesh Sharma | Shimla

کوالیفائر میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک کو اولمپک کوٹہ دلانے والے باکسر نے انقلاب کے ساتھ بات چیت میں اپنی ٹریننگ اور فٹنس کے تعلق سے روشنی ڈالی۔

Ashish Kumar. Photo : INN
آشیش کمار۔ تصویر: آئی این این

 حال ہی میں اولمپک کوالیفائر (۷۵؍ کلو گرام) جیت کر ہندوستان کو ٹوکیو اولمپک کا کوٹہ دلانے والے باکسرآشیش کمار لاک ڈاؤن کا اچھا استعمال کر رہے ہیں۔ہماچل پردیش کے منڈی میں رہنے والے آشیش کمار مکے بازی سے زیادہ اپنی فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ اچھا وقت بھی گزار رہے ہیں۔جےایس ڈبلیو کے تعاون سے باکسنگ میں کامیابیاں حاصل کرنے والے آشیش کمار نے انقلاب کے ساتھ بات چیت میں اولمپک کی تیاریوں کے علاوہ اپنی فٹنس کے تعلق سے روشنی ڈالی۔
اولمپک ایک سال کیلئے ٹل جانے سے آپ کو فائدہ ہوا یا نقصان؟
 میرے خیال سے اس سے ہمیں تھوڑا فائدہ ہوگا اور تیاری کو مزید بہتر کرنے کا موقع بھی مل جائے گا۔اس کے علاوہ اگر کوئی کھلاڑی کسی قسم کی چوٹ سے پریشان ہے تو اسے ٹھیک ہونے کا بھی وقت مل جائےگا۔لیکن اولمپک اسی سال ہوتے تو بھی ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار تھے۔ہم اچھے فارم میں تھے اور اس کا فائدہ ہمیں ضرور ملتا۔
اگلے سال تک کئی دیگر ٹورنامنٹ بھی ہوںگے۔اس دوران کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کا خطرہ رہے گا؟
 اس پر ہماری توجہ ہے اور زخمی ہونے سے بچنے کی پوری کوشش کریںگے۔ہم لوگ دیگر ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے لیکن ہمارے لئے سب سے اہم ہوگا اولمپک میں شرکت کرنا اور اس کےلئے خود کو فٹ رکھنا بہت اہم ہوگا۔
اولمپک کوالیفائر میں آپ کی کارکردگی اچھی تھی لیکن کیا کمی رہ گئی جو آپ گولڈ میڈل حاصل کرنے سے محروم رہے گئے؟
 میں نے اپنی جانب سے صد فیصد اچھی کارکردگی کی کوشش کی تھی لیکن کچھ تکنیکی خامی رہ گئی تھی جن پر میں کام کر رہا ہوں۔اگلی بار اُس مکے باز کو بھی شکست دے دوںگا جس نے مجھے ہرایا تھا۔
ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ایسے وقت میں گھر میں کیا مصروفیات ہے؟
 میں گھر میں رہ کر اپنی فٹنس پر خاص توجہ دے رہا ہوں۔فٹنس کے تعلق سے تمام چیزیں میں نے گھر پر رکھی ہوئی ہیں۔میں روزانہ صبح ورزش کرتا ہوں اور موقع ملنے پر مکے بازی بھی کر لیتا ہوں۔لیکن جیسی پریکٹس ٹریننگ کیمپ میں ہوتی ہے ویسی گھر پر نہیں ہوپاتی۔اسی لئے میں باکسنگ سے زیادہ اپنی فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں۔لاک ڈاؤن کے سبب مجھے گھر والوں کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کا موقع مل رہا ہے اور میں اس کا پورا فائدہ اٹھا رہا ہوں کیوںکہ زیادہ تر میں قومی تربیتی کیمپ میں رہتا ہوں یا ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کیلئے غیر ممالک کے دورے پر رہتا ہوں۔
اولمپک کوالیفائر سے ایک ماہ قبل آپ کے والد کا انتقال ہوگیا تھا؟
 ہاں اوراُس وقت مجھے لگا تھا کہ مجھے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے نہیں جانا چاہئے۔ میرے گھر والوں نے میرا ساتھ دیا اور انہوںنے مجھے ۳؍دن سے زیادہ گھر پر رکنے نہیں دیا۔ انہوں نے مجھے واپس بھیج دیا تھا اور کہا کہ جاکر تیاری کرو۔ملک کو اولمپک کوٹا دلانے میں مدد کرو۔
انڈین باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن کوچنگ شروع کی ہے۔اس سے کوئی فائدہ ہورہا ہے؟
 کوچنگ میں ہماری خامیوں کے تعلق سے بتایا جاتا ہے اور اسے تفصیل سے سمجھایا بھی جاتا ہے۔ لاک ڈاؤن کے موجود دور میں یہ کوشش کارگر ثابت ہورہی ہے۔مجھے لگتا ہے کہ اس سے ہمیں فائدہ پہنچے گا۔ان کاکوچنگ کا طریقہ الگ ہے۔ ہمیں خود محسوس ہونے لگتا ہے کہ کچھ تبدیلی آرہی ہے۔دیگر کوچ بھی ہماری کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK